لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں موسمی اور وبائی امراض کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ اضافہ اس وقت سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز اور ایمرجنسیز میں فلو، کھانسی، نزلہ، بخار، گلے اور سانس کی تکالیف کے مریض بڑی تعداد میں رپورٹ ہو رہے ہیں جس کے باعث ہسپتالوں میں مریضوں کا دبا بڑھ گیا ہے۔تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے بڑے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کی مجموعی آمد میں 16 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ میڈیسن سے متعلق کیسز میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ او پی ڈی مریضوں کی تعداد میں 21 فیصد اور داخل مریضوں میں 11 فیصد اضافہ سامنے آیا ہے۔ذرائع کے مطابق موسم کی تبدیلی کے ساتھ فلو اور سانس کی بیماریوں کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ بعض ہسپتالوں میں ایمرجنسی اور میڈیسن وارڈز پر بھی مریضوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق فلو، کھانسی اور سانس کی علامات کو معمولی سمجھنے کے بجائے بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔بڑھتے ہوئے مریضوں کے پیش نظر سرکاری ہسپتالوں میں ادویات، ٹیسٹنگ سہولیات، طبی عملے اور ایمرجنسی سروسز کی دستیابی یقینی بنانے کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔
