لاہور( خبر نگار) مینارِ پاکستان لاہور میں منعقد ہونے والی 26ویں آل پاکستان اہلحدیث بعنوان تحفظِ حرمین شریفین و استحکامِ پاکستان کانفرنس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ کانفرنس کے لیے وسیع پنڈال سجا دیا گیا ہے جبکہ سٹیج، نشستوں اور دیگر انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ تاریخی مقام مینارِ پاکستان میں ہونے والے اس بڑے اجتماع میں ملک بھر سے علمائے کرام، مذہبی و سیاسی رہنماں، جماعتی ذمہ داران اور کارکنوں کی شرکت متوقع ہے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ترجمان محمد علی یزدانی کے مطابق کانفرنس کا باقاعدہ آغاز آج دوپہر 2 بجے ہوگا، جبکہ مرکزی قائدین کے خطابات شام 6 بجے شروع ہوں گے۔ امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم رات 9 بجے خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں ملک کی مختلف سیاسی، مذہبی اور جماعتی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ کانفرنس میں شرکت کے لیے کراچی، بلوچستان، خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں سے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے کارکنوں اور ذمہ داران کی قافلوں کی صورت میں آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ مختلف شہروں سے آنے والے قافلوں کی آمد کے پیش نظر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ شرکا کو پنڈال میں شرکت کے حوالے سے سہولت فراہم کی جا سکے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے ملک بھر کے کارکنوں، ذمہ داران اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تحفظِ حرمین شریفین و استحکامِ پاکستان کانفرنس میں بھرپور شرکت کریں اور اس اجتماع کو کامیاب بنائیں۔ کانفرنس کا بنیادی عنوان تحفظِ حرمین شریفین اور استحکامِ پاکستان ہے، جس کے تحت قومی یکجہتی، ملکی استحکام اور امتِ مسلمہ کے اہم معاملات پر مرکزی قائدین اور مقررین اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ منتظمین کی جانب سے کانفرنس کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور ملک بھر سے آنے والے شرکا کا استقبال کیا جا رہا ہے
