ہالی ووڈ کی مشہور فلم "Spider-Man: No Way Home” میں نیڈ لیڈز (Jacob Batalon) کی دادی "لولا” کا کردار ادا کرنے والی فلپائنی نژاد امریکی اداکارہ میری ایگڈا رویرا 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ ان کے اہلِ خانہ نے ان کی وفات کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق میری رویرا کا انتقال 15 اپریل 2026 کو امریکی ریاست ہوائی کے شہر ہونولولو میں ہوا۔ انہیں فالج (اسٹروک) کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ کومے میں چلی گئیں۔ ڈاکٹروں کی جانب سے صحت یابی کی امید کم ظاہر کیے جانے پر اہلِ خانہ نے انہیں لائف سپورٹ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔ ان کی وفات کی خبر اب میڈیا کے ذریعے سامنے آئی ہے۔
میری ایگڈا رویرا فلپائن میں پیدا ہوئیں اور بعد ازاں امریکا منتقل ہو گئیں۔ اداکاری سے قبل وہ ٹیچر، ریڈیو براڈکاسٹر اور چرچ مشنری کے طور پر بھی خدمات انجام دیتی رہیں۔ 2021 میں ریلیز ہونے والی "Spider-Man: No Way Home” میں ان کا مختصر مگر یادگار کردار دنیا بھر کے ناظرین میں بے حد مقبول ہوا، خصوصاً فلپائنی کمیونٹی نے ان کی نمائندگی کو سراہا۔
ان کی وفات پر مداحوں، ساتھی فنکاروں اور فلمی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ فلم میں نیڈ لیڈز کا کردار ادا کرنے والے جیکب بٹالون سمیت متعدد شخصیات نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی محبت، گرمجوشی اور یادگار اداکاری کو سراہا۔

