لاہور، ساہیوال (نیوز ایجنسیاں، نمائندہ خبریں) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دیہی خواتین محنت،
محبت، احساس ذمہ داری اور قربانی کی زندہ مثال ہیں۔ دیہی خواتین کی محنت سے پنجاب کی زمین لہلہاتی ہے،گھر آباد ہوتے ہیں اور معیشت مستحکم ہوتی ہے۔ دیہی عورت محض ایک محنت کش نہیں بلکہ پنجاب کی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔دیہی خاتون سمیت ہر عورت کا تحفظ میری ریڈ لائن ہے۔ دیہی خواتین کے عالمی دن پراپنے پیغام میںوزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ دیہی خواتین کے حقوق کا دن منانے کامقصد دیہاتی خواتین کی محنت اور کاوشوں کا اعتراف کرنا ہے۔ دیہی خواتین کی عظمت، قربانی اور انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ چاہتی ہوں کہ دیہی خواتین صرف فارمر نہ رہیں بلکہ خود فیصلہ ساز اور معاشی قوت بنیں۔ایک مضبوط، خودکفیل اور خوشحال پنجاب کی تعمیر دیہی خواتین کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔ حکومت پنجاب نے دیہی خواتین کے لیے نئے مواقع، آسان سہولیات، ہنر مندی کے پروگرام لانچ کیے ہیں۔دیہی خواتین کسان کارڈ،لائیوسٹاک کارڈاورہمت کارڈ سے مستفید ہو رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ دیہی خواتین کے لئے پنجاب کے تمام بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔کاروبار کے لئے بلاسود قرضے، لیپ ٹاپ اور تعلیمی سکالرشپ سے دیہی بیٹیوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کو ترقی کے دور میں شریک کرنے کے لئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کاآغاز کر رہے ہیں۔ دیہی خواتین کے خود روزگارکے لیے مویشی مہیا کیے جارہے ہیں۔ورچوئل پولیس سٹیشن ہر طبقہ کی خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رحیم یار خان میں دکاندار پر پیرا افسر کے تشدد کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فوری ایکشن لیتے ہوئے پیرا افسر کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔ کسی شہری کے ساتھ پرتشدد رویہ اپنانے کی اجازت نہیں دینگے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بصارت سے محروم خصوصی افراد کی ہمت، حوصلے، لگن اور جذبہ و ولولہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بصارت سے محروم خصوصی افراد کیلئے انکے اہلخانہ اور متعلقہ خصوصی اداروں کی لگن، خلوص اور خدمات قابلِ ستائش ہیں۔سفید چھڑی کے تحفظ کا عالمی دن بصارت سے محروم لاکھوں افراد کے وقار کو اجاگر کرنے کا دن ہے۔ سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کو روزمرہ زندگی میں خودمختاری کے ساتھ حصہ لینے کے قابل بناتا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں بصارت سے محروم خصوصی افراد کی کامیابیاں بھرپور تحسین کی مستحق ہیں۔بصارت کے محروم تمام باصلاحیت افراد کی کامیابیوں اور نمایاں سنگِ میل پر فخر ہے۔سفید چھڑی کا دن بصارت سے محروم افراد کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خصوصی افراد کے حقوق، تحفظ، خودمختاری کے لیے لگن اور خلوص کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ماڈل صدر بازار ساہیوال کا افتتاح کر دیا۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ساہیوال یونیورسٹی میں ایک تقریب کے دوران بچیوں سے گھل مل گئیں اور سیلفیاں بناتی رہیں۔ ساہیوال ماڈل صدر بازار کے افتتاح پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ آر پی او ساہیوال رانا ایاز سلیم اور ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کی اور متعلقہ افسران و اہلکاروں کو سکیورٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ساہیوال آمد اور ماڈل صدر بازار کے افتتاح کے موقع پر انتظامیہ، پولیس، تاجر برادری اور شہریوں کی بھرپور موجودگی نمایاں رہی۔
مریم نواز
دیہی خواتین پنجاب کی ترقی خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں مریم نواز

