وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک بار پھر مذاکرات کی مشروط پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اپنا لانگ مارچ اور دھرنا ختم کرے، اس کے بعد حکومت بات چیت کیلئے تیار ہے۔
اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈر پاس کی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں ایک بار پھر دھرنوں اور لانگ مارچ کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کیلئے سنجیدہ کوششیں کیں اور دو روز تک بات چیت بھی ہوئی، تاہم معاملات کسی حتمی نتیجے تک نہ پہنچ سکے۔
شہباز شریف نے پی ٹی آئی سے اپیل کی کہ وہ لانگ مارچ اور دھرنا ختم کرے، اس کے بعد حکومت اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ احتجاجی سیاست اور سڑکوں کی بندش کا سب سے پہلا اثر ملکی معیشت پر پڑتا ہے اور حالیہ معاشی استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

