اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ایمرجنسی واپسی کی شرط پر مذاکرات نہیں ہوں گے، جبکہ تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی براہ راست کوئی مذاکرات نہیں کرے گی، فیصلہ اب اپوزیشن اتحاد اور آل پارٹیز کانفرنس میں ہوگا۔وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے لیے اپوزیشن لیڈر کو دو خط لکھے، اب جواب کا انتظار کر رہے ہیں، اپوزیشن لیڈر بتائیں وزیراعظم سے ملنے کب آرہے ہیں؟۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی واپس لینے کی شرط پر پی ٹی آئی سے مذاکرات نہیں ہوسکتے، پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرے تو بات ہوسکتی ہے۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کی کوئی تیسری جگہ نہیں، ملاقات وزیراعظم ہاوس میں ہی ہوگی ۔ حکومت نے محمود اچکزئی کی وزیراعظم سے ملاقات کے لیے تیسری جگہ مقرر کرنے کی شرط مسترد کر دی، خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی واپس لینے کی شرط پر بھی پی ٹی آئی سے مذاکرات سے انکار کر دیا۔وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاوس کسی کی ذاتی ملکیت نہیں، ریاست کی ملکیت ہے، پہلے بھی ایسی ضدیں کی جاچکی ہیں، یہ طریقہ قبول نہیں۔ادھر تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اب براہ راست کوئی مذاکرات نہیں کرے گی، اب فیصلہ اپوزیشن اتحاد اور آل پارٹیز کانفرنس میں ہوگا۔اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وفاق کے فیصلوں کا ایک ہی جواب ہے بھرپور مزاحمت ، یہ اپنا کیا خود بھگتیں گے۔سد قیصر نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنرراج کا ہر فورم پر مقابلہ کرنے کا اعلان کیا۔
رانا ثناء اللہ
