All posts by Khabrain News

پی ایس ایل10؛ پلیئر ڈرافٹ کا نظرثانی شدہ پک آرڈر کیا ہوگا؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے پلیئر ڈرافٹ کیلئے نظرثانی شدہ پک آرڈر کی تفیصلات منظر عام پر آگئیں۔

پی سی بی کی جانب  سے جاری کردہ نئے نظرثانی شدہ فارمیٹ کے مطابق اب پلئیر ڈرافٹ کیلئے پلاٹینم کیٹیگریز کو 3 سے کم کرکے 2 تک محدود کردیا گیا ہے جبکہ ڈائمنڈ کیٹیگریز میں بھی اب 3 کے بجائے 1 ایک پلئیر منتخب کیا جاسکے گا۔

گولڈ کیٹیگریز کو 3 سے کم کرکے 2 اور سلور کیٹیگریز کو 5 سے کم کرکے 3 کردیا گیا ہے۔

نظرثانی شدہ پک آرڈر لاہور قلندرز پلاٹینم 1 کیٹیگری میں پہلا انتخاب کرے گی، اس کے بعد کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور پھر اسلام آباد یونائیٹڈ کا نمبر آئے گا۔

پلاٹینم 2 کیٹیگری میں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پہلا انتخاب ہوگا بعدازاں کراچی کنگز کی باری آئے گی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا 10واں ایڈیشن 8 اپریل سے 19 مئی تک شیڈول ہے، جس کیلئے 6 فرنچائزز 13 جنوری کو ڈرافٹس میں کھلاڑیوں کو چناؤ کریں گی۔

قبل ازیں پلئیرز ڈرافٹ کی تقریب گوادر میں شیڈول کی گئی تھی تاہم اچانک لاجسٹک مسائل کو دیکھتے ہوئے بورڈ نے تقریب لاہور کے حضوری باغ میں منعقد کرنے کا اعلان کیا۔

وفاقی ٹیکس محتسب ساؤتھ ریجن نے گزشتہ برس 22 ارب روپے کے ریفنڈ دلوائے

وفاقی ٹیکس محتسب ساؤتھ ریجن نے گزشتہ برس 22 ارب روپے کے ریفنڈ دلوانے میں سہولت فراہم کی۔

2024ء میں وفاقی ٹیکس محتسب ساؤتھ ریجن کو ٹیکس دہندگان کی جانب سے 13ہزار 506 شکایات موصول ہوئیں اور ادارے نے 22ارب روپے مالیت کے ریفنڈز دلوانے میں سہولت فراہم کی۔

یہ بات ایڈوائزر وفاقی ٹیکس محتسب فیض الہی میمن نے کسٹم ایڈوائزر گل رحمان، ماجد یوسفانی اور انکم ٹیکس ایڈوائزر بدرالدین احمد کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ  2023 میں 8ہزار شکایات موصول ہوئی تھیں جب کہ 2024 میں موصول ہونے والی ساڑھے 13 ہزار شکایات میں سے 12 ہزار 900 سے زائد کا تصفیہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس محتسب کے کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں بھی دفاتر قائم کیے گئے۔ 2024 کے دوران کراچی سے 2477 شکایات موصول ہوئیں جب کہ ملک کے تمام ریجنل دفاتر کو موصول ہونے والی 12ہزار 914 شکایات میں 95.6فیصد شکایات کا تصفیہ کیا گیا۔ 2023 میں ملک بھر میں 94فیصد شکایات کو حل کیا گیا تھا۔  4فیصد اس لیے حل نہ ہوسکیں کیوں کہ وہ 25 دسمبر سے بعد موصول ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیکس دہندگان کو بلا معاوضہ سستا اور فوری انصاف مہیا کرتے ہیں۔ صرف 30 دن میں شکایات حل ہوجاتی ہیں۔ انصاف کے نظام میں 100فیصد شفافیت ہے۔ پاک سوزوکی میں 1000سی سی کی حامل گاڑیاں بک کروانے والوں سے وصول کیے جانے والے 4کروڑ 80لاکھ روپے کے اضافی سیلز ٹیکس صارفین کو ریفنڈ کروائے گئے۔ اسی طرح سرکاری اساتذہ کو ریبیٹ کے حوالے سے انصاف فراہم کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال 25 سے زائد ساؤتھ کے 25 نجی میڈیکل کالجز کو فیس کے سلسلے میں ازخود نوٹس لیا گیا اور ان کی ٹرانزیکشن اور فنڈز کا ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ وہاں سے بڑی تنخواہیں لینے والے ملازمین کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے ایف بی آر کی معاونت کی۔

ایڈوائزر وفاقی ٹیکس محتسب کا کہنا تھا کہ ملک میں ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ سال 78 آؤٹ ریچ سیشنز کیے ، جن میں فیڈریشن چیمبر آف کامرس، کراچی چیمبر اور صنعتی زونز شامل ہیں۔

فیض الہی میمن نے بتایا کہ رواں سال وفاقی ٹیکس محتسب کی شکایات 20 ہزار تک پہنچ سکتی ہیں۔ اساتذہ کی جانب سے ملک بھر سے سب سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔ آرٹس کونسل اور پی ٹی وی کے ملازمین سے بھی ہم نے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر سے متعلقہ شکایات میں اسی صورت میں کمی ممکن ہے کہ جب ٹیکس دہندگان ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثبوت کے ساتھ بدعنوانیوں کی نشاندہی کریں۔

بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلیے جماعت اسلامی کا ملک گیر احتجاج کا اعلان

جماعت اسلامی نے بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ کیے جانے کے خلاف 17 جنوری کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اڑان پاکستان اور اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بہتر ہونے کی خوشخبری وزیر اعظم تو دے رہے ہیں لیکن پیٹرول و کھانے پینے کی اشیاء کیوں کم نہ ہوئیں، معاشی حالات بد سے بدترین ہوتے چلے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کا مسئلہ جماعت اسلامی نے اٹھایا ہے، دھرنوں و احتجاج سے آئی پی پیز پانچ بند کرنے اور 18 سے بات چیت کا دعویٰ کیا ہے۔ آئی پی پیز بند ہونے کے باوجود بجلی کے بل کم کیوں نہیں ہو رہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت صنعتکاروں کو تباہ کرکے دو ہزار ارب روپے آئی پی پیز کو دے دیتے ہیں ان کو تو انکم ٹیکس سے بھی مستثنا کر دیا ہے، تنخواہ دار تو انکم ٹیکس دے لیکن آئی پی پیز والے ٹیکس نہیں دیں گے جو ظلم عظیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی پارٹی کا ایجنڈا نہیں آئی پی پیز و عوامی مسائل پر بات کرے، فارم 45 والے ہوں یا 47 والے ہوں انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا، اسٹیبلشمنٹ میں ہر پارٹی میں ملے ہوئے لوگ مفاد پرست ہوتے ہیں جو عوام کا خون چوستے ہیں، پاکستان چند لوگوں کا نہیں فوج، جرنیلوں، بیوروکریٹ اور جاگیر داروں و ڈیروں کا پاکستان نہیں ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ سولر پر لوگ منتقل ہورہے ہیں بجلی کی پیداوار کا بحران آ رہا ہے شیطانی چکر میں حکمرانوں نے ڈال دیا ہے کہتے ہیں سولر پر ٹیکس لگا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گنے کی قیمت میں سپورٹ پروگرام دیا جائے، حکومت گنے و گندم کی قیمت مقرر کرے، گنے و گندم کی دو بلین ڈالر کی پیداوار خراب ہو رہی ہے کیونکہ ریٹ نہیں لگا رہے۔ کسان کارڈ تو قرضہ ہے اگر قرضہ نہ دیں گے تو وہ قرضے کی دلدل میں پھنس جائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کے تمام طلبہ کی میٹرک سے یونیورسٹی کی تمام تعلیم اخراجات کا تخمینہ کر لیں تو 570 ارب روپے بنتے ہیں، حکومت نے تعلیم کا بوجھ سر سے اتار کر پرائیویٹ سیکٹر کو دے رہے ہیں، تعلیم پر نہیں بلکہ چند لوگوں کی جیب بھرنے کے لیے پیسے خرچ کرتے ہیں۔ سترہ ہزار سکولوں کو پنجاب حکومت نے سر سے اتارنے کی کوشش کی وہ افسوسناک ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ جب ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے فوجی عدالتوں کی حمایت کی ہم تب بھی فوجی عدالتوں کے خلاف رہے اور آواز بھی اٹھائی، ملٹری کا کام ملٹری اور حکومت کا حکمرانی ہے وہ اپنا اپنا کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی کوئی بھی قسم ہو قوم انہیں مسترد کر چکی ہے۔ کراچی کا معاملہ اسٹیبلشمنٹ نے قبضہ مافیا کو بٹھاکر خراب کیا ہے، اسٹیبلشمنٹ کو چاہیے کہ کراچی کے معاملے کو خراب نہ کریں اور اسے درست سمت چلنے میں مکمل کرے۔ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی دونوں حکومت میں رہتے ہیں، دونوں ہی مراعات لیتے رہتے ہیں اور نورا کشتی کرتے رہتے ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ مئیر اور بلدیاتی انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ رہا ہم نے انتخاب لڑا تو ہماری سیٹیں انتہائی کم نکلیں، پیپلزپارٹی اسٹیبلشمنٹ کے بغیر ہماری کراچی میں سیٹیں چھین نہیں سکتی، 173 جیت گیا 193 والی جماعت ہار گئی جبکہ عدالتیں و ٹربیونلز فیصلے نہیں سناتیں۔ پی ٹی آئی فارم 47 کے مسئلے سے دستبردار ہوچکی ہے، میں تو کہہ رہا ہوں کہ فارم 45 پر عدالتوں سے فیصلہ لے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ حکومت و پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں، مذاکرات کے معاملے پر لوگوں کا عدم اعتماد تب ہوتا ہے جب تحریری فیصلہ کچھ اور بات چیت الگ ہو، بانی پی ٹی آئی کو رہا ہونا چاہیے آئین و قانون کے مطابق فیصلے ہونے چاہئیں۔

اسرائیلی جارحیت

حافظ نعیم نے کہا کہ فلسطین میں حالات بہت زیادہ مخدوش ہوگئے ہیں، 47ہزار سے زائد مسلمان شہید ہوچکے ہیں، 23 لاکھ فلسطینوں کے کیمپوں پر بمباری کر رہا ہے۔ اسرائیل نسل کشی کر رہا ہے اور اس کی پشت پناہی امریکا کر رہا ہے، امریکا دہشتگردی کا سب سے بڑا سپورٹر ہے اس کی تاریخ ہی دہشت گردی پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اسرائیل کو لگام ڈالنے کے بجائے مدد دے رہا ہے اور ٹرمپ دھمکی دے رہا ہے کہ اگر یرغمالی رہا نہ ہوئے تو پورا خطہ تباہ کر دے گا، ابھی ڈونلڈ ٹرمپ اقتدار میں نہیں آیا تو وہ چیمپیئن بن کر دنیا میں قتل و غارت کرکے استحصال قوموں کا کر رہا ہے۔

خیبر پختونخوا میں بدامنی

حافظ نعیم نے کہا کہ کے پی میں بدامنی پھیل رہی ہے ضرورت اس امر کی ہے افغانستان سے مذاکرات سے حالات بہتر کیے جائیں کیونکہ جنگ سے دونوں ممالک کو کچھ نہیں ملے گا، افغانستان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انکی زمین پاکستان میں دہشت گردی کےلیے استعمال نہ ہو۔ مشرف کا کارنامہ ہے جس نے پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ میں جھونکا اور بلیک واٹر سی آئی اے پاکستان میں گھس گئی۔

انہوں نے کہا کہ فوجی آپریشن فوج و قوم کو نقصان پہنچاتا ہے، نوجوانوں کو سہولتیں دیں اور عوام کو ریلیف دیں۔ لوگوں کو روزگار نہیں دیں گے تو دہشت گردی پھیلے گی۔ فوجی آپریشن بلوچستان، کے پی یا کراچی میں کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ بلوچستان و کے پی میں حکومتی سنجیدگی نظر نہیں آتی۔

بیلجیم؛ یورپی پارلیمنٹ کے سامنے اوورسیز پاکستانیوں کی تقریب

بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے سامنے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

یورپی یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے پلیٹ فارم سے کمیونٹی کی جانب سے قومی یکجہی کا مظاہرہ کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے مسلح افواج کی قربانیوں کو اجاگر کیا۔

اجتماع کے دوران پاکستانی پرچم تھامے شرکاء نے مسلح افواج کے حق میں نعرے لگائے۔ شرکاء نے سول نافرمانی اور ترسیلات زر کے بائیکاٹ کے منفی پراپیگنڈے کو مسترد کر دیا۔ منفی پراپیگنڈے کو شرکاء نے پاکستان کے دشمنوں کا ایجنڈا قرار دیتے ہوئے مسلح افواج اور ان کی قیادت کے حق میں مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ پاکستانی کمیونٹی نے یورپ میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ہنی ٹریپ کیس: ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست خارج

سیشن عدالت  لاہور نے پنی ٹریپ کیس میں ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست  واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔

ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کے خلاف اندراج مقدمہ  سے درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج الیاس ریحان نے اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی، ہنی ٹریپ کیس کی ملزمہ امنہ عروج کی والدہ زینت بی بی اندارج مقدمہ کی درخواست دائر کی تھی۔

خلیل الرحمٰن قمر کے وکیل مدثر چوہدری عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار درخواست میں کچھ تبدیلی کرنا چاہتے ہیں، اندراج مقدمہ کی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔

وکیل نے استدعا کی کہ عدالت اندراج مقدمہ کی درخواست واپس لینے کی اجازت دے، عدالت نے درخواست گزار کو درخواست واپس لینے کی اجازت دے دی۔

غزہ میں حماس کیساتھ جھڑپ میں مزید 3 اسرائیلی فوجی مارے گئے؛ 3 زخمی

غزہ میں آج تیسرے دن حماس کے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 5 ہوگئی جب کہ ایک یرغمالی کی لاش بھی ملی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فورسز کی حماس کے ساتھ بیت حنون میں جھڑپ کا سلسلہ جاری ہے۔ حماس کی جانب سے سخت مزاحمت کی سامنا ہے۔

جھڑپ میں ہلاک ہونے والوں میں فرسٹ سارجنٹ ماتیاہو یاکو پریل، فرسٹ سارجنٹ کینیو کاسا، اور فرسٹ سارجنٹ نیوو فشر شامل ہیں۔

مارے گئے تینوں اہلکاروں کی عمریں 20 سے 22 سال ہے جو 401 ویں آرمرڈ بریگیڈ کی 46 ویں بٹالین کا حصہ تھے۔

اس جھڑپ میں اسرائیلی فوج کے ایک افسر سمیت 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

اسرائیلی فوج کے 3 اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد گزشتہ ایک برس میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 800 سے زائد ہوگئی۔

علاوہ ازیں غزہ میں حماس کے بنائے گئے اسرائیلی یرغمالیوں میں سے ایک کی لاش برآمد ہوئی ہے اس طرح 200 یرغمالیوں میں سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 40 کے قریب پہنچ گئی۔

چیمپئینز ٹرافی اسکواڈ؛ پی سی بی حکام کو صائم کی رپورٹس کا انتظار

قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کی چیمپئینز ٹرافی اسکواڈ میں شمولیت کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کو میڈیکل رپورٹس کا انتظار ہے۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شارٹ تھرڈ مین باؤنڈری پر گیند کا پیچھا کرنے کی کوشش کی، اس دوران باؤنڈری لائن کے قریب قومی ٹیم کے اوپنر صائم کا دائیں ٹخنہ مڑ جانے سبب انجری کا شکار ہوئے تھے۔

جنوبی افریقا کیخلاف سیریز کے اختتام کے بعد صائم ایوب علاج کیلئے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کے ہمراہ لندن روانہ ہوگئے تھے، جہاں چیئرمین کی ہدایت پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے ماہر اسپورٹس آرتھو ڈاکٹرز انکا چیک اَپ کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صائم ایوب لندن میں اپنی انجری کی نوعیت کی تشخیص کیلئے ڈاکٹر لکی جیاسیلان سے ملے ہیں، جو ایک کنسلٹنٹ ٹراما اینڈ آرتھوپیڈک فٹ اینڈ ٹخنوں کے سرجن ہیں۔

قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے مشاورت کے دوران صائم ایوب کیساتھ موجود تھے، جمعرات کو ڈاکٹر ڈیوڈ کے ساتھ فالو اپ اسسمنٹ شیڈول ہے تاکہ ان کی صحت یابی کی حد اور کرکٹ میں واپسی کیلئے ممکنہ ٹائم لائنز کا تعین کیا جا سکے۔

ادھر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اوپنر صائم ایوب پاکستان کرکٹ کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ کرکٹر کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔

7 جنوری سے لاپتا بچے کا تاحال سراغ نہیں ملا

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے 7 جنوری کو لاپتا ہونے والے بچے کا سراغ تا حال نہیں مل سکا۔

نارتھ کراچی بلال کالونی پولیس نے 3 روز قبل لاپتا ہونے والے بچے کے اغوا کا مقدمہ مغوی کے والد حسن پرویز کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔ مدعی نے بیان میں بتایا کہ وہ  بیت العنم اپارٹمنٹ سیکٹر فائیو کے نارتھ  کراچی کا رہائشی ہے۔ مغوی 7 سالہ صارم ولد محسن پرویز مدرسہ تعلیم القرآن محمدی مسجد اندرون بیت العنم فلیٹ  کا طالبعلم ہے۔

بچے کے والد کے مطابق  وہ جنریٹر مکینک ہے۔ اس کا درمیانہ بیٹا محمد صارم 7 جنوری 2025  دن ڈھائی بجے مدرسے گیا تھا ۔ بچہ روزانہ تین بجکر 40 منٹ پر مدرسے سے واپس گھر آجاتا تھا لیکن اس روز جب شام 5 بجے تک گھر واپس نہیں آیا تو اس کی اہلیہ نے فون کر کے صارم کے گھر نہ پہنچنے کے بارے میں بتایا جس پر وہ فوری طور پر گھر پہنچا۔

والد کا مزید کہنا تھا کہ  صارم کے مدرسے گیا جہاں اس نے مولانا محمد عرفان قاری سے صارم کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ صارم 3 بجکر 40 منٹ پر چھٹی کر کے گھر جا چکا ہے۔  وہ مدرسے سے واپس آرہا تھا کہ اچانک اس نے مسجد کےاندر سیڑھیوں پر صارم کے دستانے پڑے دیکھے جس پر وہ بے حد پریشان ہوگیا۔ گھر آکر پڑوس اور محلے کے دیگر گھروں اور رشتے داروں میں معلومات کرنے کے بعد جب صارم کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوا تو وہ رپورٹ درج کرانے بلال کالونی پولیس اسٹیشن پہنچ گیا ۔

مدعی کا کہنا تھا کہ میرا دعویٰ ہے کہ میرے بیٹے کو نامعلوم شخص یا اشخاص نے اغوا کیا ہے جس پر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

سانحہ ڈی چوک پر عالمی تنظیموں کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے، بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے 26 نومبر کو انسانی حقوق کی پامالی کی نئی داستان رقم کی، انسانی حقوق کی قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کی سانحہ ڈی چوک پر خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔

اپنے ایک جاری بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہر دور میں معصوم جانوں کو نگلنے کی روایت پر عمل کرتی رہی ہے، ماڈل ٹاؤن میں حاملہ خواتین پر سیدھی گولیاں چلانا مسلم لیگ (ن) کے ریکارڈ کا حصہ ہے، مسلم لیگ کو معصوم جانیں نگلنے کے ذریعے اقتدار کا طول حاصل کرنے کی عادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ  جعلی حکومت کو سانحہ ڈی چوک کا پورا پورا حساب دینا ہوگا،  26 نومبر کو بغضِ عمران میں جعلی حکومت نے فسطائیت کی انتہا کر دی ہے، نہتے کارکنوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا، سانحہ ڈی چوک حقیقی آزادی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کی سانحہ ڈی چوک پر خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے، جعلی حکومت نے 26 نومبر کو انسانی حقوق کی پامالی کی نئی داستان رقم کی ہے۔

اے این ایف آپریشنز میں 18 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

اے این ایف آپریشنز میں 18 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق ملک بھر میں جاری منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے سلسلے میں 6 مختلف کارروائیوں میں 6 ملزمان کوگرفتار کرکے 18 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 131.478 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 84 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔ اُدھر بلوچستان میں مستونگ اورسیف اللہ کے غیر آباد علاقوں سے 96 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔

اسی طرح ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 3.6 کلو افیون  اور 21.6 کلو چرس برآمد کرکے 2 ملزمان  کو گرفتار کرلیا گیا۔

سرینگر ہائی وے راولپنڈی میں بس اسٹاپ کے قریب گاڑی سے 6 کلو ہیروئن برآمد کرکے  2 ملزمان  کو گرفتار کیا گیا۔ سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ملزم سے 3.6 کلو چرس برآمد ہوئی۔

تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔