All posts by Khabrain News

حکومت کیسز بنا کر اپنا شوق پورا کرے، ہم عمران خان کیساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں: فرخ حبیب

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت ایف آئی اے کے ذریعے من گھڑت انکوائری کروا رہی ہے۔
سابق وزیر مملکت نے ایف آئی کی جانب سے طلبی کے نوٹس کے بعد ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم والے عمران خان کے وفادار ساتھیوں پر کیسز بنا رہے ہیں یہ اپنا شوق پورا کریں ہم ڈٹ کر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، ایف آئی اے پیش ہونے کے حوالے سے وکلا کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا۔
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کو ایف آئی اے نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن کی تحقیقات کیلئے 21 فروری کو طلب کیا ہے اس حوالے سے انہیں فیصل آباد آفس میں پیش ہونے کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

صدر نے منی بجٹ کے آرڈیننس پر دستخط نہ کر کے احسن کام کیا: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ جیل بھرو تحریک مزاحمت کا جمہوری طریقہ ہے، ملک بھر سے کارکن رضا کارانہ گرفتاریاں دیں گے۔
کالم نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ غیر قانونی ٹیپس کے ذریعے عدلیہ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمارے لوگوں کو بلا جواز گرفتار کیا جا رہا ہے، امپورٹڈ حکومت کی فسطائیت کسی بھی طور قبول نہیں کریں گے، قوم کی حمایت سے لاقانونیت اور معاشی تباہی کا راستہ روکیں گے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ قمر باجوہ نے حلف کی خلاف ورزی کی اور تسلیم کیا نیب ان کے زیر اثر تھا، باجوہ کہتے تھے امریکا خوش نہیں روس یوکرین پر پالیسی سے متضاد بیان داغ دیا، باجوہ نے تسلیم کیا کہ انہوں نے ریکارڈنگز کیں جو غیرقانونی اقدام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ خصوصاً ججز کے خلاف گھٹیا پروپیگنڈا مہم شرمناک ہے، مسلم لیگ (ن) عدلیہ پر یلغار کی تاریخ رکھتی ہے، فون ٹیپ کرکے ججز پر دباؤ اور آئین کی بالادستی روکنے کی کوشش کی ہے، عدلیہ قوم کی واحد امید ہے، ججز کو دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر دستور اور قانون کو بالادست بنانا چاہیے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ ہمارے لوگوں پر مقدمے ان کی بلا جواز گرفتاریاں کی جا رہی ہیں ڈاکٹر نے مجھے چلنے پھرنے سے روکا ہے پھر بھی عدالتوں میں بلایا جارہا ہے ہم امپورٹڈ حکومت کی فسطائیت اور دستور سے انحراف کو قبول نہیں کریں گے، چیف الیکشن کمشنر دستور کی پامالیوں میں پی ڈی ایم کا کلیدی معاون ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ اتحادیوں سے سیاسی انتقام اور سیاسی آمریت کو پروان چڑھایا جا رہا ہے ہم لاقانونیت، جمہوری اقدار کی پامالی معاشی تباہی کو قومی حمایت سے روکیں گے، صدر نے فنانس بل کے آرڈیننس پر دستخط نہ کرکے احسن کام کیا ہے، پارلیمنٹ میں نئے فنانس بل سے اب ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں معاشی اشاریے مثبت تھے، ترسیلات زر، زراعت، انڈسٹری اور روزگار میں اضافہ ہو رہا تھا، سرمایہ کاری آرہی تھی لوگوں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا تھا لیکن اب فچ کہتا ہے کہ پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی منفی، ڈیفالٹ کا خطرہ 100 فیصد تک ہے جبکہ ہمارے دور میں ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ صرف پانچ فیصد تھا۔

حکومت نے 2 سابق چیف جسٹس اور ایک جج سے سکیورٹی واپس لے لی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت داخلہ نے 3 ریٹائرڈ ججز سے سکیورٹی واپس لے لی، ان میں سپریم کورٹ کے 2 سابق چیف جسٹس اور ایک جج شامل ہیں۔
سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ سے رینجرز کی سکیورٹی واپس لی گئی ہے، ان ججز صاحبان کو پاناما لیک اور دیگر اہم کیسوں کے فیصلے دینے کے بعد رینجرز کے سکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔
واضح رہے جسٹس ثاقب نثار 31 دسمبر 2016ء سے 17 جنوری 2019 تک چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر فائز رہے، ان کے بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 18 جنوری سے 20 دسمبر 2019 تک بطور چیف جسٹس ذمہ داریاں نبھائیں، جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ سپریم کورٹ کے جج رہے ہیں۔

بھارت نے روس سے سستا پیٹرول خریدنے کا تمام پچھلا ریکارڈ توڑ دیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت نے گزشتہ ماہ جنوری میں ریکارڈ مقدار میں روس سے پیٹرول درآمد کیا جو اس کی مجموعی ضرورت کا 27 فیصد تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت اب روس سے پیٹرول خریدنے والا ایک بڑا ملک بن گیا۔ جس کی جنوری میں روسی تیل کی درآمدات 1.4 ملین بیرل یومیہ تک پہنچ گئی جو دسمبر کے مقابلے میں 9.2 فیصد زیادہ ہے۔
بھارت کے روس سے سستا پیٹرول خریدنے کے باعث اب اس کی خلیجی ممالک سے خام تیل کی خریداری میں 84 فیصد تک کمی آئی ہے۔ گزشتہ ماہ بھارت کی طرف سے درآمد کیے گئے 5 ملین بی پی ڈی خام تیل کا تقریباً 27 فیصد حصہ روسی تیل کا تھا۔
1.4 بلین آبادی والا بھارت اس وقت تیل کی درآمدات میں دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خلیجی ممالک سمیت پیٹرول برآمد کرنے والے دیگر ممالک بھارت کو خصوصی توجہ بھی دیتے ہیں۔
یوکرین پر حملے کے نتیجے میں عالمی قوتوں نے روس پر اقتصادی اور معاشی پابندیاں عائد کی تھیں جس میں خام تیل کی برآمدات بھی شامل ہے تاہم بھارت نے شروع دن سے ہی پابندی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے خام تیل کی خریداری کی۔
یورپی ممالک میں پابندیوں کے شکار روس کو بھی اپنے تیل کی فروخت کے لیے ایک بڑی مارکیٹ درکار تھی جو اسے بھارت کی شکل میں مل گئی اور بھارت کو قدرے سستا پیٹرول ملنے لگا۔
خیال رہے کہ موجودہ پاکستانی حکومت نے بھی روس سے پیٹرول خریدنے کے لیے بات چیت کی ہے تاہم ابھی اس میں مزید لگ سکتا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کراچی کنگز کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف

کراچی: (ویب ڈیسک) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دے دیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری پاکستان سپر لیگ 8 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے مارٹن گپٹل 67 گیندوں پر 5 چھکوں اور 12 چکوں کی مدد سے 117 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ افتخار احمد 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کپتان سرفراز احمد 5، عمر اکمل 4 اور محمد نواز 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیسن روئے اور عبدالوحید بنگلزئی کوئی رن اسکور نہ کر سکے۔
کراچی کنگز کی جانب سے کپتان عماد وسیم اور عامر یامین نے 3،3 جبکہ محمد عامر نے 1 وکٹ حاصل کی۔

پی ایس ایل 8 کی پہلی سنچری، مارٹن گپٹل کی کراچی کنگز کے خلاف شاندار سنچری

کراچی: (ویب ڈیسک) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مارٹن گپٹل نے پی ایس ایل 8 کی پہلی سنچری جڑ دی، وہ آخری گیند پر 117 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
میچ کے 19 ویں اوور میں مارٹن گپٹل نے کراچی کنگز کے فاسٹ بولر اینڈریو ٹائی کیخلاف 30 رنز بنا ڈالے اور اسی دوران اپنی سنچری بھی مکمل کی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کراچی پولیس آفس کا دورہ

کراچی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گزشتہ روز دہشت گردی کا نشانہ بننے والے کراچی پولیس آفس (کے پی او) کا دورہ کیا۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کے پی او کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور کور کمانڈر کراچی بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس چیف کے دفتر پر ہونے والے حملے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار اور ایک سویلین بھی شہید ہوا تھا۔
دوسری جانب کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملے کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔

شہباز شریف کی ترکیہ زلزلہ زدگان کیلئے 1 لاکھ 71 ہزار خیمے بھیجنے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے 1 لاکھ 71 ہزار خیمے بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم سے پاکستان میں خیمہ سازی کے صنعتکاروں کے وفد نے ملاقات کی، شہباز شریف نے خیموں کے معیار کے تعین کیلئے وزیر منصوبہ بندی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ بھیجے جانے والے خیموں کا بین الاقوامی معیار یقینی بنایا جائے، فوری طور پر ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ پریزیڈنسی سے درکار خیموں کی خصوصیات کے حوالے سے مشاورت کی جائے، ترکیہ میں خیموں کی فوری ضرورت پوری کرنے کیلئے فضائی راستے سے خیمے بھیجے جائیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان سے بھیجے جانے والے خیموں کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی جائے، پاکستان میں خیمہ سازی کے صنعتکار اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، انہوں نے اپیل کی کہ ترکیہ کے بہن بھائیوں کی مدد کی خاطر خیمہ سازی کے صنعتکار حکومت کو کم نرخوں پر خیمے فراہم کریں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان، شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے خوراک، گرم کپڑے اور خشک دودھ بھیج رہا ہے، پاکستان کی ریسکیو ٹیمیں ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی بھرپور مدد کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات دہائیوں پر مبنی ہیں، پاکستان کی معاشی مشکلات کے باوجود ہم ترکیہ کے بہن بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے۔

عدلیہ پر الزامات لگائے جا رہے ہیں، مریم اور وزراء کو بھی عدالت طلب کرے: اسد عمر

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ آج عدلیہ پر بدترین الزامات لگائے جا رہے ہیں، عدالت مریم صاحبہ اور ان کے وزراء کو بھی توہین عدالت کیس میں طلب کرے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ لگ رہا ہے ملک کے اندر کوئی آئین اور قانون نہیں ہے، سپریم کورٹ غیر قانونی کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے، دیدہ دلیری کے ساتھ قانون کو توڑا جا رہا ہے، ملک کا وزیر داخلہ ٹیپ بارے خود اعلان کرتا ہے، ان کی مہم کا مقصد عدلیہ کے ادارے کو نشانہ بنانا ہے، یہ عدلیہ پردباؤ ڈال رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے مزید کہا کہ کوئی ابہام نہیں 90 دن کے اندر الیکشن ہونے ہیں، جب مریم نواز کا عدالتی فیصلے پر پاسپورٹ بحال ہو جائے تو وہ عدالت ٹھیک ہوتی ہے، 26 نومبر کو میرے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ بنایا گیا تھا، میں نے پاکستانی کی حیثیت سےعدلیہ سے گلے کا اظہار کیا، میں نے کہا ارشد شریف کی والدہ کو انصاف نہیں مل رہا۔

نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے گورنر سندھ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بین الصوبائی ہم آہنگی، سندھ اور پنجاب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون سے عوام کو فائدہ ہو گا، معاشی چیلنجز کے باعث ملک میں اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے، یہ وقت سیاست کا نہیں ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے کام کرنے کا ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ رینجرز اور سندھ پولیس نے گزشتہ شب ملک دشمنوں کی سازش کو ناکام بنایا، ہم انتہائی نازک دور سے گزر رہے ہیں، ہمیں ذاتی مفاد کو پس پشت ڈالنا ہوگا، یہ ملک ہے تو ہم ہیں۔