لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی نے اپنے زیرِ انتظام اضلاع کے قبرستانوں میں شجرکاری کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت شہر ہائے خموشاں میں سایہ دار اور مقامی درخت لگائے جائیں گے۔ ڈی جی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید نے ضلعی ایجنسیوں کو اپنے اپنے علاقوں کے قبرستانوں کی نشاندہی کرکے شجرکاری کے منصوبے مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبرستانوں میں مقامی ماحول سے مطابقت رکھنے والی سدا بہار، گھنے اور سایہ دار اقسام کو ترجیح دی جائے گی۔ شجرکاری کے لیے پلکن، ٹرمینیلیا، گاب اور دیگر مقامی اقسام کے درخت منتخب کیے جائیں گے۔احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ایسے درختوں کا انتخاب کیا جائے گا جو کم پانی میں بھی نشوونما پا سکیں تاکہ پودوں کی دیکھ بھال آسان رہے۔ انہوں نے کہا کہ قبرستانوں میں شجرکاری کے دوران قبروں کے تحفظ کو بھی مدنظر رکھا جائے گا اور ایسے درخت لگائے جائیں گے جن کی جڑیں قریبی قبروں کو نقصان نہ پہنچائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں قبروں کے درمیان جگہ کم ہو وہاں بڑے درختوں کے بجائے چھوٹے پھولدار پودے لگائے جائیں۔
ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ شجرکاری صدقہ جاریہ ہے,قبرستانوں میں شجرکاری کا مقصد سبزہ بڑھانے کے ساتھ ان مقامات پر سایہ اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔
**
