مظفرآباد (وقائع نگار) وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آزاد کشمیر انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران کا اہم ریویو اینڈ پلاننگ اجلاس منعقد ہوا، جس میں معیارِ تعلیم کی بہتری، اساتذہ کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں، اداروں میں حاضری کے نظام کو مؤثر بنانے، محکمہ تعلیم کی ڈیجیٹائزیشن، اساتذہ کی تربیت اور انتظامی اصلاحات سمیت متعدد اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سہیل اعظم، سپیشل سیکرٹری ثریا خانم، ایڈیشنل سیکرٹری مصباح اعوان، ڈائریکٹر جنرل کریکلم راجہ نصیر احمد، سینئر چیف پلاننگ سیل جاوید منہاس، چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ سید طفیل بخاری، ایم ڈی ٹیچرز فاؤنڈیشن رضوانہ ملک، ڈائریکٹر توسیع تعلیم تسنیم گل، ڈپٹی ڈائریکٹر نظامت نسواں رضوانہ قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر نظامت مردانہ ندیم احمد، ڈپٹی سیکرٹری شکیل مغل، ڈائریکٹر ٹیکنیکل طاہر مسعود چغتائی، سینئر لیگل آفیسر اسلم عباسی، سیکشن آفیسر سید محمود حسین شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر کریکلم ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ فرید عباسی، پروگرام آفیسر ماجد حبیب، سسٹم انجینئر ای ایم آئی ایس فرجاد حکیم، پرائیویٹ سیکرٹری وزیر تعلیم عبدالقدیر، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز منیر خان اور حمزہ علی سید سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ وزیر تعلیم نے نو تعینات سیکرٹری تعلیم سہیل اعظم کو محکمہ میں خوش آمدید کہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے تعلیمی شعبے میں جاری اصلاحاتی عمل کو مزید تقویت ملے گی۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ثریا خانم نے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کو مؤثر بنانے اور اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لیے سینئر جنرل لائن، سینئر سائنس، صدر معلمین، کمپیوٹر انسٹرکٹرز اور ماہر مضامین کی خالی آسامیوں اور کوٹہ کا فوری تعین کرکے پبلک سروس کمیشن کو ریکوزیشن بھجوائی جائے گی، جبکہ محکمانہ کوٹے کے تحت مختلف کیڈرز کے سلیکشن بورڈز کی تیاری اور مستقل و ایڈہاک بھرتیوں کے لیے ضابطے کے مطابق فوری اقدامات کیے جائیںگے۔اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لیے ای ایم آئی ایس کی تیار کردہ اٹینڈنس ایپ متعارف کرانے اور بائیومیٹرک نظام کو فعال بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ابتدائی مرحلے میں 15 روز کے اندر ہر ضلع کے 50 پرائمری سکولوں میں ایپ انسٹال کی جائے گی، جبکہ مارچ 2027 تک ریاست بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں اس نظام کا نفاذ مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہائی، ہائیر سیکنڈری اور مڈل سکولوں میں نصب 1900 بائیومیٹرک ڈیوائسز میں سے 1700 فعال ڈیوائسز کو آئندہ سات روز میں مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا اور مرمت شدہ ڈیوائسز فوری طور پر متعلقہ اداروں کے سربراہان تک پہنچائی جائیں گی۔ باقی 200 سکولوں میں بھی اٹینڈنس ایپ کی فوری تنصیب کے احکامات جاری کیے گئے۔محکمہ تعلیم کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے ضلع کوٹلی کے ویب پورٹل منصوبے کو سراہتے ہوئے وزیر تعلیم نے اسے دیگر اضلاع تک وسعت دینے کے لیے جامع ورکنگ پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ایڈمنسٹریشن کے سید جمشید احمد بخاری اور حمزہ علی سید کی سربراہی میں کمپیوٹر انسٹرکٹرز محسن بشیر، واجد مظفر اور امیر حمزہ پر مشتمل ٹیم کے تیار کردہ اس منصوبے کے ذریعے تعلیمی اداروں کی کارکردگی سے متعلق ریئل ٹائم ڈیش بورڈ کی سہولت فراہم ہوگی، جبکہ اگلے مرحلے میں محکمہ تعلیم کو ای فائلنگ کے جدید نظام پر منتقل کیا جائے گا۔اجلاس میں وفاقی فاؤنڈیشنل لرننگ پالیسی 2026 کو آزاد کشمیر میں نافذ کرنے کے لیے ورکنگ پیپر تیار کرکے کابینہ سے منظوری حاصل کرنے اور تمام اضلاع میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے یونٹس فعال بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔جماعت نہم کے گزشتہ تعلیمی سیشن کے غیر تسلی بخش نتائج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے متعلقہ انکوائری کمیٹی کو فوری طور پر سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔ دوسری جانب SEPI رینکنگ کی بنیاد پر میٹرک کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعامات اور بہترین اساتذہ کو اسناد دینے کی منظوری دی گئی۔ اس مقصد کے لیے ضلعی اور ڈویژنل سطح پر تقریبات کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔انتظامی و سروس معاملات کے حوالے سے لیب اسسٹنٹس اور ایلیمنٹری ٹیچرز کے مختلف کیڈرز، جن میں ڈرائنگ، ٹیکنیکل اور ایگرو ٹیک شامل ہیں، کے سروس رولز پر کام کرنے والی کمیٹی کو سات روز میں سفارشات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ تمام انتظامی افسران کو اپنا تعلیمی و پیشہ ورانہ ریکارڈ مکمل رکھنے اور دفتری اوقات میں روزانہ کی بنیاد پر فائلوں کی بروقت پراسیسنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔سرکاری تعلیمی اداروں کی تعمیر و مرمت، ای سی رومز کے قیام اور تزئین و آرائش میں تعاون کرنے والے مخیر حضرات اور غیر سرکاری تنظیموں کی خدمات کے اعتراف میں ریاستی سطح پر خصوصی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ سید طفیل بخاری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی، جو اسسٹنٹ ڈائریکٹر حمزہ علی سید (فوکل پرسن) اور دیگر اراکین کی مشاورت سے ایک ہفتے میں تقریب کے انعقاد کے حوالے سے ورکنگ پیپر تیار کرے گی۔اجلاس کے اختتام پر وزیر تعلیم انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت آزاد کشمیر تعلیمی نظام میں شفافیت، میرٹ کی بالادستی، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے معیارِ تعلیم بلند کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سہیل اعظم نے بھی تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے متعارف کرائی جانے والی اصلاحات پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
