ملتان، بند بوسن (کرائم رپورٹر، نمائندہ خبریں) غیرت کے نام پر سگی ماں اور دو بہنوں کو پٹرول چھڑک کر زندہ جلانے والا ملزم امان عباس کہروڑ پکا میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔ ملزم نے 28 اکتوبر کو ماں اور دو سگی بہنوں کو غیرت کے
نام پر آگ لگا کر مار ڈالا تھا۔سی سی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم امان عباسی نے 28 اکتوبر کو ملتان کے علاقہ لطف آباد میں غیرت کے نام پر گھناؤنی واردات کی تھی، جہاں اس نے اپنی سگی ماں اور دو جوان بہنوں پر پٹرول چھڑک کر انہیں بے رحمی سے آگ لگا دی تھی، جس کے نتیجے میں تینوں خواتین جاں بحق ہو گئی تھیں۔پولیس اور تفتیشی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا تھا، جس نے دورانِ تفتیش اپنی ماں اور بہنوں کو زندہ جلانے کے جرم کا اعتراف بھی کر لیا تھا۔سی سی ڈی ذرائع کے مطابق پولیس ٹیم ملزم کو ریکوری اور نشاندہی کے لیے کہروڑپکا لے جا رہی تھی کہ وہاں پہلے سے گھات لگائے ملزم کے مسلح ساتھیوں نے اسے چھڑانے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی، تاہم فائرنگ کے اس شدید تبادلے میں ملزم امان عباس اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔پولیس نے ہلاک ملزم کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے اور فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
سی سی ڈی
