راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)تھانہ چونترہ کے علاقے میں چچازاد بھائی نے اپنی ہی چچازاد بہن کو دھوکہ دہی، فراڈ اور جعلسازی کے ذریعے قیمتی اراضی سے نام کروا کر اس جدی جائیداد محروم کر دیا ہے،تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن کو راولپنڈی کے علاقے چونترہ کی رہائشی کرن ضیا نے محکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی کو درخواست دی کہ اس کے چچا زاد بھائی ملک وقاص محمود نے اپنے بھائی رمیزخالد اور متعلقہ پٹواری کے ساتھ ملکر دھوکہ دہی اور فراڈکے ذریعے اس کی قیمتی اراضی اپنے نام کرا لی ہے ۔متاثرہ خاتون کی درخواست کے متن کے مطابق وقاص محمود نے کرن ضیا کو بتایا کہ اس کے نام موضع چہان میں ایک کنال پانچ مرلہ شملاتی زمین ہے جسے نو لاکھ روپے میں اپنے نام کرا لیا بیان سے قبل پٹواری سے بھی پوچھا کہ یہ شملاتی زمین ہی ہے تو پٹواری نے اس کی تصدیق کی یوں مجھ سے شاملات اور غیر مقبوضہ نمبر ظاہر کرکے زمین نام کرا لی گئی چھ ماہ بعد پتا چلا کہ وقاص محمود نے جعل سازی سے میری دوسری قیمتی اراضی اپنے بھائی رمیز کے نام کرا لی انہوں نے کہا کہ قریبی رشتے کی وجہ سے اعتماد کیا لیکن چچازاد نے دھوکہ دہی اور فراڈ سے میری قیمتی اراضی اپنے نام کرا لی، درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پٹواری فرحت کے ساتھ ملی بھگت کے ذریعے قیمتی اراضی کو شملاتی ظاہر کرکے انتہائی کم قیمت پر اپنے نام منتقل کروایا گیامتاثرہ خاتون نے اینٹی کرپشن حکام کو بتایا کہ وہ ایک غریب خاتون ہے اور قریبی رشتہ دار ہونے کی وجہ سے اپنے چچازاد بھائی پر اعتماد کیا، تاہم بعد میں انہیں جعلسازی اور دھوکہ دہی کا علم ہوا درخواست گزار کا کہنا ہے کہ اس کے ساتھ ہونے والے فراڈ اور دھوکہ دہی کا ذمہ دار صرف ایک شخص نہیں بلکہ اس عمل میں دیگر افراد بھی شامل ہیں، جن کے خلاف کارروائی عمل۔میں لائی جائے۔متاثرہ خاتون نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن سے مطالبہ کیا ہے کہ درخواست پر مقدمہ درج کرکے تمام ریکارڈ کی چھان بین، جعلسازی اور ملی بھگت میں ملوث کرداروں کا تعین کیا جائے، ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور دھوکہ دہی کے ذریعے ہتھیائی گئی قیمتی اراضی واپس دلوائی جائے۔
