لاہور: سابق قومی کپتان مصباح الحق نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے اپنا استعفیٰ ای میل کے ذریعے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھجوایا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق دورۂ انگلینڈ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کے معاملے پر سلیکشن کمیٹی سے مشاورت نہ کیے جانے پر ناخوش تھے۔ اطلاعات کے مطابق انگلینڈ میں موجود پاکستانی اسکواڈ میں تبدیلیوں اور کھلاڑیوں کی واپسی کے فیصلوں سے قبل سلیکشن کمیٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
یہ پیش رفت انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی مسلسل دو شکستوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ پاکستان پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 103 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 194 رنز سے شکست کھا چکا ہے، جس کے بعد ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کے حوالے سے تبدیلیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
مصباح الحق کو رواں سال مارچ میں سرفراز احمد کے ہمراہ قومی سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا۔ اس وقت عاقب جاوید اور اسد شفیق بھی کمیٹی کا حصہ تھے۔
مصباح الحق کے استعفے کے بعد قومی ٹیم کی سلیکشن کے طریقۂ کار اور کمیٹی کی آئندہ تشکیل کے حوالے سے بھی اہم فیصلوں کا امکان ہے۔

