اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور روس کی یورال اسٹیٹ پیڈاگوجیکل یونیورسٹی کے اشتراک سے روسی زبان، تاریخ اور ثقافت کے دو روزہ عالمی میلے کا آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر پاکستان اور روس کے لسانی، ادبی اور ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے خصوصی علمی و ادبی نشستوں کا انعقاد کیا گیا۔میلے کا افتتاح روسی سفارت خانے کے ثقافتی، سائنسی و تعلیمی اتاشی گلیب شوبن نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جامعات روسی زبان، ثقافت اور تاریخ کے فروغ کے لیے طویل عرصے سے تعاون کر رہی ہیں۔ انہوں نے روسی سفیر البرٹ پی خوروف کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور یونیورسٹی انتظامیہ کا تقریبات کے انعقاد میں تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔پہلی نشست میں اردو اور روسی زبان کے حروفِ تہجی، رسم الخط اور صوتی خصوصیات کا تقابلی جائزہ لیا گیا، جبکہ دوسری نشست میں پاکستان اور روس کے قومی شعرا علامہ محمد اقبال اور الیگزینڈر پشکن کی ادبی و فکری خدمات کو اجاگر کیا گیا۔اقبال چیئر برائے تصوف و مسلم فکر کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے کلیدی خطاب میں پشکن اور اقبال: دو قومی شعرا کا مکالمہ کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے دونوں شعرا کے افکار، شاعری اور انسانی اقدار کے فروغ میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔روسی وفد میں شامل یورال اسٹیٹ پیڈاگوجیکل یونیورسٹی کے ماہرین تعلیم ایسوسی ایٹ پروفیسر رومن یوریوچ پروزوف، ایسوسی ایٹ پروفیسر انتون الیگزینڈروچ ڈولگوف، ایسوسی ایٹ پروفیسر لیوڈمیلا یوریونا ماکارووا اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ایوگینیا سرگیونا کراسنویرووا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ڈاکٹر زاہد مجید نے کہا کہ یہ علمی و ادبی نشستیں پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی، لسانی اور ثقافتی روابط کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے وژن کے تحت یونیورسٹی میں بین الاقوامی علمی و ثقافتی تبادلوں کے فروغ کے لیے ایسی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔یہ تقریبات یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنیشنل کولیبوریشن اور روسی زبان و ثقافت مرکز کے اشتراک سے منعقد کی گئیں۔
