لاہور (جنرل رپورٹر)پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، پنجاب سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے پنجاب حکومت کے پروگرام پنجاب ای کامرس ہب کے تحت اہل کاروباری افراد کو اپنی مصنوعات کی آن لائن تشہیر کیلئے مفت پروڈکٹ فوٹوگرافی اور ویڈیوگرافی کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔اس اقدام کا مقصد کاروباری افراد کو اپنی مصنوعات کیلئے اعلیٰ معیار کا کانٹینٹ تیار کرنے، آن لائن سٹورز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مصنوعات کو موثر انداز میں پیش کرنے اور ڈیجیٹل مارکیٹ میں اپنی موجودگی مستحکم کرنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ پنجاب ای کامرس ہب چھوٹے و مقامی کاروباروں، ایس ایم ایز، کاریگروں، ہول سیل کاروباری افراد اور نئے کاروباری افراد کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بناتے ہوئے ان کی مصنوعات کو ملکی و عالمی مارکیٹ تک پہنچانے اور پنجاب کے کاروباری ٹیلنٹ اور تیزی سے ترقی کرتی ای کامرس معیشت کے درمیان خلا کم کرنے کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ پنجاب ای کامرس ہب میں برانڈنگ، پروڈکٹ فوٹوگرافی، ویڈیو گرافی، سوشل میڈیا، پوڈکاسٹ ریکارڈنگ، ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور بزنس ریلیشنز سے متعلق عملی تربیت اور رہنمائی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں قائم ہبز میں کاروباری افراد اور ایس ایم ایز کیلئے عملی ورکشاپس اور بزنس گائیڈنس سیشنز کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔
