لاہور (این این آئی)دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر مین ڈیم کی تعمیر کے لیے ایک اور اہم ہدف حاصل کرلیا گیا۔ دیامر کے علاقے گینی سے مین ڈیم کی تعمیر میں استعمال ہونے والے بنیادی اور اہم پوزولان میٹریل کو نکالنے اور تعمیراتی مقام تک منتقل کرنے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، یہ پیش رفت مین ڈیم کی تعمیر کے اگلے مرحلے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔گینی سے حاصل ہونے والا پوزولان میٹریل پراسیسنگ کے بعد مین ڈیم کے رولر کمپیکٹڈ کنکریٹ (آر سی سی) ورکس میں استعمال کیا جائے گا۔ پراجیکٹ کے مین ڈیم کی تعمیر کیلئے آر سی سی بچھانے کا عمل جلد شروع ہوگا۔ گینی سے پوزولان میٹریل نکالنے اور اسے مطلوبہ جگہ تک منتقل کرنے کا یہ عمل چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ )محمد سعید اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ارشد مجید مہمند کی ہدایات پر شروع کیا گیا ہے۔ان ہدایات کی روشنی میں دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ مینجمنٹ اور ضلعی انتظامیہ نے اس اہم کام کے آغاز کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے۔کمشنر دیامر استور ڈویژن عظیم اللہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر دیامر بھاشا ڈویلپمنٹ کمپنی انجینئر ڈاکٹر نزاکت حسین اور پراجیکٹ ڈائریکٹر دیامر بھاشا ڈیم انجینئر عارف علی نے واپڈا اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر آفیسرز کے ہمراہ گینی کا دورہ کیا۔ اور پوزولان میٹریل نکالنے اور اس کی منتقلی کا جائزہ لیا۔ پراجیکٹ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندگان، مقامی عمائدین اور علمائے کرام بھی اس موقع پرموجود تھے۔
