اٹک (بیورو رپورٹ ) مرکزی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سردار ناصر خان بنگو نے کہا ہے کہ ملک اس وقت سنگین معاشی بحران سے دوچار ہے، کاروباری سرگرمیاں جمود کا شکار ہیں، بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ بے روزگاری میں اضافے نے عام شہری کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے، اس کے باوجود فارم 47 کی حکومت ملک میں معاشی ترقی کے دعوے کر رہی ہے، حالانکہ زمینی حقائق حکومتی دعوؤں سے یکسر مختلف ہیں، انہوں نے کہا کہ حکمران سرکاری اعداد و شمار اور کاغذی رپورٹس سے نکل کر عوام کی حقیقی مشکلات کا جائزہ لیں تاکہ انہیں اندازہ ہو سکے کہ ملکی معیشت کس قدر مشکلات کا شکار ہے،معاشی ترقی کا حقیقی پیمانہ محض زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ یا حکومتی اعلانات نہیں بلکہ عام شہری کے لیے باعزت روزگار کی فراہمی، کاروباری سرگرمیوں کا فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے، سردار ناصر خان بنگو نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے ساڑھے چار سالہ دور میں مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کیا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، چھوٹے کاروبار تباہی کے دہانے پر ہیں اور نوجوان روزگار کے مواقع نہ ملنے کے باعث شدید مایوسی کا شکار ہیں۔ آخر یہ مہنگائی کب ختم ہوگی اور غریب عوام کو کب حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے گا؟ معاشی بدحالی نے عوام کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے کہ بہت سے لوگ زندگی کی مشکلات سے تنگ آ کر انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہو رہے ہیں، انہوں نے سوال اٹھایا کہ پاکستان کا معاشی نظام کب ری سیٹ ہوگا اور عوام کو مستقل بنیادوں پر ریلیف کب ملے گا؟ حکومت کو چاہیے کہ وقتی اور نمائشی ریلیف کے بجائے صنعت، تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کو مستقل بنیادوں پر مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے، ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کی جائیں، صنعتوں کا پہیہ چلایا جائے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ عوام کو محض ترقی کے دعوے نہیں بلکہ عملی اقدامات اور حقیقی تبدیلی درکار ہے، جب تک عام شہری کی معاشی حالت بہتر نہیں ہوتی، مہنگائی میں کمی نہیں آتی اور ہر فرد کو باعزت روزگار میسر نہیں ہوتا، اس وقت تک معاشی ترقی کے دعوے بے معنی ہیں، حکومت کو چاہیے کہ عوام کی مشکلات کا سنجیدگی سے ادراک کرتے ہوئے انہیں مستقل اور حقیقی ریلیف فراہم کرے۔
