بھارہ کہو (نامہ نگار) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)نے بھارہ کہو میں (سینی ٹیشن)صفائی کے کام کو بہتر اور مثر بنانے کے لیے ٹھیکہ دے دیا ہے، جس کے تحت بھارہ کہو کو صاف ستھرا شہر بنانے کے لیے ہر یونین کونسل میں کم از کم 25 افراد پر مشتمل یونٹس بنا دیے گئے ہیں، جو اپنی اپنی یونین کونسل میں صفائی کے نظام کو بہتر بنائیں
گے۔ ابتدائی طور پر شہریوں سے صفائی کے عوض بل نہیں لیا جائے گا، بعد ازاں آمدن، اخراجات اور بجٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں سے اس سہولت کے عوض ماہانہ بل بھی وصول کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر مین مری روڈ، سملی ڈیم روڈ، کیانی روڈ، کیپٹن سرور روڈ، دیگر روڈوں اور گلیوں میں کنٹینرز اور ڈبے نصب کیے جائیں گے اور شہر کے اندرونی محلہ جات میں جہاں تک سڑک جا رہی ہو، وہاں بھی ڈبے نصب کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ عملہ بھی صبح 6 بجے سے دن 2 بجے تک سڑکوں اور گلیوں کی صفائی کرے گا۔ سی ڈی اے کے اس اچھے اقدام کو شہریوں نے پسند کیا ہے اور اس امر کا اظہار بھی کیا ہے کہ شروع شروع میں کام کو ذمہ داری سے کیا جاتا ہے، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ذمہ داری کم اور غیر ذمہ داری زیادہ ہو جاتی ہے، جو معاشرے کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ثابت ہوتی ہے۔
