یوئیفا نے آئرلینڈ اور اسرائیل کے درمیان یوئیفا نیشنز لیگ کے میچ کے دوران پیش آنے والے مبینہ تھوکنے کے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔ واقعہ 4 اکتوبر کو سربیا کے شہر باچکا توپولا میں کھیلے گئے میچ کے ہاف ٹائم میں پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور اسٹاف ہاف ٹائم پر میدان سے ڈریسنگ روم کی جانب جا رہے تھے کہ سرنگ کے قریب کشیدگی پیدا ہوگئی۔ آئرلینڈ کے ہیڈ آف ایتھلیٹک پرفارمنس ڈیمین ڈوئل نے الزام عائد کیا کہ اسرائیلی کھلاڑی نے ان پر تھوکا۔ تاہم اسرائیلی فٹبال ایسوسی ایشن نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی نے کوچ کی جانب نہیں تھوکا۔
یوئیفا نے بتایا کہ میچ کے آفیشل رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد ایک یوئیفا ایتھکس اینڈ ڈسپلنری انسپکٹر مقرر کیا گیا ہے، جو کھلاڑیوں کی جانب سے ممکنہ بدسلوکی کے معاملے کی تحقیقات کرے گا۔ یوئیفا کا کہنا ہے کہ مزید معلومات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔

