گوجرخان(بیورو رپورٹ)گوجرخان میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ نہ رک سکا، جنڈی موڑ کے قریب نگائل شنواری ہوٹل کے نزدیک پیش آنے والے حادثے میں مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والا مزدا ٹرک ڈرائیور جاں بحق جبکہ موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگیا۔ پولیس نے حادثے کا سبب بننے والے نامعلوم ٹرک ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس کو دی گئی درخواست کے مطابق مظفرگڑھ کے رہائشی وسیم اختر نے بتایا کہ ان کا بھتیجا سمیع اللہ مزدا ٹرک پر راولپنڈی سے لاہور جا رہا تھا کہ جنڈی موڑ کے قریب آگے جانے والے ٹرک کے نامعلوم ڈرائیور نے سڑک کے درمیان اچانک بریک لگا دی، جس کے باعث مزدا ٹرک اس سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں سمیع اللہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اسلام آباد کا رہائشی موٹر سائیکل سوار سیرت سلیم زخمی ہوگیا۔ درخواست گزار کے مطابق حادثہ نامعلوم ٹرک ڈرائیور کی مبینہ غفلت اور لاپروائی کے باعث پیش آیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ نامعلوم ٹرک ڈرائیور کے خلاف کارروائی اور مزید تفتیش جاری ہے۔
