میلبرن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے حد سے زیادہ شراب نوشی کے معاملے کی تحقیقات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر راب کی نے تحقیقات کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
ایڈیلیڈ ٹیسٹ سے قبل انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے کوئنزلینڈ میں چھٹیاں منائیں اور کھلاڑی تفریحی ساحلی مقام نوسا میں رہے، نوسا میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی حد سے زیادہ شراب پینے کی خبریں سامنے آئیں۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر انگلش ٹیم راب کی نے کہا کہ معاملے کا جائزہ لیں گے کہ اصل صورتحال کیا ہے، اگر لوگ ایسا کہہ رہے کہ کھلاڑیوں نے حد سے زیادہ الکحل پی تو ضرور اس کو دیکھیں گے۔
راب کی کا کہنا تھا انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم کے زیادہ الکحل پینے کی کسی طور پر توقع نہیں کی جا سکتی، انگلینڈ کے کھلاڑی بڑا اچھا رویہ رکھتے ہیں اور میں نے چھٹیوں کے دوران بھی ایسے ہی رویے کا سنا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کھلاڑیوں کے رویے اور الکحل پینے کے بارے پڑھا ہے، اگر ایسا ہے تو یہ ناقابل قبول ہے، نوسا ٹرپ کے خلاف نہیں ہوں، اگر یہ فونز کو ایک طرف چھوڑ کر ساحل پر جانے تک ہو۔
ایشز کے مسلسل 3 ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد ہیڈ کوچ برینڈن میکلم پر ہونے والی تنقید سے متعلق سوال پر ڈائریکٹر انگلینڈ کرکٹ ٹیم راب کی نے ہیڈ کوچ برینڈن میکلم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ میکلم ایک اچھے کوچ ہیں اور ان کا ٹیسٹ کا ریکارڈ اچھا ہے۔

