گوجرخان (بیورو رپورٹ) سماجی و کاروباری شخصیت راجہ طاہر اکبر نے محمد اسلم گوندل کو دوسری بار بلا مقابلہ پنجاب ٹیچر یونین عباسی شہید گروپ گوجرخان کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد اسلم گوندل کا دوسری مرتبہ بلا مقابلہ انتخاب ان پر اساتذہ کے اعتماد اور ان کی سابقہ خدمات کا عکاس ہے۔ امید ہے کہ وہ اس اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں گے اور اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ راجہ طاہر اکبر نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پنجاب ٹیچر یونین کی قیادت اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل، ان کے جائز مطالبات کی منظوری، پیشہ ورانہ تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل متعلقہ حکام تک مثر انداز میں پہنچانا، ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کی کوشش کرنا اور اساتذہ برادری کے حقوق کا دفاع کرنا یونین کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محمد اسلم گوندل کی قیادت میں یونین اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائے گی اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مثبت پیش رفت یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ راجہ طاہر اکبر نے کہا کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ اور قوم کے مستقبل کے معمار ہوتے ہیں۔ نئی نسل کی تعلیم و تربیت، کردار سازی اور ملک و قوم کی ترقی میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ایک استاد اپنی محنت، علم اور رہنمائی کے ذریعے طلبہ کو کامیاب شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس لیے اساتذہ کو عزت و احترام دینا، ان کی خدمات کا اعتراف کرنا اور ان کے جائز حقوق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو بہتر تعلیمی ماحول، مناسب سہولیات اور معاشی و پیشہ ورانہ تحفظ فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ اساتذہ کو عزت، سہولت اور اطمینان میسر ہوگا تو تعلیمی نظام مزید مضبوط اور آنے والی نسلوں کا مستقبل روشن ہوگا
