کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کی 2 ریاستوں میں طوفانی بارشوں اورسیلاب سے تباہی کے بعد ملک میں نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کی ریاستوں نیوساؤتھ ویلز اورکوئنزلینڈ میں ریکارڈ بارشوں اورسیلاب نے تباہی مچادی۔ مختلف حادثات میں 20افراد ہلاک ہوگئے۔آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کے باعث ملک میں نیشنل ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مختلف علاقوں میں دوہفتوں تک ہونے والی بارش اورسیلابی ریلوں سے ہزاروں گھرپانی میں ڈوب گئے اوربجلی اورمواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ پروازیں معطل ہونے سے سیکڑوں مسافرائیرپورٹس پرپھنس گئے۔مختلف شہروں میں سڑکیں تالاب کا منظرپیش کررہی ہیں۔
آسٹریلیا کے وزیراعظم اورحکومت کوغیرمعمولی بارشوں اورسیلاب سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات نہ کرنے پرعوام کی شدید تنقید اورغصے کا سامنا ہے۔
سیلاب اوربارش سے متاثرعلاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
All posts by Khabrain News
راولپنڈی ٹیسٹ کی وکٹ کھیل اورفینزکیساتھ زیادتی تھی،عاقب جاوید
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق کرکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کی وکٹ کھیل اورفینز کے ساتھ زیادتی تھی۔سابق کرکٹرعاقب جاوید نے کراچی اورلاہورمیں ایسی پچز بنانے کا مطالبہ کیا جس پراسپنرز کومدد مل سکے۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ اب وہ زمانہ چلاگیا کہ آپ 5 دن ٹیسٹ میچ دیکھتے رہیں اوراس کا نتیجہ نہ نکلے۔ ہوم سیریز کا مقصد اپنی کنڈیشنز میں کھیل کر ایڈوانٹیج حاصل کرنا ہوتا ہے۔
عاقب جاوید کا مزید کہنا تھا کہ کپتان بابر اعظم کو آسٹریلیا کے خلاف حارحانہ حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے۔ انہیں ایسی پچز تیار کرنےپر زور ڈالنا چاہیے جس پر میچ کا فیصلہ پاکستان کے حق میں ائے۔ پاکستان کے پاس اپنی کنڈیشنز میں بہترین پرفارمنس دینے والے اسپنرز موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے پاس سوائے ایک اسپنر نیتھن کے اور خاص بولر نہیں ہے راولپنڈی ٹیسٹ ختم ہوچکا اب کراچی اور لاہور میں ٹرننگ وکٹ بناکر اسپنرز کی مدد سے دونوں ٹیسٹ میں اچھی پرفارمنس دےکر سیریز جیتں۔
لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر آپریشنز اور ہیڈکوچ کا موقف ہے کہ پی ایس ایل نے جتننا فینز کو کرکٹ کے ساتھ جوڑا ہے اس کے بعد اس طرح کی پچز بنانا کھیل کے ساتھ زیادتی ہے۔
عاقب جاوید کے مطابق آسٹریلیا کے آنے سے دنیا پر یہ ثابت کرنے میں کامیاب ہوئےہیں کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوچکی ہے اور پاکستان ایک محفوظ اور پرامن ملک ہے۔آسٹریلوی ٹیم کا یہاں آنا ہر حوالے سے مثبت قدم ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کو مسلسل کرکٹ کھلانے کے سوال پر عاقب جاوید نے کہا کہ ابھی وہ صرف 21 سال کے ہیں۔ اس عمر میں ہر فاسٹ بولریہ ہی چاہتاہےکہ وہ ہر میچ کھیلے شاہین کو ابھی مسلسل کرکٹ کھیلنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ وہ اس وقت کھیل کو بھرپور طریقے سے انجوائے کررہے ہیں۔ انگلینڈ کے اینڈرسن اور اسٹیورٹ براڈ کی طرح کس طرح شاہین شاہ آفریدی سے لمبے عرصے تک فائدہ اٹھایاجاسکتاہے۔
عدالت سے میشا شفیع کی درخواست خارج ہونے پرعلی ظفر کا ردعمل آگیا
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ سے گلوکارہ میشا شفیع کی درخواست خارج ہونے پر اداکار و گلوکار علی ظفر کا ردعمل آگیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں میشا شفیع کی ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے گلوکارہ میشا شفیع سمیت دیگر کی ایف آئی اے کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواستیں جرمانے کے ساتھ خارج کردیں۔
علی ظفر نے عدالتی فیصلہ سامنے آنے کے بعد ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں سوال کیا ہے ’’محترمہ (میشا شفیع) سے بڑی عزت سے صرف ایک سوال پوچھئے گا کہ وہ کیا حقیقت ہے جس کے نمایاں ہوجانے کے ڈر سے وہ عدالت سے اتنے سال کہتی رہیں کہ کووڈ میں کینیڈا سے عدالت نہیں آسکتیں مگر پھر کوک اسٹوڈیو کے لیے فوراً آپہنچیں اور پھر عدالت کو بتائے بغیر اپنی جرح بیچ میں چھوڑ کر واپس چلی گئیں؟‘‘
علی ظفر نے ایک اور ٹوئٹ میں میشا شفیع سے سوال پوچھا ’’اور پھر نہایت احترام سے پوچھیے گا کہ کیا وہ میرے ہرجانے کے کیس میں جہاں ان کو ان کا موقف بیان کرنے کا پورا موقع دیا جار ہاہے، اپنی جرح مکمل کروانے کے لیے اس ہفتے کی 12 تاریخ کو عدالت آئیں گی؟ یا پھر سے نہیں آئیں گی؟‘‘۔
واضح رہے کہ میشا شفیع سمیت دیگر نے اپنے خلاف درج ایف آئی اے کے مقدمے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ میشا شفیع نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ایف آئی اے نے علی ظفر کی درخواست پر حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا جبکہ ایف آئی اے نے ملزمان کا موقف لیے بغیر مقدمہ درج کیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے۔
سلمان خان اور سوناکشی سنہا کی شادی کی ایک اور تصویر وائرل
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سلو میاں اور اداکارہ سوناکشی سنہا کی شادی کی ایک اور تصویر وائرل ہورہی ہے۔
بالی ووڈ کی دبنگ اداکارہ سوناکشی سنہا اور سلمان خان کی کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں دلہا دلہن بنے ہوئے تھے اور سلمان خان سوناکشی سنہا کو شادی کی انگوٹھی پہنا رہے تھے۔
اس تصویر کے بارے میں سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جارہا تھا کہ یہ دونوں کی شادی کی تصویر ہے اور دونوں نے خفیہ شادی کرلی ہے۔ بعد ازاں بھارتی میڈیا میں اس دعوے کو غلط ثابت کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ تصویر جعلی ہے اور کسی نے ایڈٹ کرکے وائرل کی ہے۔
سوناکشی سنہا نے اپنی اور سلمان خان کی شادی کی تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ لوگ بیوقوف ہیں جو ایک جعلی اور اصل تصویر میں فرق نہیں کرسکتے۔
اب ایک بار پھر سلمان خان اور سوناکشی سنہا کی شادی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دونوں دلہا دلہن بنے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
تاہم یہ تصویر بھی پہلی والی تصویر کی طرح جعلی ہے۔ دراصل جو تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے وہ اداکار ورورن دھون اور نتاشا دلال کی شادی کی ہے اور ایک بار پھر کسی نے شرارت کرتے ہوئے ان دونوں کے چہروں کی جگہ سلمان خان اور سوناکشی سنہا کا چہرہ لگادیا ہے۔
آنجہانی اداکار رشی کپور کی آخری فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈری آنجہانی اداکار رشی کپور کی آخری فلم کی تاریخ منظر عام پر آگئی۔
آج سے دو سال قبل اپریل 2022 میں انتقال کرنے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور کی آخری فلم ’’شرما جی نمکین‘‘ کی ریلیز کی تاریخ جاری کردی گئی۔
کئی سپر ہٹ اور یاد گار فلموں جیسے’’بوبی‘‘، ’’کپور اینڈ سنز‘‘اور’’اگنی پتھ‘‘ وغیرہ میں اداکاری کے جوہردکھانے والے اداکار رشی کپور کو مداح آخری بار دوبارہ سے اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’’شرما جی نمکین‘‘ میں رشی کپور کے علاوہ اداکار پاریش راول، جوہی چاؤلہ، سہیل نیر، تارک رائنا، ستیش کوشک و دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ یہ فلم او ٹی ٹی پلیٹ فارم امیزون پرائم ویڈیو پر 31 مارچ کو ریلیز کی جائے گی۔
واضح رہے کہ آنجہانی اداکار رشی کپور 30 اپریل 2020 کو 67 سال کی عمر میں کینسر جیسے موذی مرض کا شکار ہوکر چل بسے تھے۔
غبارے بیچنے والی لڑکی راتوں رات اسٹاربن گئی
ممبئی: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی طاقت نے گلیوں میں گھوم پھر کرغبارے بیچنے والی لڑکی کوراتوں رات اسٹاربنا دیا۔
بھارتی ریاست کیرالہ میں گلی گلی گھوم کرغبارے بیچنے والی لڑکی کسبو پرایک فوٹوگرافر کی نظرپڑی توانہوں نے اس کی غباروں کے ساتھ تصویریں بنا لیں۔فوٹوگرافرکا کہنا ہے کہ جب انہوں نے تصویریں کسبواوران کی والدہ کودکھائیں تو وہ بہت خوش ہوئیں۔
تصویریں سوشل میڈیا پراپ لوڈ کرتے ہی وائرل ہوگئیں اورپھرکسبو پرماڈلنگ کی آفرز کی بھرمارہوگئی۔
کسبوکو ماڈلنگ کی پہلی شوٹنگ کے لئے تیارکرنے میں کئی گھنٹے لگے لیکن جب وہ سامنے آئیں تو ان کی شخصیت میں آئی تبدیلی نے سب کوحیران کردیا۔
غبارے بیچنے والی کسبو کی ماڈلنگ نے سوشل میڈیا پردھوم مچا دی اوراب تک ان کی تصویروں کوسیکڑوں لوگ لائیک کرچکے ہیں۔
لاوارث کتوں کی کفالت کے لیے ڈیجیٹل اوتار این ایف ٹی کا منصوبہ
دوبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے این ایف ٹی کو ایک نیا روپ دیا ہے۔ اب لاوارث کتوں کی کفالت کے لیے ان کے ڈیجیٹل عکس (اوتار) کے این ایف ٹی فروخت کئے جائیں گے۔ یہ رقم ان جانوروں کی دیکھ بھال پر خرچ ہوگی۔
متحدہ عرب امارات میں واقع لاوارث کتوں کا مرکز اسی ہفتے نان فنجیبل ٹوکن (این ایف ٹی) جاری کرے گا۔ این ایف ٹی میں یہاں کے کتوں کی ڈجیٹل اوتار یا نمائندہ تصاویر بنائی جائیں گی۔ اس کے مکمل حقوق این ایف ٹی خریدنے والوں کو دیئے جائیں گے۔
اس تدبیر سے نہ صرف غیرتجارتی ادارے اور این جی او کے مقاصد کو فروغ ملے گا بلکہ خیراتی رقم جمع کرنے کا ایک نیا طریقہ بھی عام ہوسکے گا۔ اس شعبے میں مشرقِ وسطیٰ بھی شامل ہوچکا ہے۔
آوارہ یا لاوارث کتوں کا یہ مرکز دنیا میں چوتھا بڑا ادارہ بھی ہے جس کی جانب سے 12 مارچ کو 12 بجے این ایف ٹی کی فروخت شروع ہوگی۔ اس کی خریداری کا لنک ٹویٹر پر ڈالا جائے گا اور این ایف ٹی کی تمام معلومات بھی ٹویٹر پر ہی دی جائیں گی۔
اس سے قبل جانوروں کی بحالی اور رحمی روکنے کے امریکی غیرسرکاری ادارے پوٹوکول اور کوسٹا ریکا کے ایک اور ادارے نے مارچ 2021 میں نے بھی این ایف ٹی فروخت کی تھی جو ان کے جانوروں کی تصاویر پر مبنی تھی۔ اب دبئی میں واقع اسٹرے ڈاگ سیںٹر بھی این ایف ٹی جاری کررہا ہے۔
این ایف ٹی میں ڈجیٹل اثاثوں، ویڈیو، تصاویر کے حقِ ملکیت فروخت کئے جاتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں لاوارث کتوں کے مرکز سے صرف 150 این ایف ٹی جاری کئے جائیں گے جو یہاں موجود کتوں کی ڈجیٹل تصاویر پر مبنی ہوں گے۔ تمام این ایف ٹی بلاک چین کمپنی سولانا پر نیلام ہوں گی۔
میٹاورس کیلیے قدیم جانوروں کے تھری ڈی ’ورچوئل ماڈلز‘ تیار
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکی ڈیجیٹل مصوروں اور ماہرین نے دیوقامت ہاتھی جیسے میمتھ، لمبے دانتوں والے ٹائیگر اور عجیب الخلقت سلیوتھ سمیت درجن بھر سے زائد قدیم و معدوم جانوروں کی تھری ڈی تصویریں تیار کرلی ہیں جنہیں میٹاورس کے ماحول میں بھی استعمال کیا جاسکے گا۔
یہ جانور آج سے ہزاروں سال پہلے برفانی عہد میں پائے جاتے تھے جن کی پینٹنگز اور ڈھانچے مختلف عجائب گھروں میں رکھے ہیں۔
اگرچہ ان کی ڈیجیٹل تھری ڈی تصاویر اور اینی میشنز کی بھی بڑی تعداد ہے مگر ان میں سے کوئی ایک بھی ایسی نہیں جو سائنسی لحاظ سے ان جانوروں کی درست تصویر پیش کرسکے۔
یہ کمی پوری کرنے کےلیے نیچرل ہسٹری میوزیم آف لاس اینجلس کاؤنٹی، لا بریا ٹار پٹس اور یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا کے ڈیجیٹل مصوروں اور سائنسدانوں نے مشترکہ طور پر کام شروع کیا۔
فی الحال ان کی تعداد 15 ہے جبکہ ان تمام جانوروں کا تھری ڈی ڈیجیٹل ماڈل اپنی ظاہری شکل کے علاوہ اندرونی ڈیجیٹل وائر فریم پر بھی مشتمل ہے جو اصل جانوروں کے حقیقی ڈھانچے کی عین مطابقت میں بنایا گیا ہے۔
تھری ڈی ہونے کے باوجود، جانوروں کے یہ تمام ماڈلز اپنے بائٹ سائز میں بہت ہلکے پھلکے ہیں جنہیں سوشل میڈیا پر تھری ڈی اسٹیکرز کے طور پر بھی آسانی سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ورچوئل رئیلیٹی (وی آر) اور آگمینٹڈ رئیلیٹی (اے آر) کے علاوہ، یہ تھری ڈی ماڈلز بہت آسانی سے میٹاورس کا حصہ بھی بنائے جاسکتے ہیں جبکہ انہیں استعمال کرتے ہوئے کوئی اے آر گیم بھی بہ آسانی تیار کیا جاسکتا ہے۔
بتاتے چلیں کہ قدیم جانوروں کے ڈھانچے اور رکازات دیکھ کر ان کی حقیقت سے قریب تصویر بنانا بھی ایک باقاعدہ سائنسی فن ہے جسے ’’پیلیو آرٹ‘‘ کہا جاتا ہے۔
اس منصوبے میں بطورِ خاص پیلیو آرٹسٹس کا کام بہت رہا اہم ہے کیونکہ انہوں سائنسی ماہرین کی فراہم کردہ تفصیلات اور پیمائشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے، ان معدوم جانوروں کے ایسے تھری ڈی ڈیجیٹل ماڈل تیار کیے ہیں جو سائنسی لحاظ سے بالکل درست ہیں۔
نیچرل ہسٹری میوزیم آف لاس اینجلس کاؤنٹی نے اس بارے میں ایک تفصیلی پریس ریلیز بھی جاری کی ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ یہ ماڈلز سنیپ چیٹ اور انسٹاگرام پر آگمینٹڈ رئیلیٹی ایفیکٹ کے طور پر بھی پیش کیے جاچکے ہیں۔
اسی پریس ریلیز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سنیپ چیٹ اور انسٹاگرام، دونوں میں ان اے آر/ وی آر ایفیکٹس تک کیسے پہنچا جاسکتا ہے۔
اس کے علاوہ، آن لائن ریسرچ جرنل ’’پیلیونٹولوجیا الیکٹرونیکا‘‘ کے تازہ شمارے میں بھی اس حوالے سے ایک بھرپور تحقیقی مضمون شائع ہوچکا ہے۔
روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید مہنگا
کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 2 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 178 روپے 61 پیسے سے بڑھ کر 178 روپے 63 پیسے ہو گئی ہے۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس 164.61 پوائنٹس کا اضافہ
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد تیزی کی واپسی ہوئی ہے۔ 100 انڈیکس 164.61 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 43042.96 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.38 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 8 کروڑ 22 لاکھ 31 ہزار 20 شیئرز کا لین دین ہوا۔ تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو تیس ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔