اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی) انسانی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی اولین ترجیح ہے۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز، بورڈ کے معزز اراکین اور چیف ایگزیکٹو آئیسکو انجینئر چودھری خالد محمود کی قیادت میں بجلی سے متعلقہ حادثات کی روک تھام اور صارفین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں، جن کے باعث گزشتہ چند سالوں کے دوران بجلی حادثات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔آئیسکو انتظامیہ نے بجلی کی لٹکتی اور خطرناک تاروں، گھروں اور دیگر عمارتوں کے قریب سے گزرنے والی بجلی کی لائنوں اور کمزور بجلی کے کھمبوں کو محفوظ بنانے، خطرناک تنصیبات کی اصلاح اور ضرورت کے مطابق انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ایک بھرپور حفاظتی آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ ایک صارف دوست ادارے کی حیثیت سے آئیسکو ان حفاظتی اقدامات پر آنے والے اخراجات خود برداشت کر رہا ہے تاکہ صارفین کو محفوظ بجلی کی فراہمی کے ساتھ ان کے جان و مال کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکے۔آئیسکو انتظامیہ نے معزز صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں، گلیوں، بازاروں اور دیگر مقامات پر بجلی کی لٹکتی تاروں، خطرناک کھمبوں یا کسی بھی غیر محفوظ بجلی کی تنصیب کی نشاندہی فوری طور پر متعلقہ سب ڈویژنل آفیسر (SDO) کے دفتر میں کریں، تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے ممکنہ حادثات کا تدارک کیا جا سکے۔مزید برآں، صارفین سے گزارش ہے کہ بجلی کی تاروں کے نیچے یا بجلی کی تنصیبات کے قریب تعمیرات کرنے سے گریز کریں۔ ھنگامی صورتحال میں متعلقہ کمپلنٹ آفس کے نمبرز یا ہلپ لائن نمبر 118 پر فوری رابطہ کریں
