All posts by Daily Khabrain

بھارتی ویزا نہ ملنے پر حور فواد ایونٹ میں شرکت سے محروم

کراچی(ویب ڈیسک) بھارت نے پاکستان مخالفت کی انتہا کردی، پاکستان کی 10 سالہ ٹیبل ٹینس اسٹار حور فواد کو این او سی جاری نہیں کیا۔ایشین ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام بھارتی ٹیبل ٹینس فیڈریشن کی نگرانی میں 22 جنوری کو دہلی میں 15 برس سے کم عمر کھلاڑیوں کے لیے ساﺅتھ ایشین ٹیبل ٹینس مقابلوں کے لیے پاکستان بھر سے واحد کھلاڑی10 سالہ حور فواد کا انتخاب عمل میںآیا تھا۔پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے بروقت انٹری کے بعد بار بار یاد دہانی کے باجود بھارتی حکومت نے قومی چیمپئین شپ کی سلور میڈلسٹ حور فواد کو این او سی جاری نہیں کیا جس کے سبب وہ بھارتی ویزا نہ ہونے پر ایونٹ میں شرکت سے محروم ہوگئی۔دوسری جانب بھارتی حکومت کے رویے سے آگاہ کرنے پر انٹرنیشنل اور ایشین فیڈریشنز نے قومی فیڈریشن کے سیکریٹری ایس ایم سبطین کو یقین دلایا ہے کہ حور فواد کو ایونٹ میں کامیاب قرار دے کر ایشین مقابلوں کے لیے وائلڈ کارڈ انٹری دیدی جائے گی جس کے بعد وہ عالمی ایونٹ کے لیے ہونے والے مقابلے میں شرکت کی اہل ہو جائے گی۔حورفواد کا کہنا ہے کہ میں نے مقابلے کے لیے بھر پور تیاری کر رکھی تھی اور کامیابی پاکر پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جتنے کے لیے بہت پر امید تھی لیکن بھارتی حکومت کے رویے سے مجھے بہت افسوس ہوا، دریں اثنا کھیلوں کے حلقوں نے اس اقدام پر بھارتی حکومت کی شدید مذمت کی ہے۔

ایمرٹس ایئر لائن نے مسافروں کے سامان کے وزن میں کٹوتی کردی

دبئی(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ایمرٹس ایئر لائن نے مسافروں کے سامان کے وزن میں کٹوتی کردی۔ ایمرٹس ایئرلائن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کے سامان کے وزن میں کٹوتی کے فیصلے کا اطلاق 4 فروری کے بعد ٹکٹ خریدنے والوں پر ہوگا۔اعلامیے کے مطابق اکنامی کلاس کا ٹکٹ حاصل کرنے والے مسافر 30 کے بجائے 25 کلو وزن ساتھ لے جانے کے اہل ہوں گے جب کہ بزنس اور فرسٹ کلاس مسافروں کے سامان کے وزن میں رد و بدل نہیں کیا گیا۔ایمرٹس ایئر لائن نے اپنی اکنامی ٹکٹ کو چار کٹیگریز میں تقسیم کیا ہے، پہلی کٹیگری ‘اسپیشل’ ہے جس میں فی مسافر کو 15 کلو سامان لے جانے کی اجازت ہوگی جب کہ دوسری کٹیگری ‘سیور’ میں مسافر کا سامان 25 کلو تک ہوسکتا ہے۔تیسری کٹیگری ‘فیلکس’ اور چوتھی ‘فیلکس پلس’ میں مسافروں کو 30 اور 35 کلو سامان لے جانے کی اجازت ہوگی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ سیریز کا امکان

لاہور (ویب ڈیسک ) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان نومبر میں شیڈول 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز فلڈ لائٹس میں ہونے کا امکان ہے۔پاکستانی ٹیم نے نومبر میں آسٹریلیا جاکر 2 ٹیسٹ میچز کھیلنا ہیں، جس کے لیے کرکٹ آسٹریلیا اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہا ہے کہ دونوں ٹیسٹ مصنوعی روشنیوں میں کھیلے جائیں۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق سیزن میں ایک ٹیسٹ مصنوعی روشنیوں میں ہوتا ہے جو ایڈیلیڈ یا برسبین میں کھیلا جاتا ہے تاہم اب ان مقامات پر مجوزہ سیریز کے دونوں میچز کو ڈے اینڈ نائٹ کرانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، اگرایسا ہوجاتا ہے توپھر یہ پہلی بار ہوگا کہ مکمل ٹیسٹ سیریز ڈے اینڈ نائٹ ہو۔

پی سی بی نے خواتین کرکٹرز کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا

لاہور(ویب ڈیسک): پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹرز کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا۔بورڈ نے 17 خواتین کرکٹرز کو کارکردگی کی بنیاد پر 6 ماہ کا سینٹرل کنٹریکٹ دیا جو یکم جنوری سے 30 جون تک ہوگا، بسمعہ معروف، جویریہ ودود، ناہیدہ بی بی اور ثنا میر کو اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔بی کیٹیگری پانے والوں میں نشرہ سندھو، سدرہ نواز اور ندا راشد شامل ہیں۔ عالیہ ریاض، انعم امین، ڈیانا بیگ، عمائمہ سہیل اور سدرہ امین کو سی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ایمن انور، کائنات امتیاز، عائشہ ظفر، منیبہ علی صدیقی اور نتالیہ پرویز ڈی کیٹیگری میں شامل ہیں۔ فریحہ محمود، غلام فاطمہ، ماہم طارق اور رامین اس بار کنٹریکٹ فہرست میں جگہ نہیں پاسکیں۔ عمانیہ سہیل پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ پانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

افغانستان کے فوجی بیس پر خودکش حملے میں 100 اہلکار ہلاک

کابل(ویب ڈیسک) افغانستان کے فوجی ٹریننگ سینٹر میں خود کش حملے میں 100 اہلکار ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے جب کہ جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور مارے گئے اور ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان خفیہ ایجنسی کے ٹریننگ سینٹر پر طالبان جنگجوﺅں نے حملہ کرکے 100 اہلکاروں کو قتل کردیا، جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور مارے گئے جب کہ چوتھے حملہ آور نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی مرکزی دروازے سے ٹکرادی۔بارود سے بھری گاڑی مرکزی دروازے سے ٹکرانے کے بعد حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے اندر داخل ہوئے، گھمسان کی لڑائی میں 100 افغان اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ 30 زخمی ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ کچھ زخمیوں کو کابل لے جایا گیا ہے۔افغان فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ جوابی کارروائی میں 3 طالبان جنگجوﺅں کو مار دیا گیا جب کہ ایک نے بارودی کار دھماکے سے اڑا دی۔ حملہ آوروں کی تعداد کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔افغان طالبان نے فوجی بیس پر خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور گروپ نے فوجی بیس میں گھس کر افغان فوجیوں کو نشانہ بنایا اور بڑی مقدار میں نقصان پہنچایا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبے لوگر میں گورنر اور خفیہ ایجنسی کے صوبائی صدر کے قافلے پر خود کش حملے میں 15 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

کرکٹ کی بہتری کیلئے نچلی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں گے، چیئرمین پی سی بی

لاہور(ویب ڈیسک) چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لئے نچلی سطح پر ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے کیوں کہ اس کے بغیر کرکٹ میں آگے بڑھنا مشکل ہے۔پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم میں کرکٹ آرگنائزرشیخ محمداسماعیل، واصف زمان اور شہبازعلی نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے ملاقات کی۔ کرکٹ آرگنائزر نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو کینن کرکٹ کے مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔کینن کرکٹ کے سیکرٹری شہبازعلی نے چیئرمین پی سی بی کو اپنے مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی جس میں انہوں نے بتایا کہ جلد ہی لاہور ریجن کی سطح پر کلب کر کٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس پر ابتدائی کام جاری ہے جب کہ کینن کرکٹ اسکول کرکٹ کے ساتھ صوبائی اور قومی سطح پر بھی کلب کرکٹ کے ایونٹس کروانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔شیخ محمد اسماعیل نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو یقین دلایا کہ وہ کرکٹ کے فروغ کے لئے اقدامات جاری رکھیں گے اور نوجوان کھلاڑیوں کوخود کو منوانے کے بھر پور مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔واصف زمان نے چیئرمین پی سی بی کو بتایا کہ لاہور میں کرکٹ گراو¿نڈز کی کمی ایک اہم مسئلہ ہے جس کے حل کے لئے بورڈ کو اقدامات کرنا چاہئیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ کرکٹ فروغ کے لئے کلب آرگنائزرز کا کردار بہت اہم ہے اور کینن کرکٹ نے کلب کرکٹ کے فروغ کے لئے جو منصوبہ بندی کی ہے اس طرز کے اقدامات سے ہی کلب کرکٹ دوبارہ سے فعال ہو گی۔احسان مانی کا کہنا تھا کہ کلب کرکٹ میں اسپانسرز کا آنا ایک اہم سنگ میل ہے، اسپانسرز کے آنے سے کلب کرکٹ میں بہتری آئے اور کلب کرکٹ میں بہتری کے لئے پی سی بی انتظامیہ تمام تر اقدامات اٹھائے گی۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ نچلی سطح پر ٹھوس اقدامات کے بغیر کرکٹ میں بہتری نہیں آسکتی جب کہ پرائیویٹ آرگنائزرز کی ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹس اور ریجزکو بھی کلب کرکٹ کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔احسان مانی نے مزید کہا کہ کلب کی سطح پر کوالٹی کرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد بھی اہمیت کا حامل ہے جس سے نوجوان کھلاڑیوں میں مقابلے کا رجحان بڑھے گا۔ کرکٹ آرگنائزرز نے چیئرمین پی سی بی کو پہلے کینن کپ کا اعزازی سوینئیر بھی پیش کیا۔

پاکستان میں کرکٹ نے ہاکی کو گول کردیا، شہباز سینئر

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق سیکرٹری شہباز سینیئر کہتے ہیں کہ گزشتہ 15 برسوں کے دوران ہاکی ہمارے نوجوانوں میں مقبول نہیں رہی اور اب نوجوان ہاکی کی جگہ کرکٹ کھیلنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ایکسپریس نیوز کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں شہباز سینئرکا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں اگر کسی بھی کھیل کے لیے جذبہ اور جنون ختم ہوجائے تو اس کا ٹاپ لیول پر رہنا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔ بچوں کے کرکٹ کی طرف رجحان کی بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ اس کھیل میں آکر مالی طورپر فائدے میں رہیں گے، اگر کوئی اچھا کرکٹر ہے تو وہ ٹیم میں جگہ حاصل نہیں بھی کرتا تو وہ کسی نہ کسی محکمے میں ملازمت حاصل کرلے گا، ملک اور بیرون ملک بہت سی لیگز ہورہی ہیں، وہاں جاکر کھیل لے گا۔ اس کے پاس بہت سے ایسے پلیٹ فارم ہیں جہاں جاکر وہ کھیل سکتا ہے۔شہباز سینئرکا کہنا تھا کہ جہاں تک ہاکی کی بات ہے تو اس کے لیے ملکی ہاکی میں پیسہ نہ ہونے کے برابر ہے، حکومتی فنڈنگ ویسی نہیں جیسی ہونے کی ضرورت ہے، ہاکی فیڈریشن کے پاس کوئی ایسا نظام یا پراپرٹی نہیں، جہاں ایسا سینٹر بناکر تعلیم، خوراک، جم، سوئمنگ پول اور کوچنگ سمیت پلیئرز کی تمام ضروریات کا خیال رکھا جاسکے۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ایسا نظام ہونا چاہیے کہ جس میں جونیئر لیول سے سینئرلیول تک کوالیفائیڈ کوچز اور ٹرینرز دستیاب ہوں، تمام کیمپ ایک جگہ پورے سال کے لیے پلان کرسکیں، اس وقت تک رزلٹ ملنا ناممکن ہیں۔ موجودہ صورت حال میں نوجوان ٹیم سے نتائج کی زیادہ امید نہیں رکھنا چاہیے۔ہاکی اولمپئنز کی جانب سے تنقید کے سوال پر ورلڈ کپ 1994 کی گولڈ میڈلسٹ ٹیم کے کپتان کا موقف تھا کہ ہم ایک دوسرے پر اتنا زیادہ کیچڑ اچھالتے ہیں کہ کسی کی عزت نہیں رہتی۔ انہیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اسی ہاکی نے انہیں اس مقام تک پہنچایاہے۔ ہاکی ان کی پہچان ہے اور اسی وجہ سے لوگ ان کی عزت اور احترام کرتے ہیں، ان کی یہ قومی ذمہ داری ہے کہ اپنی وہ رائے دیں جس سے قومی کھیل کی نیک نامی اور توقیر میں اضافہ ہو۔
یورپین ٹیموں کے سسٹم پر بات کرتے ہوئے شہباز سینئر نے اس بات کی تائید کی کہ ان کا اور ہمارا سسٹم بہت مختلف ہے۔ ہمارے ہاں ہر شہر میں الگ الگ انداز اور طریقہ کار سے ہاکی ہورہی ہے جب کہ گوروں میں ایسا نہیں، وہ ایک ہی طرح کی ہاکی کھیل رہے ہیں۔ ہمیں بھی ایسا ہی کرنا پڑے گا۔حکومتی رویے پر نالاں مستعفی ہونے والے سابق سیکریٹری پی ایچ ایف نے گلہ کیا کہ وزرات بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کا رویہ انتہائی مایوس کن رہا۔ جس کی وجہ سے تمام تر تنقید ہاکی فیڈریشن کو برداشت کرنا پڑی۔ اس سے ملک نام بدنام ہونے کے ساتھ کھیل کا بھی نقصان ہورہاہے۔ بہت کوشش کی کہ حکومت کو اس بات کا احساس دلائیں کہ ان کی دلچسپی اس جانب بہت ضروری ہے۔ پاکستان ہاکی کو سالانہ 20 کروڑ روپے سے زیادہ کی ضرورت ہے اور اس کے ساتھ لانگ ٹرم پلاننگ کی طرف توجہ دینا ہوگی۔شہباز سینئرنے کہا کہ جاپان،بیلجیم، انڈیا، ملائیشیا کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں ان ملکوں میں کس طرح ڈویلپمنٹ پر کام کیا۔ ہمیں ان ملکوں سے نصف بجٹ دے دیں، دوسال میں ہاکی کو دوبارہ کھڑا کرسکتے ہیں۔ حکومت اگر ہاکی کو ٹھیک کرنا چاہتی ہے تواس میں وہ ٹیکنوکریٹس لائے جو ان کے لیے نعرے لگانے والے نہ ہوں۔ اولمپئنز کی مشاورت سے ایسی اصلاحات بنائی جائیں جن سے مستقبل میں حالات بہت بہتر ہوسکیں۔ ہمارا موجودہ کوچنگ سسٹم درست نہیں، اب جدید ہاکی میں 2 کوچنگ کورس کرنے سے کام نہیں بنے گا۔ک وچ ایجوکیشن کی طرف پوری توجہ دینا ہوگی،اس کے سب تقاضوں کو اپنانا ہوگا۔جتنے گورے کوچز ہیں وہ کلب لیول سے کوچنگ کرنے کے ساتھ اپنی ایجوکیشن کو بڑھا کر اوپر آتے ہیں۔ ہمیں ان نوجوان کوچز پر فوکس کرنا ہوگا جن میں کوچنگ کی صلاحیت کے ساتھ انگلش میں بھی عبور ہو۔ہمیں کسی ایک کلب، صوبے یا گروپ کے بجائے پاکستان سے پیار کرنے والے نیک نیت لوگوں کو آگے لانے کی ضرورت ہے۔

پی ایس ایل 4 کا نیا ترانہ قبل از وقت ریلیز کیے جانے کی انکوائری شروع

لاہور(ویب ڈیسک) پی ایس ایل فور کے آفیشل ترانے کو قبل ازوقت سوشل میڈیا پر ریلیز کرنے کیخلاف انکوائری شروع کردی گئی۔سینئر جنرل منیجر مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ نے لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے گانے کولانچ ہونے سے 4 گھنٹے قبل ہی اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر ریلیزکردیا تھا، اس حوالے سے پی سی بی نے انکوائری تشکیل دی ہے جو معاملات کی تہہ تک جانے کے بعد اپنی رپورٹ چیئرمین احسان مانی کو پیش کرے گی۔پی ایس ایل 4 کےب آفیشل سانگ ’ کھیل دیوانوں کا‘ میں اس بارعلی ظفرکے بجائے فواد خان نے آوازکا جادو جگایا لیکن شائقین کو گانا پسند نہیںآیا اورانھوں نے نےا آفیشل سونگ کو مسترد کردیا ہے۔

سانحہ ساہیوال؛ حکومت جب تک حقائق سامنے نہیں لاتی اسے بیٹھنے نہیں دیں گے،شہبازشریف

اسلام آباد(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سانحہ ساہیوال پر دھرنا نہیں دیں گے لیکن حقائق بتائے جانے تک حکومت کو بیٹھنے بھی نہیں دیں گے۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ساہیوال میں جس طریقے سے ظلم کیا گیا اس کی شاید ہی کوئی مثال ہو، یہ بہت سنگین واقعہ ہوا ہے، بدترین سفاکی ہوئی ہے، ساہیوال کے قریب گاڑی روک کر اندھا دھند فائرنگ کی گئی، دنیا نے دیکھا کہ گاڑی کو ٹکر مار کرایک طرف کیا گیا۔ کار میں بیٹھے ماں باپ کو مار دیاگیا پھر 5 اور 7 سالہ بچیاں اور بھائی، تینوں کو گاڑی سے نکالا گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ معصوم بچوں نے واقعے کا پول کھول دیا اور بتایا کہ والد نے ہاتھ جوڑ کر کہا نہ مارو پیسے لے لو، عوام جاننا چاہتے ہیں ایسی سفاکی کیوں کی گئی، جھوٹ کیوں بولا گیا، اگر کار میں دہشت گردوں کی موجودگی یااسلحے کا شبہ تھا تو تلاشی کیوں نہیں لی گئی، پنجاب حکومت نے پچھلے 24 گھنٹوں میں واقعے پر اتنی قلابازیاں کیوں کھائیں، پنجاب حکومت نے ہر بار واقعے کو نیا رنگ دینے کی کوشش کی، پہلے کہا دہشت گرد تھے، پھر کہا نہیں وہ ڈرائیور دہشت گرد تھا۔ پھر کہا شیشوں پر سیاہ کاغذ تھے۔ اگر کار میں دہشت گردوں کی موجودگی یااسلحے کا شبہ تھا تو چیک کیوں نہیں کیا۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ حکومت کی لواحقین کو2 کروڑ روپے دینے کی بات افسوس ناک ہے، ایک طرف قوم سوگوار ہے اور وزیر اعظم 24 گھنٹے بعد ٹویٹ کرتے ہیں، کوئی سیاسی رنگ نہیں دینا چاہتا صرف یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ایسے واقعات پر عمران خان کس طریقے سے سیاست کرتے تھے، ماڈل ٹاﺅن واقعہ ہو یا قصور کی زینب کا واقعہ، کس طرح سیاست کی گئی، ہم دھرنا نہیں دیں گے لیکن حقائق بتائے جانے تک حکومت کو بیٹھنے بھی نہیں دیں گے، ہم نے تحریک التوا جمع کرائی ہے، کارروائی ملتوی کرکے تحریک منظور کریں۔ ایوان کی کمیٹی جے آئی ٹی کو مانیٹر کرے اور اس کی رپورٹ ایوان میں پیش کرے۔تحریک انصاف کی شیریں مزاری نے تحریک التوا کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے تحت تحریک التوا ابھی نہیں لائی جا سکتی۔ تحریک انصاف ہی کے علی محمد خان نے کہا کہ ساہیوال واقعہ بہت سنجیدہ ہے۔ اس معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کا موقف یکساں ہے۔ اپوزیشن لیڈر سے اتفاق کرتاہوں کہ اس معاملے پر بحث ہونی چاہیے۔ بعد ازاں پینل آف چیئر منزہ حسن نے تحریک التوا منظور کرتے ہوئے ایوان میں معمول کی کارروائی کو معطل کرتے ہوئے سانحہ ساہیوال پر بحث شروع کردی۔پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف نے بحث کے دوران کہا کہ سانحہ ساہیوال موجودہ حکومت کی بڑی نااہلی ہے، جس ادارے کو دہشت گردی سے بچانا ہے اس ہی نے بےگناہوں کو گولیوں سے بھون ڈالا، یہ معمولی واقعہ نہیں، اس سے ساری دنیا لرز گئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کا پھول لے کر جانا غلط اقدام ہے، کیا ریاست مدینہ میں ایسا ہوتا ہے؟۔ حکومت کوئی لفظ استعمال کرلے لیکن ریاست مدینہ کے الفاظ استعمال نہ کرے۔مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف نے کہا کہ ماضی میں عمران خان کہتے تھے کہ ماڈل ٹاﺅن میں سیدھی گولیاں ماری گئیں شہبازشریف استعفیٰ دیں، ساہیوال واقعے میں بھی براہ راست گولیاں ماری گئیں، یہاں ایک سانحہ ہوا ہے اور وزیراعظم قطر چلے گئے ہیں، یہ صبح کچھ شام کو کچھ کہتے ہیں، پولیس، سی ٹی ڈی اور صوبائی حکومت کے متنازع بیان آتے رہے، ایک طرف افسردہ ہونے کا بیان دوسری طرف سی ٹی ڈی کی تعریف کی گئی۔ کہا گیا کہ دہشت گردوں نے بچوں کو انسانی ڈھال بنایا، دہشت گردی ختم کرنے والے خود دہشت گرد بن گئے ہیں، اس سے زیادہ گھٹیاپن کیا ہوگا، پنجاب میں حکومت کی رٹ ختم ہوگئی ہے۔ قانون یہاں بڑے بڑے افراد کے خلاف سیاسی مقاصد کے لیے حرکت میں آسکتا ہے لیکن آج بھی راﺅ انوار دندناتا پھر رہا ہے اس کا احتساب نہیں ہوا، راﺅ انوار کا احتساب ہوتا تو ہوسکتاہے پولیس کو کچھ تو احساس ہوتا، آج موقع ہے کہ عمران خان جس انصاف کا دعویٰ کرتے تھے وہ کرکے دکھائیں۔وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ ساہیوال واقعہ قابل مذمت ہے، یہ جس نے کیا اسے سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے، اس قسم کے مقابلے کئی دہائیوں سے چلے آرہے ہیں، یہ روایت پچھلی حکومتوں نے ڈ الی، جے آئی ٹی کو ساہیوال واقعے پر 3دن کی مہلت دی گئی ہے، خواجہ آصف کو راﺅ انوار کی دہشت گردی کا غم تھا تو آپ نے ایکشن کیوں نہیں لیا، راﺅ انوار کا معاملہ اسمبلی میں لاتے سزا کیوں نہیں دی، ماڈل ٹاو¿ن واقعے پر کسی کو سزا ملی ؟ آپ تو اس وقت وزیر تھے اس وقت کیوں کارروائی نہیں کی گئی، سی ٹی ڈی کو مقابلے کی جرات ہوئی کیونکہ آپ نے پنجاب میں ان مقابلوں کی اجازت دی، ماڈل ٹاﺅن واقعہ بھول گئے ؟دو بچوں کا سر عام قتل بھول گئے ؟ اس وقت آپ نے کیوں کچھ نہیں کیا اب ایسے الفاظ بول رہے ہیں ،ہم وہی بھگت رہے ہیں جو آپ نے پنجاب پولیس کے ساتھ تباہی مچائی۔

پاکستان دوسرے ون ڈے میچ میں بھی پروٹیز کا شکار کرنے کیلیے بیتاب

لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی جنوبی افریقا کو شکست دیکر سیریز میں اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لیے بیتاب ہے۔پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں کل سیریز کے دوسرے میچ میں مقابل ہوں گی، گرین شرٹس پورٹ ایلزبتھ میں فتح کا اعتماد لیے میدان میں اتریں گے اور میزبان ٹیم پہلے میچ میں شکست کا بدلہ چکانے کی کوشش کرے گی، پروٹیز کو رن ریٹ بہتر بنانے جب کہ پاکستان کو بولنگ میں خامیوں پر قابو پانے کی فکر ہوگی، پاکستان غیر متاثر کن کارکردگی پیش کرنے والے عثمان شنواری کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کرسکتا ہے۔اس سے قبل کھیلے گئے تمام میچز میں ڈربن کے کنگز میڈ اسٹیڈیم میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے، گرین شرٹس نے 6 میچز میں سے 4 میں فتح سمیٹی، 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، فروری 2007 اور مارچ 2013 میں کھیلے جانے والے گزشتہ دونوں میچز میں پاکستان نے میزبان ٹیم پر برتری ثابت کی۔اس میدان پر گرین شرٹس کا سب سے زیادہ سکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز 2007 میں بنایا گیا تھا، محمد یوسف کی ناقابل شکست سنچری، یونس خان کے 93 اور شاہد آفریدی کے 77 رنز (ناٹ آو¿ٹ) شامل تھے، عمران نذیر نے 57 کی اننگز کھیلی، دسمبر 2002 میں پاکستان ٹیم یہاں اپنے سب سے کم ٹوٹل 140 تک محدود رہی،شان پولاک اور نکی بوئے نے 3،3 شکار کیے تھے۔