کراچی (این این آئی) صوبائی وزراء نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں جمہوریت، عوامی حقوق اور آئین کی بالادستی کی جدوجہد کا ناقابلِ فراموش باب ہیں۔ 18 اکتوبر 2007 کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر پیش آنے والے سانحے نے جمہوریت کے لیے پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کی قربانیوں کو تاریخ کا حصہ بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی جدوجہد اور قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کے مشن کی تکمیل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ کارساز میں بہنے والا خون آج بھی جمہوریت کی سب سے مضبوط فصیل ہے۔ 18 اکتوبر اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ نظریے کو بموں سے ختم کیا جا سکتا ہے نہ عوام کی وابستگی کو جبر سے دبایا جا سکتا ہے۔
