پاکستانی اداکار سہیل سمیر نے سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہونے والے اپنے ایک پرانے کلپ پر دلی معذرت کرتے ہوئے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا۔
اداکار نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وضاحت کی کہ مذکورہ کلپ تقریباً 10 سال پرانا ہے اور اُس وقت شاید انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ماضی کی کوئی حرکت مستقبل میں دوبارہ سامنے آکر اس طرح توجہ کا مرکز بن سکتی ہے۔
سہیل سمیر نے کہا کہ جب یہ کلپ حال ہی میں دوبارہ وائرل ہوا تو انہیں احساس ہوا کہ ان کے اپنے گھر میں بھی ماں، بہنیں اور بیٹیاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے خاندان کے کسی فرد سے متعلق اس نوعیت کا مواد سامنے آئے تو انہیں بھی یقیناً دکھ اور تکلیف ہوگی۔
اداکار نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اس معاملے پر شرمندگی اور افسوس ہے اور انہیں اُس وقت ایسا مواد نہیں کرنا چاہیے تھا، چاہے اس وقت حالات کچھ بھی رہے ہوں۔
سہیل سمیر نے مزید کہا کہ عزت بنانے میں سالوں لگ جاتے ہیں، لیکن اسے ختم ہونے میں صرف ایک لمحہ کافی ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے مداحوں اور عوام سے معافی بھی مانگی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ لوگ انہیں صرف ماضی کی اس ایک غلطی کی بنیاد پر نہیں دیکھیں گے بلکہ ایک ایسے انسان کے طور پر بھی دیکھیں گے جو اپنی غلطیوں کو سمجھ چکا ہے اور ان سے سیکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔
سہیل سمیر کی جانب سے معذرت کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل کلپ اور ان کے مؤقف پر بحث جاری ہے، جہاں بعض صارفین ان کی معذرت کو سراہ رہے ہیں جبکہ دیگر ماضی کے رویے پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

