فتح جنگ (بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”ستھرا پنجاب” پروگرام کو مزید موثر اور شفاف بنانے کے لیے ورکرز کی مانیٹرنگ کا نظام سخت کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر اٹک اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ کی قیادت میں مانیٹرنگ کے اختیارات چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو سونپ دیے گئے ہیں۔اسی
سلسلے میں گزشتہ روز میونسپل کمیٹی فتح جنگ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ احسن علی نے کی۔اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی چوہدری انصر چیمہ، اے ڈی ایل جی فتح جنگ، ستھرا پنجاب کے تحصیل منیجر راجہ فہد اختر، منیجر کنٹریکٹر محمد حنظلہ فاروق سمیت تمام سینٹری سپروائزرز اور یونین کونسلز کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر احسن علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ ستھرا پنجاب میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام ورکرز کی روزانہ حاضری، فیلڈ میں موجودگی اور صفائی کے معیار کو چیک کیا جائے گا۔ غیر حاضر ورکرز اور ناقص کارکردگی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام یونین کونسل سیکرٹریز اپنے اپنے علاقوں میں صفائی ستھرائی کی خود نگرانی کریں اور شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں۔چیف آفیسر چوہدری انصر چیمہ نے کہا کہ عملے کی مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں گی تاکہ فتح جنگ کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جا سکے۔
