پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے مسافروں کے سامان کی پروازوں کی آمد کے بعد تاخیر سے ترسیل پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) پر ایک کروڑ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کردیا۔
ایکسپریس نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق پی اے اے نے پی آئی اے کے خلاف جرمانے کا باقاعدہ حکمنامہ جاری کیا، جس میں مسافروں کو سامان مقررہ وقت پر فراہم نہ کرنے کو جرمانے کی وجہ قرار دیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق پی آئی اے کو جرمانے کی مکمل رقم 25 ستمبر 2026 تک جمع کرانے کی حتمی مہلت دی گئی تھی، تاہم مقررہ وقت گزرنے کے باوجود جرمانہ ادا نہیں کیا گیا۔ ایئرلائن کی جانب سے جرمانے میں کمی یا معافی کے لیے اتھارٹی سے بات چیت کی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے کو 70 لاکھ روپے سے زائد جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر 14 لاکھ 85 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ پی آئی اے کو مسافروں کی سہولیات کے حوالے سے پہلے بھی متعدد مرتبہ انتباہات جاری کیے جا چکے ہیں۔

