اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی )پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمرحسین اوبا نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں ادارہ جاتی روابط، اعلی تعلیم، تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم،طلبہ کے تبادلوں اور تحقیق و ترقی سمیت تعاون کے اہم شعبوں پر تبادل خیال کیا گیا۔سفیر ڈاکٹر عمر نے تعلیمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی تعاون دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے اور گلوبل ساتھ میں مشترکہ ترقی کے حصول کے لیے نہایت اہم ہے۔ایتھوپیا کی نوجوان آبادی کا ذکر کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ ملک میں مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور روبوٹکس جیسے جدید شعبوں سمیت مہارتوں کی ترقی کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں شروع کیے گئے "5 ملین ایتھوپین کوڈرز” اقدام کی کامیابی کا حوالہ دیا، جس کے ذریعے نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافہ اور ہنرمند افرادی قوت کو وسعت دی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ایتھوپیا کی معاشی ترقی کو سراہا اور افریقہ، بشمول ایتھوپیا، کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے حکومتِ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سفیر کو اعلی تعلیم، تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں تعاون کے لیے بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
