All posts by Khabrain News

نیشنل ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشتگردی کیخلاف زیرو ٹالرنس کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت نیشنل ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپریشنل تیاری، پولیس کی استعداد میں اضافے پر فوری توجہ دینا ہوگی، دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لئے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی گئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی دہشت گردی کے واقعہ کو ناکام بنانے پر سکیورٹی اداروں کی تعریف کی۔
اجلاس میں سکیورٹی اہلکاروں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پولیس، رینجرز اور افواج پاکستان کے جوانوں کو شاباش دیتا ہوں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بہادر جوانوں نے کراچی میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کر کے ان کا قلع قمع کیا، اجلاس میں شرکا نے دہشت گردی کیخلاف زیرو ٹالرنس کے عزم کا اعادہ کیا۔

حج سکیم کا 25 فیصد کوٹہ ڈالرز جمع کرانے والوں کیلئے مختص کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت مذہبی امور نے سرکاری حج سکیم کا 25 فیصد کوٹہ ڈالرز جمع کرانے والوں کے لئے مختص کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ 22 ہزار 4 سو سے زائد عازمین ڈالرز جمع کرانے پر حج قرعہ اندازی کے بغیر حج کریں گے۔
ڈالر بحران حج پر بھی اثر انداز ہو گیا، ڈالرز لانے والوں کو خصوصی رعایت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا، ڈالرز لاؤ حج قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہو جاؤ، مجوزہ حج پالیسی 2023ء کے اہم نکات سامنے آگئے۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری سکیم کا 25 فیصد کوٹہ سپانسر شپ سکیم کے تحت ڈالر دینے والوں کیلئے مختص ہو گا، پاکستانی روپے میں حج اخراجات جمع کرانے والے افراد کو قرعہ اندازی میں شامل ہونا ہو گا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج اخراجات بیرون ملک سے بھیجے گئے ڈالرز سے جمع کرائے جاسکیں گے، وزارت خزانہ نے حج اخراجات کیلئے ڈالرز کے انتظام سے معذرت کر لی تھی، ڈالرز کی قلت کے سبب حکومت نے 40 کے بجائے 50 فیصد حج کوٹہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کو دینے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈالرز کی قلت کے سبب سرکاری سکیم کا مزید حج کوٹہ پرائیویٹ آپریٹرز کو دیا جا سکتا ہے، سرکاری سکیم کے تحت فی کس حج اخراجات 12 سے 13 لاکھ روپے تک جا پہنچے۔

وزیراعظم سے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے ملاقات کی جس میں ملکی سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اس وقت اپیکس کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں عسکری و سول قیادت موجود ہے۔ اس اجلاس سے قبل یہ ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے بارے میں بات کی گئی۔

مریم نواز عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش کررہی ہیں، فواد چوہدری

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں انتخابات کیس کی سماعت شروع ہوگئی ہے اور مریم نواز اپنے بیانات کے ذریعے عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش کررہی ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ میں سماعت چل رہی ہے لیکن پی ڈی ایم کی حکومت عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی کے لیے تیار ہوگئی ہے اور مریم نواز بیانات کے ذریعے عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ دوسروں کو برابھلا کہہ کر یہ اپنی کارکردگی سے منہ چھپانا چاہتے ہیں، پہلے بھی مریم نواز اینڈ کمپنی نے عدلیہ کے خلاف محاذ کھولا تھا جب کہ ماضی میں بھی ن لیگ عدلیہ کے خلاف محاذ کھول چکی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جن ججوں نے قاسم سوری کی رولنگ کو کالعدم قرار دیا تو وہ بھی اس بینچ کا حصہ ہیں لیکن ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دینے کے خلاف پی ٹی آئی نے ججز کے خلاف کوئی محاذ نہیں کھولا۔
انہوں ںے کہا کہ مریم نواز کا خیال ہے کہ وہ عدلیہ کو دباؤ میں لے آئیں گی، پورے پاکستان کو اس وقت ایک بلیک میلر حکومت کا سامنا ہے، کچھ لوگوں کو آڈیو اور کچھ کو ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کیا جارہا ہے، آڈیو اور ویڈیو کے ذریعے بلیک میل کرنا بہت خطرناک ٹرینڈ ہے، اس سے پہلے ثاقب نثار کی آڈیو پر بھی پروپیگنڈا کیا گیا اور آڈیو پر ایک تماشا لگا دیا گیا، عدلیہ سے گزارش ہے کہ وہ کسی کے دباؤ میں نہ آئے۔

45 کروڑ نہیں دے سکتے، پی سی بی نے نگران پنجاب حکومت کو ڈیڈ لائن دیدی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت کو 45 کروڑ کی خطیر رقم فراہم نہیں کی جائے گی۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل فرنچائزرز کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی نے کی جبکہ فرنچائزرز نے آن لائن شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل قومی ایونٹ ہے، سکیورٹی اور لائٹوں کی مد میں 45 کروڑ کی خطیر رقم پنجاب کی نگران حکومت کو ادا نہیں کی جائے گی۔
پی سی بی اور فرنچائزرز نے نگران پنجاب حکومت کو فیصلے کیلئے کل تک کی ڈیڈلائن دے دی، نگران پنجاب حکومت کل تک 45کروڑ کی ڈیمانڈ سےباز نہ آئی تو پی ایس ایل کے بقیہ میچز کراچی منتقل کر دیے جائیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی نے پی ایس ایل8 کے میچز کراچی منتقل کرنے کے لیے انتظامات شروع کر دیے ہیں، نیا شیڈول بھی فرنچائزز کے ساتھ ڈسکس کر لیا گیا ہے۔
تمام فرنچائزز نے پی سی بی کے فیصلے کی تائید کی، اگر نگران حکومت نے پی سی بی کا موقف نہ اپنایا تو پی ایس ایل 8 سمیت نیوزی لینڈ کے میچز بھی کراچی منتقل کیے جائیں گے۔

ڈالر کی انٹربینک قیمت 260 سے نیچے آگئی، اوپن ریٹ میں بھی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) ورکرز ریمی ٹینسز کا حجم بڑھنے اور ایکسپورٹرز کی جانب سے اپنی ترسیلات بھنائے جانے سے سپلائی میں بہتری کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر آج بھی بیک فٹ پر رہا جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 260 روپے سے بھی نیچے آگئے جبکہ ڈالر کے اوپن ریٹ گھٹ کر 268 روپے کی سطح پر آگئے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کی جانب سے منی بجٹ منظوری اور ڈالر کی سپلائی بڑھتے ہی مرکزی بینک بھی انٹربینک مارکیٹ سے ڈالر کی ڈلیوریاں حاصل کررہا ہے جس کے نتیجے میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں اضافے کا رجحان غالب ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد چین، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے بھی مالیاتی سہولیات ملنے کی صورت میں توقع ہے کہ مختصر مدت کے لیے ڈالر کی قدر 240 روپے کی سطح پر بھی آسکتی ہے۔
انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر بیک فٹ پر رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 1.18 روپے کی کمی سے 259.75 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن اختتامی لمحات میں ڈیمانڈ قدرے بڑھنے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 94 پیسے کی کمی سے 259.99 روپے پر بند ہوئے اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 2 روپے کی کمی سے 268 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

امریکا: موسم سرما کے طوفان نے تباہی مچادی ، 2ہزار پروازیں منسوخ

نیویا رک: (ویب ڈیسک) امریکا میں موسم سرما کے طوفان کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل، دو ہزار پروازیں منسوخ جبکہ 15 ہزار تاخیر کا شکار ہیں۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق موسم سرما کےطوفان کے باعث ریاست مشی گن میں ایک فائر فائٹر بھی جان کی بازی ہار گیا جبکہ نیویارک، وسکونسن، الی نوائے، انڈیانا اور مشی گن میں 9 لاکھ سے زائد گھروں اور کاروبار کی بجلی منقطع ہے۔
رپورٹس کے مطابق کیلی فورنیا میں بھی ایک الگ سسٹم کے باعث غیرمعمولی موسم کا سامنا ہے جہاں بیشتر علاقے تیز ہواؤں اور موسم سرما کےطوفان کی وارننگ کے زیر اثر ہے ، کیلی فورنیا میں برفانی طوفان سے ایک لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں ۔
کیلی فورنیا میں شدید طوفانی ہواؤں اور برفباری کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کررہ گئے ہیں جبکہ منی سوٹا، وسکونسن اور ڈکوٹا میں برفانی طوفان کی وجہ سے سکول سمیت سرکاری دفاتر بھی بند کردیے گئے ہیں۔
دوسری جانب اوہائیو ویلی اور جنوبی حصے میں گرمی کی شدت سے نیا ریکارڈ بننے جارہاہے جہاں فلوریڈا کے علاقوں میں پارہ 31 سینٹی گریڈ سے زائد ہونے کا امکان ہے۔

یوکرین پر حملہ؛ اقوام متحدہ میں روس کیخلاف مذمتی قرارداد کثرت رائے سے منظور

ویانا: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کثرت رائے سے منظور ہونے والی مذمتی قرارداد میں روس سے فوری طور پر اپنی فوجیں یوکرین سے نکالنے اور جنگ بندی کا مطالہ کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہونے والے اجلاس میں روس کے خلاف مذمتی قرارداد کی 141 ممالک نے حمایت کی جب کہ 7 ممالک نے مخالفت کی۔
مذمتی قرار داد کی مخالفت کرنے والے ممالک روس، بیلاروس، شمالی کوریا، اریٹیریا، مالی، نکاراگوا اور شام تھے جب کہ چین، جنوبی افریقا، پاکستان، بھارت اور ایران سمیت 32 ممالک نے قرارداد میں حصہ نہیں لیا۔
قرارداد میں یوکرین کے چار بڑے علاقوں کو متنازع ریفرنڈم کے ذریعے اپنی ریاست میں ضم کرنے کے روسی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے یوکرین کی ’خودمختاری‘ اور ’علاقائی سالمیت‘ کی حمایت کی توثیق کی گئی۔
اقوام متحدہ کی قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ روس فوری اور مکمل طور بغیر کسی شرط کے تمام فوجی دستے یوکرین سے اپنی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر واپس بلائے۔
خیال رہے کہ یوکرین کریمیا اور دیگر 4 علاقوں کو اپنی حصہ قرار دیتا ہے تاہم بین الااقوامی سطح پر روس کے اس دعوے کو کبھی تسلیم نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی مذمتی قرارداد پر قانونی طور پر روس کو اس پر عمل کرنے کا پابند نہیں بناتا تاہم ایسی قرادادوں کی سیاسی اہمیت ضرور ہوتی ہیں۔

میٹا کا فیس بک صارفین کی بڑی مشکل حل کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) فیس بک صارفین کو اکثر اس وقت بہت زیادہ جھنجھلاہٹ ہوتی ہے جب کوئی پوسٹ کرتے ہوئے انہیں علم ہوتا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے ان کی پوسٹنگ پر کسی اصول یا قانون کی خلاف ورزی پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اس وقت بیشتر صارفین کو یہ سمجھ نہیں آتا کہ انہوں نے کیا خلاف ورزی کی ہے مگر اب فیس بک کی سرپرست کمپنی میٹا نے صارفین کی اس بڑی مشکل کو حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میٹا کے مطابق فیس بک صارفین کو بہتر طریقے سے سمجھایا جائے گا کہ ان کو پوسٹ سے کیوں روکا جا رہا ہے تاکہ وہ زیادہ بڑی پابندیوں سے بچ سکیں۔
میٹا نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ فیس بک کے کچھ صارفین کو فیس بک جیل کا سامنا ہوتا ہے اور انہیں یہ سمجھ نہیں آتا کہ انہوں نے کیا غلط کیا ہے اور پوسٹنگ کرنا کیوں ممکن نہیں رہا۔
بلاگ میں زیادہ وضاحت نہیں کی گئی کہ اس حوالے سے کیا اقدامات کیے جائیں گے، بظاہر کمپنی کی جانب سے نوٹیفکیشنز اور مواد کے اصولوں کو اپ ڈیٹ کیے جانے کا امکان ہے۔
فیس بک کی جانب سے مخصوص اصولوں کی خلاف ورزی پر کسی صارف کے اکاؤنٹ پر اسٹرائیک سسٹم کا اطلاق کیا جاتا ہے۔
اسٹرائیکس کی بنیاد پر صارفین کو مخصوص مواد پوسٹ کرنے پر ایک دن یا 30 دن تک بلاک کیا جا سکتا ہے۔
فیس بک کی جانب سے اسٹرائیکس کی تعداد کے نظام کو تبدیل کیا جا رہا ہے، ابھی اگر کسی اکاؤنٹ پر 2 اسٹرائیکس کا اطلاق ہو تو اسے ایک دن تک پوسٹنگ، کمنٹس کرنے یا دیگر مواد تیار کرنے سے روک دیا جاتا ہے۔
اب کمپنی کا کہنا ہے کہ ایک دن کی پابندی کا سامنا اسی وقت ہوگا جب کسی صارف کے اکاؤنٹ پر 7 اسٹرائیکس کا اطلاق ہوگا۔
نئے نظام کے تحت لوگوں کو یہ سمجھنے میں مدد فراہم کی جائے گی کہ ان کے مواد کو کیوں ڈیلیٹ کیا گیا تاکہ وہ آئندہ ایسا نہ کریں۔

ملک کی سیر پر جانے والوں کو رقم بھی ملے گی

تائیوان: (ویب ڈیسک) کووڈ 19 وباء کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد اب بین الاقوامی سفر کر رہی ہے اور فضائی ٹکٹ بھی بڑھتے جا رہے ہیں اور کئی ممالک اس کی ترغیب بھی دے رہے ہیں۔
نیا انکشاف یہ ہے کہ تائیوان نے انفرادی سیاحوں کو 165 ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے جو اپنی تعطیلات وہاں گزارنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب گروپ کی صورت میں آنے والے سیاحوں کو بھی رقم دی جائے گی تاکہ وہ یہاں کا دورہ کر سکیں۔
تائیوان کے وزیرِ اعظم نے اس کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال حکومت چاہتی ہے کہ کل 60 لاکھ سیاح جزیرے پر آئیں اور اس تعداد کو 2025 تک ایک کروڑ تک پہنچانے کا عزم بھی کیا ہے۔
نئے اعلان کے تحت پہلے 5 لاکھ سیاحوں کو فی کیس 165 ڈالر اور 90 ہزار سیاحتی گروپ میں فی گروپ 658 ڈالر دیئے جائیں گے تاہم نقد رقم کی بجائے یہ ڈیجیٹل کرنسی کی صورت میں ہوگی جسے ٹرانسپورٹ، رہائش اور کھانے میں استعمال کیا جاسکے گا۔
تائیوان نے کہا کہ وہ مکاؤ، یورپ، امریکا کے ساتھ ساتھ جاپان اور جنوبی کوریا کے سیاحوں کو راغب کرنا چاہتا ہے۔ تاہم سال 2022 میں یہاں امریکا، جاپان، انڈونیشیا اور ویت نام وغیرہ سے صرف 9 لاکھ سیاح ہی آئے تھے۔
اس سے بہت پہلے 2019 میں یہاں ایک کروڑ سیاح آئے تھے جن کی تعداد بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔