All posts by Khabrain News

سندھ سے تحریک انصاف چھوڑنے والی 2 اہم شخصیات کا جہانگیر ترین سے رابطہ

لاہور: (ویب ڈیسک) سندھ سے تحریک انصاف چھوڑنے والی 2 اہم شخصیات نے جہانگیر ترین سے رابطہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا اور سندھ سے بھی کئی لوگ جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں اور جہانگیر ترین کی ملک بھر سے مختلف رہنماؤں سے مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین آج بھی کئی اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور ان کی جانب سے رواں ہفتے ہی نئی پارٹی کا اعلان متوقع ہے۔
یاد رہے کہ جہانگیر ترین 9 مئی کے واقعات کے بعد ایک مرتبہ پھر سے سیاست میں متحرک ہوئے اور انہوں نے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا تاہم ابھی تک انہوں نے پارٹی کے متعلق کچھ بھی میڈیا میں جاری نہیں کیا ہے۔

حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ تجاویز آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کر دیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ تجاویز آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کردیں۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف بجٹ کا جائزہ لے کر وزارت خزانہ حکام سے بجٹ پر بات چیت کرے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایف بی آر اہداف اور قرضوں کی ادائیگیوں سمیت اہم اہداف کی تجاویز آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں جبکہ آئی ایم ایف کی سٹیٹ بینک حکام سے آئندہ مالی سال کیلئے فنانسنگ پر بھی بات چیت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کے حکام آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ سے قبل معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان چاہتا ہے سٹاف لیول معاہدہ منظوری کیلئے فوری آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کو بھیجا جائے، سٹاف لیول معاہدہ مکمل ہوتے ہی دسویں اور گیارہویں جائزے کے لیے مذاکرات شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات بہت اچھے ہوتے ہیں لیکن خط و کتابت کے وقت آئی ایم ایف کا رویہ بدل جاتا ہے۔

روپیہ تنزلی کا شکار، انٹربینک میں امریکی ڈالر مہنگا

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 38 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 285 روپے 80 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 285 روپے 42 پیسے پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکسچینج میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا، 146 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 100 انڈیکس 41 ہزار 486 پوائنٹس کی سطح پر آگیا ہے۔

اوول کے ہیرو فضل محمود کو بچھڑے 18 برس بیت گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) دراز قد، گورا رنگ، نیلی آنکھیں، پرکشش شخصیت کے مالک کرکٹر فضل محمود کو بچھڑے 18 برس بیت گئے، فضل محمود نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ نیشن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا، اوول ٹیسٹ میچ میں تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
گورا رنگ، دراز قامت، سلیقے سے جمی ہوئی زلفیں اور سیاہ پلکوں کے عقب سے جھانکتی ہوئی نیلی آنکھوں والے فضل محمود 18 فروری 1920ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، متحدہ ہندوستان میں رنجی ٹرافی میں حصہ لے کر فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کیا۔
1946ء کے دورہ انگلینڈ کے لئے منتخب نہ ہونے پر بہت دلبرداشتہ ہوئے، اس زمانے میں قائداعظم اسلامیہ کالج لاہور آئے تو فضل محمود سے ان کا تعارف ہوا، قائد اعظم ان کی کرکٹ کی کارکردگی سن کر بہت خوش ہوئے۔
فضل محمود نے قیام پاکستان کے بعد 16 اکتوبر 1952ء میں بھارت کے خلاف اپنا کیریئر شروع کیا، 1954ء میں انگلستان کے دورے پر ملکہ برطانیہ بھی فضل محمود کی آنکھوں سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں اور کہا آپ کی آنکھیں کتنی نیلی ہیں۔
فضل محمود نے انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں 99 رنز کے عوض 12 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی یادگار فتح دلائی، 1955ء میں انہیں وزڈن کرکٹر آف دی ایئر کا خطاب دیا گیا، انہوں نے اگست 1962ء میں انگلستان کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کھیل کر کرکٹ کو الوداع کہا۔
فضل محمود نے 1947ء میں محکمہ پولیس میں بطور انسپکٹر ملازمت اختیار کی، 1976ء میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس بن گئے، فضل محمود کی اعلیٰ کارکردگی پر حکومت پاکستان نے تمغہ حسن کارکردگی اور ہلال امتیاز کے اعزاز سے نوازا۔
وہ 30 مئی 2005ء کو خالق حقیقی سے جا ملے، ان کے انتقال کے بعد اکتوبر 2021ء کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کا نام ایک شفاف ووٹنگ کے ذریعے ہال آف دی فیم لسٹ میں شامل کیا۔

آئی سی سی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو پاکستان پہنچ گئے

لاہور : (ویب ڈیسک) چیئرمین انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) گریک بارکلے پاکستان پہنچ گئے۔
آئی سی سی چیئرمین گریک بارکلے غیر ملکی پرواز کے ذریعے دبئی سے لاہور پہنچے جبکہ چیف ایگزیکٹو جیوف آلارڈائس بھی ان کے ہمراہ پاکستان آئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے عہدیداران نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔
بعدازاں آئی سی سی چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کو ائیرپورٹ سے بلٹ پروف گاڑی میں نجی ہوٹل منتقل کر دیا گیا۔
گریک بارکلے آج پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی سمیت مختلف شخصیات سے ملاقات کریں گے ۔
خیال رہے کہ گریگ بارکلے 15 سال کے عرصے میں پاکستان آنے والے آئی سی سی کے پہلے چیئرمین ہیں، آخری بار 2008 میں آئی سی سی کے سابق صدر رے مالی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
اکتوبر 2004 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ آئی سی سی کے دو ٹاپ آفیشلز پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کر رہے ہیں۔

سوڈان کی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق

خرطوم : (ویب ڈیسک) سوڈان کی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز ( آر ایس ایف ) کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کر لیا گیا۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان کی فوج اور اس کی حریف نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان جنگ بندی میں پانچ دن کی توسیع کا اعلان سعودی عرب اور امریکا کی طرف سے ایک مشترکہ بیان میں کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس توسیع سے مزید انسانی امداد، ضروری خدمات کی بحالی اور ممکنہ طویل مدتی توسیع پر بات چیت کے لیے وقت ملے گا۔
یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب دونوں فریقوں پر متزلزل جنگ بندی میں توسیع کے لیے دباؤ تھا جو پیر کو ختم ہونے والی تھی۔
اپریل کے وسط میں جنرل عبدالفتاح البرہان کی قیادت میں فوج اور آر ایس ایف کے رہنما جنرل محمد حمدان دگالو کے درمیان لڑائی شروع ہونے کے بعد سوڈان افراتفری کا شکار ہے۔
سوڈان کی طبی تنظیموں کے مطابق لڑائی کے دوران کم از کم 866 شہری ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔
تنازعہ نے دارالحکومت اور دیگر شہری علاقوں کو جنگ کے میدانوں میں تبدیل کر دیا ہے جس کی وجہ سے تقریباً 1.4 ملین افراد سوڈان کے اندر اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ علاقوں کی طرف یا پڑوسی ممالک میں جانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے مطابق مکانات اور شہری بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا ہے جس سے ہزاروں لوگ اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی کا جعلی زرعی ادویات کے سدباب کیلئے کریک ڈاؤن کا حکم

لاہور : (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبہ بھر میں جعلی زرعی ادویات کے سدباب کے لئے کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں میں کپاس کی بوائی و پیداوار بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں کپاس کے کاشتکاروں کو امدادی نرخ پر زرعی ادویات کی فراہمی کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، پنجاب بینک کے”شاندار کپاس پروگرام” کے تحت کاشتکاروں کو آسان شرائط پر قرض دینے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
دوران اجلاس وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کاٹن کراپ مینجمنٹ کیلئے ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام شروع کیا جارہا ہے، ینگ ایگریکلچرگریجوایٹس کے ذریعے کاٹن کراپ مینجمنٹ ایڈوائزری سروس شروع کی جائے گی، ملتان میں انٹرنیشنل کاٹن کانفرنس منعقد کی جائے گی، بہاولپور میں 2 لاکھ 8 ہزار 400 ایکڑ رقبے پر کپاس کی ریکارڈ بوائی مکمل ہوچکی ہے۔
اپٹما نے گزشتہ برس کی نسبت رواں برس زیادہ رقبے پر کپاس کی بوائی پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اوران کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا، ماہرین کا کہنا تھا کہ اچھی فصل کیلئے ڈی اے پی، فاسفیڈ او ریوریا کھادوں کا استعمال ضروری ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کا شتکار کے استحصال کی اجازت نہیں دیں گے، پولیس اور متعلقہ محکمے جعلی ادویات تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف بلامتیاز کارروائی کریں۔
سیکرٹری زراعت، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری خزانہ، اپٹما کے عہدیدار فواد مختار، انوار غنی، کمشنر لاہور ڈویژن، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، محکمہ زراعت کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال کے کمشنرز اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

نئے قانون سے مائنس عمران اور پلس نواز فارمولا وجود میں آسکتا ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کل ایک قانون نافذ العمل ہوا ہے، جس سے مائنس عمران خان اور پلس نواز شریف فارمولا وجود میں آسکتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ رات نیب کا نوٹس موصول ہوا ہے جس کا آج تحریری جواب دے رہا ہوں، جبکہ میں یہ بتاچکا ہوں القادر ٹرسٹ ایجنڈے کے وقت میں موجود نہیں تھا، کیونکہ شہزاد اکبر سے میری کبھی بھی بات چیت نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ میرے سمیت ساری قوم 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہے، لیکن 13 پارٹیوں کا ٹولہ اسے اپنا سیاسی بیانیہ نہ بنائے، ایک مہینے سے دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہو رہی ہے اور ہمارے گندے کپڑے میڈیا پر دھوئے جا رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کہتی ہے کہ چند لوگوں کیلئے قانون سازی نہیں ہو سکتی، دیکھیں یکم جون کو سپریم کورٹ کیا فیصلہ کرتی ہے، نوازشریف بھی آ جائے تاکہ روز روز کی چک چک ختم ہو، نوازشریف کی گاڑی چھوٹ چکی ہے۔
میرےسمیت ساری قوم9مئی کےواقعات کی مذمت کرتی ہے لیکن13پارٹیوں کاٹولہ اسےاپنا سیاسی بیانہ نہ بنائےایک مہینےسےدنیامیں ہماری جگ ہنسائی ہورہی ہےاورہمارےگندےکپڑےمیڈیاپردھوئےجارہےہیں سپریم کورٹ کہتی ہےکہ چندلوگوں کےلیےقانون سازی نہیں ہوسکتی دیکھیں یکم جون کوسپریم کورٹ کیافیصلہ کرتی ہے
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ جب ڈالر 312روپے کا ہوگا اور 18 لاکھ آٹے کے تھیلے رمضان میں غائب ہوں گے تو لوگوں کو سمجھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، 7 کروڑ نوجوانوں کی جیب میں موبائل فون ہیں جو اپنا فیصلہ خود کرنے کا شعور رکھتے ہیں، جنہیں بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔

احتساب عدالت نے شاہد خاقان کیخلاف پی ایس او ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا۔
احتساب عدالت کراچی میں پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس احتساب عدالت سے ٹرانسفر کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے ریفرنس ٹرانسفر کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا۔
درخواست ریفرنس کے شریک ملزم شیخ عمران الحق کے جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم کے بعد اب عدالت کا سماعت کا اختیار نہیں۔
خیال رہے کہ نیب ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی سمیت سابق مینیجنگ ڈائریکٹر پی ایس او شیخ عمران الحق، سابق وفاقی سیکرٹری ارشد مرزا اور ستاریعقوب شامل تھے، شاہد خاقان عباسی و دیگر کے خلاف ریفرنس 2020 دائر کیا گیا تھا۔

مریم اورنگزیب نے عمران خان کو سند یافتہ جھوٹا قرار دیدیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سند یافتہ جھوٹا قرار دے دیا۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ سند یافتہ جھوٹا سانحہ 9 مئی پر عوامی ردعمل پر مظلوم بننے کا نیا جھوٹ گھڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی شخص ہے جس نے انصاف کی متلاشی طیبہ گل کو اغوا کیا تھا، دنیا کو گمراہ کرنے کا یہ اوچھا ہتھکنڈا بھی سائفر اور دیگر ڈراموں کی طرح فلاپ ہو گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈا نہ کرو، ثبوت دو، ورنہ زبان بند کرو، یہ بڑا سنگین الزام ہے جسے ہم کسی صورت نہ برداشت کر سکتے ہیں، نہ کریں گے۔