تہران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اس وقت امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں کر رہا اور اس حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی تردید کی ہے۔
ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کی موجودہ سفارتی بات چیت عمان کے ساتھ جاری ہے، جس کا مرکزی موضوع آبنائے ہرمز سے متعلق امور ہیں۔ ان کے مطابق یہ مذاکرات خطے میں بحری سلامتی، جہاز رانی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر مرکوز ہیں، نہ کہ امریکا کے ساتھ کسی بالواسطہ یا بلاواسطہ مذاکرات پر۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ایران کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا اور موجودہ سفارتی روابط صرف عمان کے ذریعے علاقائی معاملات تک محدود ہیں۔
آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور قدرتی گیس کی بڑی مقدار منتقل کی جاتی ہے، اسی لیے اس خطے کی سلامتی بین الاقوامی اہمیت رکھتی ہے۔

