پنجاب حکومت نے امن و امان اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں 6 سے 15 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ کردی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلسوں، جلوسوں، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد ہوگی۔ غیر قانونی اجتماعات میں لوگوں کو شرکت کے لیے اکسانے یا ترغیب دینے پر بھی پابندی ہوگی۔
اس کے علاوہ عوامی مقامات پر ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں پر نہیں ہوگا۔ عدالتیں، سرکاری ادارے اور باضابطہ اجازت سے ہونے والی تقریبات بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

