ممبئی (شوبزڈیسک)دہشت اور خوف کے سائے میں فواد خان کی فلم ’اے دل ہے مشکل ‘ریلیزکردی گئی، فلم کی ریلیز کے موقع پربھارت میں سینماﺅں کے باہر مظاہرے کئے اور شائقین کو فلم نہ دیکھنے کی دھمکیاں دیں۔بالی ووڈ پروڈیوسرز کا ہندو انتہا پسندوں کے آگے گھٹنے ٹیکنا بھی کام نہ آیا ،فلم اے دل ہے مشکل کی ریلیز کے موقع پر انتہاپسند تنظیموں کے کارندوں نے اپنا رنگ دکھا یا ،کرن جوہر کی وضاحتوں کے باوجود تعصب کی آگ بجھ نہ سکی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی مختلف ریاستوں میں فلم کی ریلیز کےخلاف مظاہرے کیے گئے ۔بل پور کے سینما میں وشوا ہندو پریشد نے شو ہی رکوادیا۔سمبھا جی بریگیڈ کے کارندوں کی دھمکیوں کے بعد مہاراشٹر کے علاقے کلیان میں بھی شو رکوادیا گیا۔گوالیار کے بھی کئی علاقوں میں انتہا پسند تنظیموں کے کارندوں نے مظاہرہ کیا، دہلی میں بھی سیکورٹی سخت کردی گئی۔دوسری جانب بھارتی اداکار اور پروڈیوسر فرحان اختر بھی انتہاپسندوں کےخلاف میدان میں آگئے ۔