راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)راولپنڈی کے تینوں سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی قلت کی اہم وجہ وینڈرز کو بروقت ادائیگیاں نہ ہونا ہے۔ خصوصا ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے وینڈرز کو بروقت ادائیگیاں نہ ہونے کے باعث ادویات کی شدید
قلت کا سامنا ہے ادائیگیوں میں مسلسل تاخیر کے باعث وینڈرز کی مالی سرمایہ کاری متاثر ہوتی ہے اور ان کے لیے مزید ادویات کی فراہمی جاری رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ نتیجتا وینڈرز مسلسل ٹینڈرز اور سپلائی کے عمل میں حصہ نہیں لے پاتے، جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں ادویات کا اسٹاک ختم ہو جاتا ہے اور مریضوں کو بروقت ادویات دستیاب نہیں ہو پاتیں۔ اس صورتِ حال کا سب سے زیادہ نقصان غریب اور مستحق مریضوں کو اٹھانا پڑتا ہے، جو سرکاری ہسپتالوں سے مفت ادویات حاصل کرنے کے بجائے بازار سے مہنگے داموں ادویات خریدنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ لہذا ضروری ہے کہ وینڈرز کو ادائیگیاں مقررہ وقت پر یقینی بنائی جائیں تاکہ ادویات کی بلا تعطل فراہمی برقرار رہے اور غریب مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
