آسٹریلوی آل راؤنڈر کیمرون گرین پیٹ کے نچلے حصے میں انجری کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ آسٹریلوی کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے تصدیق کی ہے کہ گرین 9 اکتوبر سے ڈربن میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں حصہ نہیں لیں گے۔
کیمرون گرین کو جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں بیٹنگ کے دوران پیٹ کے نچلے حصے میں تکلیف ہوئی تھی، جس کے بعد وہ دو روزہ وارم اپ میچ میں بھی شریک نہیں ہوئے۔
میکڈونلڈ کے مطابق گرین کی انجری سے صحت یابی کا عمل جاری ہے اور امکان ہے کہ وہ سیریز کے کسی مرحلے میں بیٹنگ کیلئے دستیاب ہوسکتے ہیں، تاہم رواں سیریز میں ان کے بولنگ کرنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔
گرین کی غیر موجودگی میں آسٹریلوی ٹیم کو اپنی پلیئنگ الیون میں تبدیلی کرنا ہوگی۔ ان کی جگہ کوپر کونولی یا نک میڈنسن کو موقع ملنے کا امکان ہے، جبکہ آل راؤنڈر بیو ویبسٹر کی ذمہ داریاں بھی بڑھ سکتی ہیں۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 9 اکتوبر سے کنگز میڈ اسٹیڈیم، ڈربن میں شروع ہوگا۔