گوجرخان (بیورو رپورٹ) پنجاب کالجز گوجرخان کے پرنسپل شاہجہان اکبر نے پاک چائینہ فرینڈشپ گیمز 2026 میں 100 میٹر ریس میں تیسری پوزیشن حاصل کرکے برونز میڈل جیتنے والی گوجرخان کی نوجوان اتھلیٹ آمنہ خان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں نقد انعام سے نوازا۔ کالج آمد پر آمنہ خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان کی شاندار کامیابی پر پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے مبارکباد دی گئی،تفصیلات کے مطابق لاہور میں منعقدہ پاک چائینہ فرینڈشپ گیمز 2026 میں پنجاب کے مختلف ڈویژنوں سے منتخب کھلاڑیوں نے شرکت کی،ان مقابلوں میں گوجرخان سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت اتھلیٹ آمنہ خان نے راولپنڈی ڈویژن کی نمائندگی کرتے ہوئے 100 میٹر ریس میں تیسری پوزیشن حاصل کی اور برونز میڈل اپنے نام کیا، آمنہ خان کی اس نمایاں کامیابی کو سراہتے ہوئے پنجاب کالجز گوجرخان کے پرنسپل شاہجہان اکبر نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور نقد انعام دے کر ان کی محنت اور صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا،آمنہ خان کا کالج پہنچنے پر استقبال کیا گیا، انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا اور مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا گیا،اس موقع پر پرنسپل شاہجہان اکبر نے کہا کہ نوجوان نسل میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مناسب مواقع اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے۔ کھیلوں کے میدان میں کامیابیاں حاصل کرنے والے نوجوان نہ صرف اپنے والدین اور تعلیمی اداروں بلکہ اپنے شہر اور ملک کا نام بھی روشن کرتے ہیں۔ آمنہ خان کی کامیابی دیگر طالبات کے لیے بھی ایک مثال ہے کہ محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا جا سکتا ہے،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں کامیابیوں کو سراہنے اور ان کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ وہ مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں،اس موقع پر آمنہ خان نے کہا کہ لڑکیوں کو بھی لڑکوں کے برابر آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ کھیلوں سمیت زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کے لیے محنت، حوصلہ اور خود اعتمادی ضروری ہے۔ والدین اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ بچیوں کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں اپنے خواب پورے کرنے کا موقع دیں،آمنہ خان نے اپنی کامیابی کو والدین اور کوچ کی محنت، رہنمائی اور اعتماد کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مزید محنت کرکے مستقبل میں ملک کی نمائندگی کریں گی اور بین الاقوامی کھیلوں کے میدانوں میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند کرنے کی کوشش کریں گی۔
