دوحہ(آئی این پی )قطر کے وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے سعودی
عرب اور کویت کے وزرائے خارجہ کے ساتھ الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کر کے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق گفتگو میں خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں اور علاقائی امن و استحکام کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ فریقین نے موجودہ علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا اور ایسے اقدامات پر زور دیا جو خطے میں سلامتی اور استحکام کو فروغ دے سکیں۔قطر کے وزیرِاعظم نے اس موقع پر تنازعات کے کیلئے سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قطر تمام سفارتی اقدامات اور مذاکراتی کوششوں کی پشت پناہی کرتا ہے۔یہ رابطے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب مشرقِ وسطی میں جاری کشیدگی کے تناظر میں علاقائی ممالک سفارتی رابطوں اور بات چیت کے ذریعے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
