لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نےلیپ ٹاپ اور اسکالرشپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرکے نوجوانوں کی تعلیم، ترقی اور روشن مستقبل کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے۔ قوم کے بچوں کا مستقبل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر سے وابستہ ہے، کنٹینر، لانگ مارچ اور دھرنے ان کا مستقبل نہیں ہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ مریم نواز شریف پنجاب کے بیٹوں اور بیٹیوں کی تعلیمی اور سماجی ضروریات کا خیال اپنے بچوں کی طرح رکھ رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نوجوانوں میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور کارکردگی سے خوفزدہ عناصر ہمیشہ ان پر ذاتی حملے کرتے ہیں۔ اخلاقیات اور تعلیمات کا درس دینے والے بھی بغضِ مریم میں مبتلا ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز شریف نے عملی طور پر کارکردگی دکھائی ہے، اسی لیے انہیں عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں جعلی تبدیلی اور کھوکھلے نعروں کے سیاہ دور کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ صوبے میں ایمرجنسی کی صورتحال کی ذمہ دار پاکستان تحریک انصاف ہے، جس نے قومی مفاد اور صوبے کے امن کو ترجیح دینے کے بجائے دہشت گردی کے معاملے پر غلط ترجیحات اختیار کیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دن رات قربانیاں دے رہے ہیں۔ ایسے وقت میں سیکیورٹی اداروں کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیان بازی ہمارے بہادر جوانوں کا مورال گرانے کے مترادف ہے۔ پوری پاکستانی قوم اپنے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
مریم نواز نے لیب ٹاپ اور سکالرشپ سکیم فیز ٹو کا آغاز کردیا:عظمیٰ بخاری

