All posts by Khabrain News

پشاور ہائی کورٹ نے علی امین گنڈاپور کو بڑا ریلیف دے دیا

ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور کو بڑا ریلیف دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا  کی الیکشن کمیشن نوٹس کے خلاف دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ   کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس فہیم ولی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔

عدالت نے علی امین گنڈاپور کی درخواست پر الیکشن کمیشن کا 20 نومبر کا نوٹس معطل  کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔

علی امین گنڈاپور کے وکیل بشیر خان وزیر ایڈووکیٹ نے  درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعلیٰ کو الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات سے متعلق نوٹس جاری کیا ہے۔ پہلے بھی الیکشن کمیشن نے ایسا ہی نوٹس جاری کیا تھا اور عدالت نے اس کو بھی معطل کیا تھا۔

جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ ایک بار عدالت نے نوٹس معطل کیا ہے تو پھر کیسے الیکشن کمیشن نے نوٹس بھیجا؟۔ آپ کو چاہیے تھا کہ توہینِ عدالت درخواست کرتے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس نوٹس میں ایک فرق ہے۔  20 نومبر کو الیکشن کمیشن نے فریش نوٹس جاری کیا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کا 20 نومبر کا نوٹس معطل  کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

اسکوئڈ گیم اسٹار کی کنچے کھیلنے کی ویڈیو وائرل

نیٹ فلکس کی مقبول سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ کے اسٹار وی ہا جون نے کلپ میں مقبول کھیل ’کنچے‘ کھیل کر اپنے مداحوں کو حیران کر دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں وی ہا جون کنچے کھیلنا سیکھتے دکھائی دے رہے ہیں اور کہتے ہیں، ’یہ بھارتی کھیل کنچے ہے۔ پانچ یا اس سے زیادہ کنچے باہر نکالنے پر کامیابی ملے گی‘۔

ویڈیو میں ان کے ساتھ اسکوئڈ گیم کا پِنک گارڈ بھی ساتھ کھڑا نظر آتا ہے۔

وی ہا جون پہلی کوشش میں کوئی کنچا مارنے میں ناکام رہے، لیکن اگلی کوشش میں انہوں نے کھیل کا طریقہ سیکھ لیا۔ ویڈیو کے آخر میں انہوں نے کہا، ’یہ دلچسپ ہوگا اگر کنچے کو اسکوئڈ گیم میں شامل کیا جائے‘۔

یاد رہے کہ اسکوئڈ گیم کا دوسرا سیزن 26 دسمبر 2024 کو ریلیز ہوا ہے جس نے خوب شہرت حاصل کی ہے، اسکوئڈ گیم کی کہانی مالی مشکلات کا شکار افراد پر مبنی ہے، جو مختلف جان لیوا کھیلوں میں حصہ لیتے ہیں، اور جیتنے والے کو بڑی رقم ملتی ہے۔

 وی ہا جون، جو پہلے سیزن میں جیتنے والوں میں شامل تھے، دوسرے سیزن میں ایک جاسوس کے طور پر کھیل کو ختم کرنے کی کوشش کرتے ہیں

تحریری مطالبات دیے جا سکتے ہیں نہ مذاکرات جاری رہیں گے، پی ٹی آئی رہنما نے وجہ بتادی

پی ٹی آئی رہنما نے حکومت کو تحریری مطالبات نہ دیے جانے اور مذاکرات جاری رہنے یا نہ رہنے کی وجہ بتادی۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ اگر ملاقات نہیں ہوتی تو مذاکرات جاری نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر مطالبات تحریری طور پر نہیں دیے جا سکتے۔

بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ ملاقات اس لیے ضروری ہے کہ تحریری طور پر مطالبات مانگے گئے ہیں اور عمران خان سے ملاقات ہونے تک تحریری طور پر مطالبات نہیں دیے جا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات ضروری ہے۔ دھرنے کی کال ابھی نہیں دی۔ چونکہ مذاکرات شروع ہوئے تھے اس لیے بانی پی ٹی آئی نے ڈیڈ لائن دی تھی۔ بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ مذاکرات جاری نہ رہے تو کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد پر سرگودھا یونیورسٹی میں چھٹی کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد پر سرگودھا یونیورسٹی میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔

سرگودھا یونیورسٹی میں جاری تمام شعبہ جات کے فائنل ٹرم کے پرچے ملتوی کر دیے گئے، پرچہ جات کے شیڈول کا اعلان دوبارہ کیا جائے گا۔

امتحان ملتوی ہونے سے طلبہ و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے آج یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب کے دوران ہونہار طلباء میں اسکالر شپ تقسیم کرنے ہیں۔ تقریب کے لیے یونیورسٹی آف سرگودھا کے کرکٹ گراؤنڈ میں انتظامات کیے گئے ہیں۔

مریم نواز شریف آج یونیورسٹی آف سرگودھا میں 1588 طلبہ کو چیک تقسیم کریں گی۔ یونیورسٹیز آف سرگودھا، بھکر، میانوالی اور میڈیکل کالجز کے طلبہ کو 7 کروڑ کے ہونہار اسکالرشپ ملیں گی۔

واضح رہے کہ راولپنڈی اور ملتان میں 7700 طلبہ کو ہونہار اسکالر شپ کے 44 کروڑ کے چیک مل چکے ہیں۔

خراب پرفارمنس کے بعد کوہلی اور روہت شرما کا مستقبل کیا ہوگا؟

مسلسل خراب پرفارمنس کے بعد ویرات کوہلی اور روہت شرما کے مستقبل کے حوالے سے اہم خبر سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما اور ویرات کوہلی خراب کارکردگی کے باوجود بھارتی ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھیں گے اور دونوں کو کوئی خطرہ نہیں۔

بی سی سی آئی ذرائع نے کہا کہ ٹیم کی خراب پرفارمنس پر بی سی سی آئی ایک جائزہ میٹنگ کرے گا لیکن کسی کو ‘باہر’ نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع نے کہا کہ کسی سیریز میں بلے بازوں کی خراب کارکردگی پر کوچ کو نہیں ہٹا سکتے، گوتم گمبھیر کوچ رہیں گے، ویرات اور روہت شرما انگلینڈ سیریز میں کھیلیں گے، اب توجہ چیمپئنز ٹرافی پر مرکوز ہوگی۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے سال کا اختتام ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے بدترین سیزن کے ساتھ کیا۔ پہلی بار ٹیم انڈیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف 12 سال بعد ہوم ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا، یہ پہلا موقع تھا جب ٹیم انڈیا کو ہوم ٹیسٹ سیریز میں 3-0 کی شرمناک شکست ہوئی، اس کے بعد بھارت 10 سال بعد بارڈر گاوسکر ٹرافی بھی ہار گیا۔

کپتان روہت شرما کی فارم آسٹریلیا میں کافی خراب تھی۔ انہوں نے پانچ اننگز میں صرف 31 رنز بنائے جبکہ ویرات کوہلی نے پہلے ٹیسٹ کا آغاز سنچری سے کیا لیکن اس کے وہ باقی میچوں میں ایک بھی نصف سنچری اسکور نہ کر سکے اور نو اننگز میں 23.95 کی اوسط سے 190 رنز بنائے۔

گوتم گمبھیر کا کوچنگ ڈیبیو بھی مایوس کن رہا۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف خراب کارکردگی سے قبل بھارت سری لنکا کے خلاف 27 سال بعد دو طرفہ ون ڈے سیریز بھی ہار گیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے عمران خان کے خلاف بیان دیا یا نہیں؟

سانحہ 9 مئی مقدمات کے سلسلے میں پی ٹی آئی رہنما نے  عمران خان کے خلاف بیان دیا یا نہیں، اس سلسلے میں بیان حلفی عدالت میں جمع کروا دیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما صداقت علی عباسی نے  عدالت میں بیان حلفی جمع کروایا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پانی پی ٹی آئی سمیت پارٹی قیادت کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا نہ 164 کا بیان ریکارڈ کروایا۔

دورانِ سماعت جی ایچ کیو حملہ کیس میں پی ٹی آئی سابق رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے بریت کی درخواست  بھی دائر کردی اور ساتھ ہی بیان حلفی بھی جمع کروایا گیا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ 9مئی کے مقدمات میں ، میں نے 164 کے تحت کوئی بیان ریکارڈ نہیں کروایا۔

بیان حلفی میں مزید کہا گیا کہ میں نے کوئی بیان ریکارڈ نہیں کروایا نہ کسی بات کی نشاندہی کی، مجھے  مقدمے سے بری کیا جائے۔ مجھ سے 164 کے تحت بیان منسوب کیا گیا جو میں نے ریکارڈ ہی نہیں کروایا۔ پارٹی لیڈرشپ اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔

صداقت علی عباسی کے وکیل غلام مرتضیٰ سنبل کے توسط سے 265  ڈی کے تحت درخواست کی سماعت آج ہونے کا امکان ہے ۔

شان مسعود نے ہاک آئی ٹیکنالوجی پر سوال اٹھادیے

پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ کے چوتھے اور آخری دن ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے کی وجہ بال ٹریکنگ ٹیکنالوجی کی خامی قرار دیا ہے۔

پاکستان کی دوسری اننگز میں 145 رنز بنانے والے شان مسعود کو امپائر نے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر مافاکا کی گیند پر ناٹ آؤٹ قرار دیا تھا، اس پر پروٹیز نے ریویو لیا اور فیصلہ ان کے حق میں چلا اور انہیں آؤٹ قرار دیا گیا جب کہ ہاک آئی ٹیکنالوجی نے قرار دیا کہ پاؤں پر لگنے والی گیند اسٹمپ کو ہٹ کر سکتی تھی۔

شان مسعود نے کہا کہ ہاک آئی نے جو تصویریں لیں، وہ اس حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتیں جو ہوا، یہ آسان ہے، یہ ایک آؤٹ سوئنگر بال تھی جب کہ سے ان سوئنگر دیکھایا گیا، ایمانداری کی بات ہے کہ اس فیصلے پر میں حیران رہ گیا تھا۔

خود کو آؤٹ قرار دینے پر شان مسعود نے اس وقت بھی اپنی ناراضی اور غصے کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ منتظمین پر منحصر ہے کہ وہ دیکھیں کہ یہ منصفانہ فیصلہ ہے یا نہیں، لیکن میں نے یقینی طور پر محسوس کیا کہ ٹیکنالوجی نے بال کو ویسے نہیں دکھایا جیسے وہ جا رہی تھی۔

امریکی عدالت نے ڈونلڈ ٹرمپ کی سزا برقرار رکھی

امریکی عدالت نے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپیل مسترد کرتے ہوئے کیس میں ان کی سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جج نے کاروباری معلومات میں جعلسازی سے متعلق مقدمے میں ٹرمپ پر فرد جرم برقرار رکھی ہے تاہم نو منتخب صدر کو جیل کی سزا ممکنہ طور پر نہیں سنائی جائے گی۔

عدالت نے ڈونلڈ ٹرمپ کو سزا سنائے کے لیے 10 جنوری کی تاریخ مقرر کر رکھی ہے۔

ٹرمپ نے سزا سنائے جانے کی سماعت حلف برداری سے پہلے روکنے کی اپیل کی تھی لیکن عدالت نے اسے مسترد کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ مجرم قرار دیے جانے کے باوجود صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے امریکا کے پہلے صدر ہوں گے۔

عمران خان کی نااہلی پر احتجاج؛ علی امین گنڈاپور اشتہاری قرار

عمران خان کی نااہلی پر احتجاج کے کیس میں عدالت نے علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد  میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی پر احتجاج  کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید ، واثق قیوم عدالت  میں پیش ہوئے۔

کیس کی سماعت انسداد دہشتگری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی ۔ عدالت نے دورانِ سماعت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ کو اشتہاری قرار دے دیا جب کہ عامر کیانی کے خلاف اشتہاری قرار دینے کا پراسس شروع کر دیا گیا۔

دورانِ سماعت فیصل جاوید کی طرف سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے لیے درخواست بھی دائر کی گئی ۔

عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15 جنوری تک ملتوی کردی اور درخواستوں پر دلائل طلب کر لیے۔

واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ آئی 9 میں 2022ء  میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ندا یاسر کا نیلم منیر کے شوہر کی شہریت پر انکشاف

پاکستان کی مشہور اداکارہ اور مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر نے نیلم منیر کے شوہر کی شہریت سے متعلق وضاحت پیش کردی۔

اداکارہ نیلم منیر اند دنوں اپنی دبئی میں ہونے والی شاندار شادی کی تقریب کے بعد سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ ان کی شادی میں صرف قریبی گھر والوں نے شرکت کی تھی، اور انہوں نے شادی کے ایک ماہ بعد اس کی تصاویر شیئر کی ہیں۔

نیلم منیر نے شادی کی تقریبات کے ساتھ ساتھ اپنے شوہر محمد راشد کے ساتھ ایک خوبصورت فوٹوشوٹ بھی شیئر کیا، جس میں وہ روایتی عربی لباس میں ملبوس نظر آئے۔ اس لباس کے باعث ان کی قومیت کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔

اب تک نیلم منیر نے اپنے شوہر کے بارے میں زیادہ معلومات فراہم نہیں کیں، لیکن کئی مداحوں کا ماننا ہے کہ ان کے شوہر کا تعلق منڈی بہاؤالدین، پنجاب، پاکستان سے ہے جبکہ یاسر شامی نے ان کے عربی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

تاہم اب ندا یاسر نے بھی نیلم کے شوہر سے متعلق ایک بیان دیا ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ ندا یاسر نے اپنے شو  میں نیلم منیر کے شوہر کی قومیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ہماری بہت خوبصورت اور مشہور اداکارہ نیلم منیر کو شادی کی مبارکباد دینا چاہتی ہوں۔ وہ میرے دل کے قریب ہیں کیونکہ انہوں نے میرے اور میرے شوہر کے ساتھ بہت کام کیا ہے۔‘

ندا نے مزید کہا، ’کئی لوگ ان کے شوہر کی قومیت کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں اور سمجھ رہے ہیں کہ وہ عربی ہیں، لیکن میرا خیال ہے کہ ان کا تعلق پنجاب، پاکستان سے ہے اور وہ دبئی میں مقیم ہیں۔ ہم ان کے لیے خوشگوار زندگی کی دعا کرتے ہیں‘۔