بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے پاس مسائل کا حل نہیں تو انہیں استعفیٰ دینا چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیرِاعظم عمران خان کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب بھی کہتے ہیں کہ وہ ٹریننگ پر ہیں، 3 سال ہونے کو ہیں، اب بھی یہ کہیں تو ہم کیا کریں؟ ان کے پاس مسائل کا حل نہیں تو انہیں استعفیٰ دینا چاہیئے۔
انھوں نے کہاکہ حکومتی وزراء پی ڈی ایم کے خلاف سازش کر رہے ہیں لیکن پی ڈی ایم متحد ہے، ہم ایک ہیں، پی ڈی ایم کی جیت پیپلز پارٹی کی جیت ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریکٹ موومنٹ کی تحریک مستحکم ہے، عوام کے تعاون سے سلیکٹڈ حکومت کو ہٹا کر عوامی حکومت لائیں گے،عوام پی ڈی ایم کا ساتھ دیں، کٹھ پتلی کو مل کر ہٹائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹھٹھہ کے عوام تاریخی بے روزگاری اور مہنگائی کا مقابلہ کر رہے ہیں، ناجائز اور نااہل وزیرِاعظم کی وجہ سے ٹھٹھہ کے عوام کو تکلیف دہ حالات سے گزرنا پڑ رہا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت افغانستان اور بنگلا دیش سے بھی پیچھے چلی گئی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے عوام کی طاقت پر بھروسہ کیا ہے۔