حکومت پنجاب نے کورونا وائرس اور موسمی فلو کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر صوبے بھر میں صحت کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ صحت پنجاب نے تمام چیف ایگزیکٹو افسرانِ صحت اور ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو طبی مراکز میں ضروری سہولیات اور عملے کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق آئندہ دنوں میں ہسپتالوں کے او پی ڈیز اور وارڈز میں مریضوں کا رش بڑھنے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر طبی عملے، ادویات اور دیگر ضروری انتظامات کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صحت حکام نے خاص طور پر بزرگ افراد، پانچ سال سے کم عمر بچوں، حاملہ خواتین اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کو موسمی فلو سے زیادہ خطرہ لاحق ہونے سے خبردار کیا ہے۔
شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ رش والی جگہوں پر غیر ضروری جانے سے گریز کریں، ضرورت کے مطابق ماسک استعمال کریں اور ہاتھ بار بار دھوئیں۔ فلو سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن کو بھی مؤثر حفاظتی اقدام قرار دیا گیا ہے

