راولپنڈی(خصوصی رپورٹر) جماعتِ اہلسنت پاکستان راولپنڈی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ محمد عثمان غنی اور انکے ہمراہ صوبہ پنجاب کے ناظم اطلاعات صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعتِ اہلسنت ملک کی سب سے بڑی دینی و روحانی تحریک ہے، جس نے برصغیر میں انگریز سامراج کے خلاف سب سے پہلا فتوی دینے سے لے کر قیامِ پاکستان اور تحریکِ ختمِ نبوت (1953 و 1974) تک ہمیشہ ملک کی سلامتی و دفاع کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے؛ انہوں نے واضح کیا کہ قانونِ توہینِ رسالت (295-C) اٹل ہے جس میں کسی قسم کی ترمیم ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اکابرینِ اہل سنت کی ملی خدمات کو نصابِ تعلیم میں شامل کرنے کے مطالبے اور تاریخ کو مسخ کرنے کی سازشوں کے خلاف جماعتِ اہلسنت صوبہ پنجاب کے زیراہتمام یکم نومبر بروز اتوار، صبح 10 بجے انٹرنیشنل سنی سیکریٹریٹ کالا شاہ کاکو لاہور میں عظیم الشان ورکرز کنونشن منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں عقیدہ ختم نبوت، ناموسِ رسالت، عظمتِ آل و اصحابِ رسول اور دفاعِ پاکستان کے موضوعات پر اہم لائحہ عمل طے کر کے متفقہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ اس موقع پر پریس کانفرنس میں جماعت اہلسنت کے عہدیداروں مولانا محمد شبیر قادری (صدر راولپنڈی سٹی)، علامہ حافظ محمد اقبال رضوی (آرگنائزر ضلع راولپنڈی)، مولانا قاری غلام محمد چشتی (صدر ضلع راولپنڈی)، علامہ رضامصطفی نورانی (جنرل سیکرٹری ضلع راولپنڈی)، ملک بابر اصغر شاہین (ناظم مالیات راولپنڈی ڈویژن) اور مولانا غلام شبیر قادری صدر راولپنڈی سٹی ،مولانا فیصل اقبال رضوی (جنرل سیکرٹری راولپنڈی سٹی) کی موجودگی کے علاوہ تاجر رہنماں مرکزی انجمن تاجران راجہ بازار کے جنرل سیکرٹری عامر بشیر بٹ، مرکزی صرافہ یونین کے گروپ لیڈر چوہدری عبدالمجید نے شرکت کی اور ورکرز کنونشن میں اپنے تمام تر قافلوں اور کارکنان کے ساتھ بھرپور اور فعال شرکت کا اعادہ کیا۔
