اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی خاک چھاننے والوں کو اب بنی گالہ دھوبی گھاٹ پر دھویا جائے گا، جتنا مرضی دھو لیں، یہ داغ گہرے اور مستقل ہیں صاف نہیں ہوں گے۔ پی ٹی آئی غنڈہ گردی کے ذریعے اقتدار تک پہنچنا چاہتی ہے۔ عمران خان اینڈ کمپنی ملک میں انارکی اور خانہ جنگی کی کیفیت پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے نئے پاکستان کی ایک اور شرمناک جھلک پوری قوم نے مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس کے دوران دیکھ لی۔ بیان میں آصف کرمانی نے کہا کہ عوام کی حمایت سے پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی ناکام بنا دیں گے۔ عمران خان 2018ءکے الیکشن میں شکست کی تیاری ابھی سے شروع کر دیں۔ آئندہ الیکشن ان شاءاللہ کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) ہی جیتے گی۔