کیسپرسکی کے ماہرین کی جانب سے پاکستان میں بچوں کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کے جائزے کے مطابق جنوری سے اگست 2026 کے دوران یوٹیوب پاکستانی بچوں میں سب سے زیادہ مقبول موبائل ایپ رہی۔ یوٹیوب کا استعمال 31.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ انسٹاگرام 18.8 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ 17.4 فیصد استعمال کے ساتھ تیسرے، فیس بک 10.8 فیصد کے ساتھ چوتھے جبکہ ٹک ٹاک 5.7 فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا۔
کیسپرسکی نے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں کے ساتھ سائبر سیکیورٹی خطرات کی بھی نشاندہی کی۔ رپورٹ کے مطابق ملٹی پلیئر آن لائن گیمز بھی بچوں کے زیادہ استعمال کیے جانے والے آن لائن وسائل میں شامل ہیں، جبکہ روبلوکس اور ڈیسک ٹاپ پر ڈسکارڈ بھی نمایاں رہے۔
ماہرین نے والدین کو مشورہ دیا کہ بچوں کو اجنبی افراد سے آن لائن رابطے، ذاتی تصاویر یا حساس معلومات شیئر کرنے سے گریز کرنے کی ترغیب دی جائے، کیونکہ آن لائن شیئر کیا گیا مواد غلط مقاصد کے لیے استعمال ہوسکتا ہے۔
پاکستانی بچوں میں یوٹیوب سب سے مقبول ایپ، انسٹاگرام دوسرے نمبر پر

