اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت دکانداروں کے لئے آسان ٹیکس سکیم کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد ۔ آسان ٹیکس سکیم کے اجرا کے ایک ماہ میں اب تک 9806دکاندار اس سکیم میں شامل ہو چکے ہیں اور ریٹرن فائلنگ کے مختلف مراحل میں ہیں۔آسان ٹیکس سکیم میں 1929 نئے دکاندار رجسٹر ہوئے جو پہلے ٹیکس نظام میں شامل نہیں تھے۔امید ہے کہ نئے رجسٹر ہونے والے دکاندار جلد ریٹرن جمع کرائیں گے۔آسان ٹیکس سکیم یا معمول کے طریقہ کار کے مطابق ٹیکس جمع نہ کرانے کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد جرمانے وصول کئے جائیں گے۔آسان ٹیکس سکیم کے تحت ریٹرنز جمع کرانے والوں میں چھوٹے اور بڑے شہروں کے دکاندار شامل ہیں۔آسان ٹیکس سکیم کے تحت 428 دکانداروں نے اب تک ریٹرن جمع کرائے ہیں۔وزیر مملکت خزانہ نے پرال اور ایف بی آر کو ہدایت کی کہ آسان ٹیکس سکیم پر عملدرآمد سے متعلق دکانداروں اور وکلا کے ٹیکنیکل اعتراضات فوری دور کریں۔ریٹرن جمع کرانے والے دکانداروں کو جلد از جلد ایف بی آر پلیٹس فراہم کریں۔آسان ٹیکس سکیم دکانداروں کے لیے منفرد سکیم ہے جو کسی اور کاروباری طبقے کو میسر نہیں۔ہمیں امید ہے کہ اپنی ہی تیار کردہ سکیم کا مزید دکاندار حصہ بنیں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تاجراور ایف بی آر افسران روزانہ کی بنیاد پر رابطے یقینی بنائیں۔ٹیکس بارز اور وکلا سے رابطے مزید بڑھائے جائیں گے۔تاجر رہنمائوں نے ایف بی آر کے اقدامات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔آسان ٹیکس سکیم سے متعلق اردو زبان میں معلوماتی کتابچہ جاری کیا گیا ہے جس میں نئی سکیم اور ریٹرن کے پرانے طریقہ کار کی وضاحت اور ڈیڈ لائن کے بعد جرمانوں کی تفصیل بتائی گئی ہے۔ تاجر راہنمائوں نے آسان ٹیکس سکیم کو اچھی سکیم قرار دیتے ہوئے ایف بی آر سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تاجر رہنمائوں نے کہا آسان ٹیکس نئی سکیم ہے جس کے بارے میں دکانداروں میں آگاہی پیدا ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔اجلاس میں تاجر رہنما اجمل بلوچ اور کاشف چوہدری موجود تھے جبکہ ممبر سٹرٹیجک ٹرانسفارمیشن ڈاکٹر حامد عتیق، ممبر اِن لینڈ ریونیو آپریشنز زبیر بلال اور ایف بی آر کے اعلی حکام کے علاوہ ملک بھر کے چیف کمشنرز اور کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔آسان ٹیکس سکیم کے تحت ریٹرن جمع کرانے کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد پہلے مہینے میں دس ہزار، دوسرے میں25 اور تیسرے مہینے میں 50 ہزار جرمانہ عائد ہوگا۔
