راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے "یومِ سیاہ، کشمیر کی پکار” کے عنوان سے ایک سیمینار اور آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں اساتذہ، انتظامی افسران اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے کہا کہ یومِ سیاہ کشمیری عوام کی طویل جدوجہد، لازوال قربانیوں اور حقِ خودارادیت کے عزمِ مصمم کی یاد دہانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجی محاصرے، بنیادی آزادیوں پر قدغنوں اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں نے کشمیری عوام کی حالتِ زار کو عالمی ضمیر کے لیے لمح فکریہ بنا دیا ہے۔ ان کے مطابق کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کے مسئلے کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہم سب کی مشترکہ قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے کہا کہ جامعات محض علمی مراکز نہیں بلکہ فکری تربیت اور کردار سازی کے ادارے بھی ہیں۔ ان کا فرض ہے کہ وہ نوجوان نسل میں انسانی حقوق، عدل و انصاف، امن اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کے احترام کا شعور اجاگر کریں۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور انسانی پہلوں کا سنجیدہ مطالعہ کریں اور عالمی سطح پر کشمیری عوام کی آواز بنیں۔انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کشمیری عوام کے جائز حقوق کی حمایت اور ان سے یکجہتی کے اظہار کے لیے اپنی علمی، تعلیمی اور سماجی ذمہ داریاں آئندہ بھی بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔سیمنار میں ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی سے مہمان جناب حسیب جمال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر پاکستانی کا دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے اور بھارت کی جانب سے کشمیر پر قبضے کے بعد سے کشمیری عوام مسلسل مشکلات اور مصائب کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوامِ متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر تاحال عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی سے لیکچرر مطالعہ پاکستان جناب شوزب عسکری نے اپنے خطاب میں یومِ سیاہ کشمیر کا تاریخی پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو کشمیر میں بھارتی فوج کی آمد اور مداخلت مسئلہ کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم موڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا، خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہوگا۔یومِ سیاہ کے حوالے سے وائس چانسلر کی سربراہی میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکا نے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
