All posts by Khabrain News

آج جو فصل ن لیگ بو رہی ہے کل اسے کاٹے گی: شیخ رشید احمد

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت کوئی شوگر فیکٹری نہیں ہوتی عوام کے دلوں میں ہوتی ہے، آج جو ن لیگ فصل بو رہی ہے کل اسے کاٹے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ قصور کا بریانی جلسہ لال حویلی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، یوم تکبیر کے ایٹمی دھماکوں پر راجہ ظفرالحق، گوہر ایوب اور خود کو کریڈٹ دیتا ہوں، باقی ساری کابینہ نوازشریف سمیت دھماکوں کی مخالف تھی۔
سیاسی جماعت کوئی شوگرفیکٹری نہیں ہوتی عوام کےدلوں میں ہوتی ہےآج جون لیگ فصل بورہی ہےکل اُسےکاٹے گی قصورکابریانی جلسہ لال حویلی کاکچھ نہیں بگاڑسکتایوم تکبیرکےایٹمی دھماکوں پرراجہ ظفر الحق گوہرایوب اورخودشیخ رشیدکوکریڈیٹ دیتاہوں باقی ساری کابینہ نواز شریف سمیت دھماکوں کی مخالف تھی
سابق وزیر نے کہا کہ جن کا جینا مرنا پاکستان میں ہے ان کو ای سی ایل میں ڈالا جا رہا ہے، جن سزا یافتہ مفرور مجرموں کی جائیدادیں، اولاد پاکستان سے باہر ہے ان کو سفارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے، جب اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو پرائیویٹ جہازوں سے بھاگتے ہیں، ان کو ای سی ایل میں ڈالنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ 13 جماعتوں کے لیڈر نیلامی میں اور عوام پریشانی میں ہیں، اداروں سے درخواست ہے کہ 9 مئی کی غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے، لیکن کس کے کہنے پر پولیس خواب خرگوش سوئی رہی، یہ سب سے اہم ترین سوالیہ نشان ہے، اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
13جماعتی ٹولاعوام میں نفرت کا نشان بن چکاہےووٹ مانگنے والےپارٹیاں چھوڑ رہے ہیں ووٹ دینے والے ابھی نہیں بدلےIMFسےچھٹی اوردوستوں سے کٹی ہےسزا یافتہ مجرم مفرورنوازشریف مذاکرات کیوں کرےگاالیکشن کیوں کرائےگارات جو لندن کے کیفے میں اُسکے ساتھ ہواوہی اُسکی مقبولیت کامنہ بولتا ثبوت ہے
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ کوئی بھی محب وطن پاکستانی اپنی فوج کے خلاف نہیں ہو سکتا، لیکن پی ڈی ایم کے چوروں کے ساتھ بھی کھڑا نہیں ہو سکتا۔

رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا رد عمل آگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس نے جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی پر شک دور کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم نے وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے بارے میں کوئی شک رہ گیا تھا تو اس سند یافتہ مجرم کی اس پریس کانفرنس نے ایسے تمام شکوک و شبہات دور کر دیئے۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ رانا ثنا اللہ واضح طور پر میڈیا میں سامنے آنے والی خوفناک کہانیوں کو روکنے اور چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، پرامن احتجاج کرنے والی خواتین کے ساتھ کبھی بھی ریاست کی جانب سے اتنا برا سلوک اور انہیں ہراساں نہیں کیا گیا جتنا اس فاشسٹ حکومت نے کیا ہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے علی اعوان نواز کی رہا ئشگاہ کو منہدم کرنے کی کارروائی کی شدید مذمت کی۔
حکام کی جانب سے علی نواز اعوان کی رہائشگاہ کو منہدم کرنے اور ان کے گھر کے مرکزی دروازے کو گرانےکیلئےکی جانےوالی افسوسناک اور نہایت بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکام کی جانب سے علی نواز اعوان کی رہائشگاہ کو منہدم کرنے اور ان کے گھر کے مرکزی دروازے کو گرانے کیلئے کی جانے والی افسوسناک اور نہایت بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہوں، ان کی ضعیف والدہ اور ان کی ہمشیرہ، معذوری کے باعث جن کا شمار خصوصی افراد میں ہوتا ہے، اس رہائشگاہ میں مقیم ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اب تک کے اقدامات سے یہ تو ثابت ہوتا ہے کہ پی ڈی ایم سرکار اخلاقیات نام کی کسی شے سے واقف نہیں مگر کم از کم اللہ کے غضب سے تو ڈرے جسے یہ اپنے ان فسطائی اقدامات کے ذریعے دعوت دے رہے ہیں۔

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ۔
ملک کے مختلف شہروں میں صبح دس بج کر 52 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، جس کے بعد شہری گھروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح مری گلیات ، راولپنڈی، سرگودھا، خوشاب، چناب نگر ، چنیوٹ، چکوال، اٹک، وزیر آباد اور فیصل آباد میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، سوات، صوابی، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، لوئردیر اور شبقدر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد اور گردونواح کے علاوہ گلگت بلتستان میں دیامر اور ملحقہ علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ زلزلے کی زیرزمین گہرائی223کلو میٹر تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کا بتانا ہے کہ زلزلے کا مرکز پاک افغانستان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔
زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ممالک میں بھی محسوس کیے گئے ہیں ۔

شکار پور: مسلح افرادکی فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق

شکارپور : (ویب ڈیسک) سندھ کے ضلع شکار پورمیں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے باپ بیٹے کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
فائرنگ کا افسوس ناک واقعہ نبی شاہ وگن تھانہ حدود گاؤں منگت واہ میں پیش آیا جہاں مکان پر مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ کے بعد مسلح ملزمان فرار ہوگئے ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی ، پولیس کاکہنا ہے کہ جاں بحق باپ بیٹے کی شناخت پھلوان مندھرانی اور میھر مندھرانی کے نام سے ہوئی ہے، لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
پولیس کاکہنا ہے کہ واقعہ مندھرانی قبیلے کے دو گروپوں میں جاری دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔

آئی ایم ایف کی شرائط کڑی، معاہدہ ہونا بہت مشکل ہے: زبیر موتی والا

کراچی: (ویب ڈیسک) چیئرمین ٹریڈ ڈوپلپمنٹ اتھارٹی زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے معاہدے کیلئے بہت کڑی شرائط رکھی ہیں معاہدہ ہونا بہت مشکل ہے۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں ٹیکسپو نمائش کے موقع پر زبیر موتی والا کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کیلئے آئی ایم ایف سے ایگریمنٹ ہونا ضروری ہے، ٹیکسپو نمائش میں روس کی جانب سے خصوصی دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے، وزیر اعظم نے بھی ٹیکسپو نمائش پر تعریف کی ہے، پہلی بار 160 ممالک سے 480 سے زائد مندوبین نے شرکت کر کے ریکارڈ قائم کر دیا۔
زبیر موتی والا نے کہا کہ ٹیکسپو نمائش میں 250 ملین ڈالر کے برآمدی ہوگئے ہیں، بیرونی سرمایہ کار پاکستانی ٹیکسٹائل کی مصنوعات سے کافی مطمئن ہیں، ٹیکسپو نمائش کے اختتام تک 500 ملین ڈالر کے معاہدے طے پانے کی توقعات ہیں، نمائش میں ایک ہزار سے زائد بزنس ٹو بزنس میٹنگز ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی مندوبین نے پاکستانی مصنوعات کو بھارت سے بہتر قرار دے دیا ہے، اب تک نمائش میں برازیل، ملائیشیا ، پولینڈ ، متحدہ عرب امارات، سعودیہ عرب، ہانگ کانگ، سپین کے ساتھ معاہدے طے پائے ہیں، وزیر اعظم نے ایکسپورٹ کی ترقی کیلئے بہت جلد دوسری ملاقات کا کہا ہے۔
چیئرمین ٹریڈ ڈوپلپمنٹ اتھارٹی نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ ری فنڈز کو 72 گھنٹے میں کلیئر کریں۔

آج سورج بیت اللہ شریف کے عین اوپر سے گزرے گا

ریاض : (ویب ڈیسک) مکہ مکرمہ میں آج ( 28 مئی کو ) سورج بیت اللہ شریف کے اوپر سے گزرے گا جس سے قبلہ کے درست رخ کا تعین کیا جا سکے گا۔
غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ سورج کعبہ شریف کے اوپر سے گزرے گا جس سے قبلہ کے رخ کا تعین کرنے میں مدد ملے گی۔
اس روز کعبہ کا سایہ نہیں ہو گا اور دنیا بھر کے سایوں کا رخ کعبہ شریف کی طرف ہو جائے گا۔
جدہ فلکیاتی کمیٹی کے بیان میں کہا گیا ہےکہ فلکیاتی حساب کے مطابق سورج خانہ کعبہ کے اوپر 90 ڈگری کے زاویے پر ہوگا، اس صورت حال میں سورج خانہ کعبہ کے متوازی یعنی ایک ہی خط عمود پر آجاتا ہے جس کی وجہ سے خانہ کعبہ کا سایہ دکھائی نہیں دیتا۔
پاکستانی وقت کے مطابق دن کے 2 بج کر 26 منٹ پر سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آئےگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے بعد دوبارہ سورج 16جولائی کو بیت اللہ کے اوپر سے گزرے گا اور اس روز بھی قبلہ رخ کا تعین کیا جا سکتا ہے۔

امریکا کے ڈیفالٹ ہونےکا خطرہ ٹل گیا

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکا کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے قرض حد مقرر کرنے کے بل پر اتفاق ہو گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ڈیموکریٹ اور ری پبلکنز کا قرض حد مقرر کرنے کے بل پر اتفاق ہوا ہے ، اس بل پر اتفاق امریکی صدر بائیڈن اور سپیکر ایوان نمائندگان میک کارتھی کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
امریکی میڈیا کے مطابق اکتیس اعشاریہ چارٹریلین ڈالر کے قرض کی حد کو دو سال کیلئے بڑھانے پر اتفاق کیاگیا ہے ، سپیکر ایوان نمائندگان کاکہنا ہے کہ معاہدےکےمطابق اخراجات محدود کیے جائیں گے۔
معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے بل پر رائے شماری بدھ کو ہو گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بل منظوری کے بعد امریکا پر ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل جائے گا۔

ترکیہ: صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے کیلئے ووٹنگ جاری

انقرہ : (ویب ڈیسک) ترکیہ میں صدارت کیلئے رجب طیب اردگان اور کمال قلیچ دار اوغلو آج پھر مدمقابل ہونگے ، صدر کے انتخاب کے دوسرے مرحلے میں ’رن آف الیکشن‘ کیلئے پولنگ جاری ہے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے(پاکستانی وقت 7 بجے) تک جاری رہےگا۔
ترکیہ میں 14 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ووٹر ٹرن آؤٹ 90 فیصد رہا تاہم کسی بھی امیدوار کے 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کے باعث صدر کا فیصلہ نہ ہو سکا اور انتخابی عمل دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا۔
پہلے مرحلے میں رجب طیب اردگان کو اپنے مخالف امیدوار پر 5 پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی تھی تاہم وہ 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرپائے، وہ پہلے مرحلے میں 49.52 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 44.89 فیصد ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے اور سنان اوغنان 5.17 فیصد ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھے جبکہ پارلیمانی انتخابات میں رجب طیب اردگان کے اتحادی بلاک نے واضح اکثریت حاصل کر لی تھی۔
ترکیہ میں نئی پارلیمنٹ کی تشکیل بنیادی طور پر دائیں بازو کی ہے جس میں اسلام پسند اور قوم پرست رجحانات ہیں، رجب طیب اردگان کی بات کی جائے تو وہ پہلے ہی وعدہ کر چکے ہیں کہ وہ زلزلے سے لاکھوں متاثرہ افراد کو متاثرہ ایک سال کے اندر نئے گھر فراہم کریں گے۔
اردگان نے روسی ثالثی کی کوششوں کے نتیجے میں شام اور ترکی کے درمیان مذاکرات میں بہتری کی وجہ سے شامی مہاجرین کی مزید “رضاکارانہ” واپسی کا بھی وعدہ کیا ہے ۔
کمال قلیچ داراوغلو نے صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے کے لیے جاری رہنے والی دو ہفتے کی مہم کے دوران موجودہ حکومت کی تباہ کن معاشی صورتحال اور قوم پرستانہ خدشات کی جانب حامیوں کی توجہ دلانے کی کوشش کی ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ میں ہر پانچ سال بعد انتخابات ہوتے ہیں، ترک قوانین کے مطابق گزشتہ انتخابات میں 5 فیصد ووٹ حاصل کرنے والی پارٹی صدارتی امیدوار نامزد کر سکتی ہے یا پھر ایسا شخص جس کی نامزدگی کو ایک لاکھ لوگوں کی دستخط کے ساتھ حمایت حاصل ہو وہ صدارتی امیدوار بن سکتا ہے۔
قانون کے مطابق جو امیدوار برتری کیساتھ 50 فیصد ووٹ حاصل کرلے گا وہ صدر منتخب ہو جائے گا تاہم 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کی صورت میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والے دو امیدواروں کے درمیان دوسرے مرحلے میں ووٹنگ ہوتی ہے۔

جونیئرہاکی ایشیا کپ: پاکستان اور بھارت کا میچ ایک ایک گول سے برابر

اومان : (ویب ڈیسک) اومان کے شہر صلالہ میں جاری جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونیوالا میچ ایک ۔ ایک کی برابری پر ختم ہوگیا۔
گروپ بی میں شامل روایتی حریف ٹیموں کے درمیان میچ سنسنی خیز ثابت ہوا، دونوں ٹیموں کی جانب سے شروع ہی سے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا گیا اور دونوں ہی نے اچھے مووز بنائے۔
میچ میں پہلی کامیابی بھارت کو 24 ویں منٹ میں ملی جب شردآنند تواری نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کردیا بھارت کی یہ برتری 44 ویں منٹ میں اس وقت ختم ہوگئی جب پاکستان کے بشارت علی نے گیند کو جال تک پہنچا کر مقابلہ ایک ۔ ایک سے برابر کردیا۔
پاکستان کو اس کے بعد برتری کا موقع ملا مگر گرین شرٹس اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور ایک ۔ ایک کی برابری پر مقابلہ اختتا کو پہنچا ۔
پاکستان کے عبدالحنان شاہد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ایونٹ میں پاکستان اگلا میچ جاپان کیخلاف پیر کو کھیلے گا ، پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 7 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔

لنڈی کوتل: کمرے کی چھت گرنے سے 11سالہ بچی جاں بحق ، 8 افراد زخمی

پشاور: (ویب ڈیسک) لنڈی کوتل میں بوسیدہ کمرے کی چھت گرنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے ۔
خیبر لنڈی کوتل کے علاقے گاگرہ میں بوسیدہ کمرے کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 11 سالہ بچی جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی افراد نے زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے ۔
ہسپتال زرائع کاکہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین و بچےبھی شامل ہیں ۔