All posts by Khabrain News

بھارتی فلموں میں کام سے انکار پر پاکستان میں مشکلات کا سامنا کیا، شان کا دعویٰ

ماضی کے مقبول ہیرو شان شاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ پڑوسی ملک بھارت میں کام کرنے سے انکار پر انہیں پاکستان میں کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شان شاہد حال ہی میں نعمان اعجاز کے  شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی پر کھل کر باتیں کیں۔

دو حصوں پر مشتمل پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے شان شاہد نے ملک میں سینیئر اداکاروں کا احترام نہ کرنے کا شکوہ بھی کیا اور کہا جو اداکار اکیڈمی کی حیثیت رکھتے ہیں، آج انہیں کوئی پوچھنا والا نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ آج بھی اپنے سینیئر اداکاروں سے ملتے رہتے ہیں اور انہوں نے مصطفیٰ قریشی اور ندیم جیسے اداکاروں کے ساتھ دوستی کرلی ہے اور انہوں نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔

دوران پروگرام انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ فلمی ایوارڈز کے معاملے پر ایک شارٹ اسٹوری بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور جلد ہی اس پر کام شروع کردیں گے۔

شان شاہد کا کہنا تھا کہ وہ سینیئر اداکار ندیم کے ساتھ ایوارڈز پر مختصر فلم بنائیں گے،جس میں ندیم کو ملنے والے ایوارڈز دکھائے جائیں گے اور یہ پیغام دیا جائے گا کہ ایوارڈز جیتنے والے افراد کو عزت نہیں دی جاتی۔

انہوں نے پاکستان میں ایوارڈز دیے جانے کے معاملے پر بھی کھل کر باتیں کی اور کہا کہ ’لائیف اچیومنٹ ایوارڈ‘ دیے جانے پر بھی اداکار کو کوئی رقم نہیں دی جاتی، بس لکڑی کا ایک تحفہ دے کر انہیں گھر روانہ کیا جاتا ہے۔

رواں مالی سال کے پانچ ماہ میں حکومتی قرض میں 6 فیصد اضافہ

حکومتی قرض اور واجبات میں رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران 5.9 فیصد اور گزشتہ 12 ماہ (نومبر 2020 سے نومبر 2021 تک) کے دوران 14.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔

 رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نومبر میں حکومتی قرض اور واجبات بڑھ کر 409 کھرب 73 ارب روپے ہوگئے جو جون 2021 کے آخر میں 386 کھرب 99 ارب روپے تھے، یہ 22 کھرب 74 ارب روپے یا 5.87 فیصد زیادہ ہے۔

نومبر2021 کے دوران اکتوبر 2021 کے مقابلے میں قرض میں 694 ارب روپے کا اضافہ ہوا جو مالی سال 22 کے دوران ایک ماہ میں 454 ارب روپے کے اوسط اضافے سے کافی زیادہ ہے۔

حکومتی قرض اور واجبات نومبر2021 میں بڑھ کر 409 کھرب 73 ارب روپے ہوگئے جو نومبر 2020 میں 358 کھرب 24 ارب روپے تھے، یعنی 12 ماہ میں ان میں 51 کھرب 49 ارب روپے یا 14.4 فیصد اضافہ ہوا۔

رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں مقامی قرض اور واجبات میں بھی تقریباً 2 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔

نومبر 2021 میں قرض اور واجبات 274 کھرب 61 ارب روپے رہے جو جون 2021 کے آخر میں 269 کھرب 58 ارب روپے تھے، جو 503 ارب روپے یا 1.86 فیصد زیادہ ہے۔

تاہم نومبر 2021 میں مقامی قرض اور واجبات میں 44.4 فیصد یا 28 کھرب 18 ارب روپے کا اضافہ ہوا جو نومبر 2020 میں 246 کھرب 43 ارب روپے تھا۔

کرپشن کے خلاف ہماری جنگ لازم ہے، شاہ محمود قریشی

 اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے 2030 کے ایجنڈے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے کرپشن کے خلاف ہماری جنگ لازم ہے۔ 

’اوآئی سی‘ کے خودمختار مستقل انسانی حقوق کمیشن کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف جنگ اور جملہ انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا، ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں سرفہرست ہے، کرپشن کے خاتمے کے لئے پاکستان کا عزم اور عہد واضح اور مضبوط ہے، اقوام متحدہ کے 2030 کے ایجنڈے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے کرپشن کے خلاف ہماری جنگ لازم ہے، سیاسی، معاشی، سماجی، ثقافتی اور ترقی کے حق سمیت تمام انسانی حقوق کو شرمندہ تعبیر کرنے کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے، یہ اچھی حکمرانی اور جمہوریت کی جڑوں پر ضرب لگاتی ہے اور ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہے، قانون کی حکمرانی پر اثرانداز ہوتی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرپشن، شفافیت، احتساب وجوابدہی، انصاف اور منصفانہ ویکساں مواقع کی فراہمی کی اقدار کے خلاف ہے، یہ معاشی شرح نمو کو متاثر، عدم مساوات میں اضافے اور خوش حالی کی راہ میں رکاوٹ بن کر پائیدار ترقی کے تمام 17 اہداف پر کامیاب عمل درآمد پر اثرانداز ہوتی ہے، کرپشن خاص طور پر غریب اور محروم طبقات کے لئے راہیں مسدود کرتی اور ان کی زندگیوں کو اذیت اور غیرمساوی برتاؤ کے زہر سے بھر دیتی ہے، اس کے نتیجے میں ترقی پزیر ممالک سے ناجائز دولت بڑی مقدار میں بیرون ملک چلی جاتی ہے، اس پر مستزاد معاشی خساروں کا بھاری بوجھ پیدا ہوتا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ مالیاتی جوابدہی، شفافیت اور ساکھ پر اقوام متحدہ کے اعلی سطحی پینل نے تخمینہ لگایا ہے کہ لوٹ کی7 کھرب ڈالر کی خطیر رقم مالیاتی طور پر دوردراز ”محفوظ ٹھکانوں“ میں چھپائی گئی ہے، منظم لوٹ مار اور ناجائز اثاثوں کی غیرقانونی منتقلی کے ترقی پزیر اقوام پر بے پناہ منفی اثرات ونتائج مرتب ہوئے ہیں، اس بات میں کوئی مبالغہ آرائی نہیں کہ عوامی خزانے سے لوٹی گئی اس دولت سے تعمیر و ترقی کیلئے درکار، ضروریات کو پورا کیاجاسکتا تھا، عوام کو غربت سے چھٹکارا دلایاجاسکتا تھا، بچوں کو تعلیم فراہم ہوسکتی تھی، ان رقوم سے، خاندانوں کو ضروری ادویات فراہم کی جاسکتی تھیں اور ہر روز موت کے منہ میں جاتے ہزاروں افراد کوبچایا جا سکتا تھا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا عالمی وبا نے موجودہ عدم مساوات کی خلیج کو مزید بڑھادیا ہے، لاکھوں لوگوں کو بدترین غربت میں دھکیل دیا ہے اور لاکھوں لوگ اس کے نتیجے میں روزگار سے محروم ہوچکے ہیں، ان حالات میں کرپشن اور ناجائز سرمائے کے بہاؤ کو جاری رہنے دینا کسی جرم سے کم نہیں، قومی اور عالمی سطح پر فوری اور بھرپور کارروائی کی ضرورت ہے تاکہ ترقی پزیر ممالک کا بہتا لہو بند ہوسکے۔

وزیرخارجہ نے  مزید کہا  کہ کرپشن کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن کو منظور ہوئے 15 سال گزر چکے ہیں، یہ کنونشن اس وقت انسداد رشوت ستانی کا واحد عالمی قانون ہے، انسداد رشوت ستانی پر اقوام متحدہ کے اس کنونشن کی واضح شقوں کے باوجود بدقسمتی سے لوٹی گئی دولت اور اثاثہ جات کی برآمدگی اور ان کی متعلقہ ممالک کو تیز رفتار واپسی کے عمل میں بہت سی رکاوٹیں حائل ہیں، ناجائز دولت کے بہاؤ کو روکنے، برآمدگی اور لوٹے گئے اثاثوں کی واپسی پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں وسائل کی فراہمی کی صورت نہایت کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم یہ زور دیتے آرہے ہیں کہ جن ممالک میں لوٹی گئی دولت رکھی گئی ہے، وہ ممالک برآمد ہونے والے اثاثے شرائط کے بغیر ان ممالک کو واپس لوٹائیں جہاں سے یہ دولت لوٹی گئی ہے، ہمیں اقوام متحدہ کے انسداد رشوت ستانی کے کنونشن کے تحت برآمد ہونے والی ناجائز دولت کے ضمن میں اضافی پروٹوکول (ضابطے) کے امکان کی راہ بھی تلاش کرنی چاہئے تاکہ اس عالمی قانون کی معاونت ممکن ہوسکے۔

تحریک انصاف کی سکروٹنی کمیٹی رپورٹ بارش کا پہلا قطرہ ہے: حمزہ شہباز

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ بارش کا پہلا قطرہ ہے۔

فارن فنڈنگ سکروٹننی کمیٹی کی رپورٹ پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پچھلے سات سالوں سے ان تحقیقات کو رکوانے کی تگ و دو میں مصروف عمران خان کے کارنامے قوم کے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ دوسروں پر من گھڑت الزامات عائد کرنے والوں کے خلاف مستند رپورٹ چوری ، خورد برد اور مشتبہ ذرائع سے فنڈنگ کی نشاندہی کرتی ہے۔ اس ہیر پھیر کی تہہ تک پہنچنا اشد ضروری ہے، قوم کے سامنے حقائق آنے چاہئیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ فراڈ کروڑوں سے شروع ہوا ہے اور اربوں روپے تک جائے گا، تبدیلی کا اصل چہرہ سامنے آنے پر لوگوں کے ہوش اڑ جائیں گے۔ تہلکہ خیز رپورٹ میں تصدیق ہو گئی کہ پی ٹی آئی نے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے فنڈز حاصل کیے، فنڈز کو کم دکھایا اور درجنوں بینک اکاؤنٹس چھپائے۔

خاتون مداح کا آریز احمد سے شادی کے روز انوکھی خواہش کا اظہار

اداکار آریز  احمد سے خاتون مداح نے شادی کے روز انوکھی خواہش کا اظہار کردیا۔

انسٹاگرام اسٹوری پر اداکار آریز احمد کی جانب سے ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے خاتون مداح کی خواہش پر رد عمل کا اظہار کیا گیا۔

انسٹا اسٹوری پر خاتون نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ حبا آپی آپ اپنی شادی والے دن آریز بھائی سے کہنا کہ ہمیں ہاتھ پکڑ کر گول گول گھمائیں کیوں کہ ہمیں ایک بہت اچھی ویڈیو بنانی ہے لہٰذا آریز بھائی ہمیں ہاتھ پکڑ کر گول گول گھمائیں۔

اداکار آریز احمد نے انسٹا اسٹوری پر  مداح کی خواہش کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ  ’ جی ٹھیک ہے ‘۔

خیال رہے کہ اداکارہ حبا بخاری اور آریز احمد کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے، سوشل میڈیا پر  دونوں اداکاروں کی مایوں سے لی گئی تصاویر وائرل ہیں ۔

ایف بی آر نے کسی بھی چیزکی پرچون قیمت پرسیلز ٹیکس لگانے کا اختیارمانگ لیا

ایف بی آر نے کسی بھی چیزکی پرچون قیمت پرسیلزٹیکس عائد کرنے کا اختیارمانگ لیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں ایف بی آر حکام نے بتایا کہ نئی ترامیم کے ذریعے ایک ہزار گز سے کم دکان پر بھی پی او ایس لگانا پڑے گا کیونکہ کئی بڑے کاروبار چھوٹی دکان سے کیے جارہے ہیں۔

سینیٹر فیصل سبز واری نے پوچھا کہ یہ ترمیم پہلے کیوں نہیں آئی؟ اس پر ایف بی آر حکام نے بتایا کہ ٹیکس بڑھانے کیلئے یہ اقدام کیا گیا،  ہم نے تمام لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے اور ہم ڈیٹا دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے مارکیٹ میں اضطراب پیدا ہوگا، اس نظام کو ابھی 6 ماہ ہوئے ہیں، اس لیے ترمیم نہ کی جائے جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اس ترمیم کو آئندہ سال کے بجٹ تک مؤخر کردیا ہے۔

شمالی کوریا نے ہائپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا

میزائل سے 700 کلومیٹر دور ایک مقررہ ہدف کو نشانہ بنایا گیا‘یہ ہائپر سونک میزائل کا دوسرا رپورٹ شدہ تجربہ ہے، جو بیلسٹک میزائل سے زیادہ دیر تک پتہ لگانے سے بچ سکتا ہے‘سرکاری ٹی وی کے سی این اے کی رپورٹ 

شمالی کوریا نے ہائپرسونک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا جو اس سال کا پہلا بڑا ہتھیاروں کا تجربہ ہے۔ نارتھ کوریا کے سرکاری ٹی وی کے سی این اے کے مطابق اس نے 700 کلومیٹر (434 میل) دور ایک مقررہ ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔یہ ہائپر سونک میزائل کا دوسرا رپورٹ شدہ تجربہ ہے، جو بیلسٹک میزائل سے زیادہ دیر تک پتہ لگانے سے بچ سکتا ہے۔یہ ٹیسٹ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس کے رہنما کم جونگ ان نے پہلے پیانگ یانگ کے دفاع کو مضبوط کرنے کا عزم کیا تھا۔مسٹر کم نے نئے سال کی تقریر میں کہا کہ پیانگ یانگ جزیرہ نما کوریا میں بڑھتے ہوئے غیر مستحکم فوجی ماحول کی وجہ سے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنا جاری رکھے گا۔شمالی کوریا نے جنوبی کوریا اور امریکہ کے ساتھ تعطل کے مذاکرات کے درمیان گزشتہ سال مختلف قسم کے میزائلوں کا تجربہ کیا تھا۔پیانگ یانگ اس ہتھیار کو تیار کرنے کی کوششوں میں امریکہ اور چین سمیت بہت سے ممالک کے ساتھ شامل ہوتا ہے۔سیﺅل میں دفاعی حکام کی طرف سے اس کی تصدیق کرنے سے پہلے جاپانی کوسٹ گارڈ کے ذریعہ تازہ ترین لانچ کا پتہ لگایا گیا۔کے سی این اے کے مطابق ٹیسٹ میں “ہائپرسونک گلائیڈنگ وار ہیڈ” جس نے 700 کلومیٹر (430 میل) دور ہدف کو نشانہ بنایا۔شمالی کوریا کی سرکاری ٹی وی نے کہا کہ ٹیسٹ نے فلائٹ کنٹرول اور سردیوں میں کام کرنے کی صلاحیت جیسے اجزاء کی بھی تصدیق کی۔ہائپرسونک ہتھیار عام طور پر بیلسٹک میزائلوں سے کم اونچائی پر اہداف کی طرف اڑتے ہیں اور آواز کی رفتار سے پانچ گنا زیادہ یا تقریباً 6,200 کلومیٹر فی گھنٹہ (3,850 میل فی گھنٹہ) حاصل کر سکتے ہیں۔

سڑکوں کی تعمیر، قوم کا پیسہ بچانے پر وزارت مواصلات مبارکباد کی مستحق ہے ، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان نے قوم کا پیسہ بچانے اور ن لیگ کی حکومت کے مقابلے میں 138 فیصد کم لاگت پر چار رویہ سڑک کی تعمیر پر وزارت مواصلات اور این ایچ اے کو مبارک دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزارت اور این ایچ اے شفاف طریقہ کار سے قومی پیسہ بچانے پر مبارک باد کے مستحق ہیں، چار لین ہائی وے کی تعمیر پر ن لیگ حکومت کے مقابلے میں 138 فیصد لاکت کم آئی، این ایچ اے کا ریونیو بڑھا، پانچ ارب سے زائد کی زمین قبضہ مافیا سے چھڑائی، عالمی مہنگائی اور قیمتیں بڑھنے کے باوجود یہ کامیابی قابل تحسین ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم سے جھوٹی تقاریر، ٹویٹس پر استعفی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ‎عمران صاحب، قوم کو آپ کے بے تکے بھاشن اور جھوٹ نہیں، استعفی چاہئے، عمران صاحب آج غیر قانونی فارن فنڈنگ کا جواب دینا تھا، سڑکوں پر ٹویٹ نہیں، ٹویٹ اب صرف استعفی دینے کا کریں، اب عوام کو کوئی نیا جھوٹ فریب اور مکاری نہیں چاہئیے، جو سڑکیں اور موٹر ویز نواز شریف بنا گیا وہ کسی وزیراعظم نے نہیں بنائیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جھوٹی ٹویٹس سے سڑکیں بنتی ہیں اور نہ ہی فارن فنڈنگ کا ڈاکہ چھپتا ہے، ‎قوم کو بتائیں کہ فارن فنڈنگ کیس کی تلاشی میں آپ چور ثابت ہوئے ہیں، آپ نے کن غیرملکی کمپنیوں اور افراد سے کتنے ڈالر کھائے، دو ارب روپے زائد کی فارن فنڈنگ چوری کا جواب دیں، استعفی دیں اور قانون کا سامنا کریں، بتائیں کن، کتنے غیر ملکیوں سے کتنی فنڈنگ لی ہے، آج تک اپنی غیر قانونی، غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات کیوں جمع نہیں کروائیں، بتائیں سات سال الیکشن کمیشن سے کیوں مفرور رہے، آج تک فارن فنڈنگ کی کوئی معلومات نہیں دیں۔

ٹیم میں سب سے زیادہ کون کھاتا ہے؟ فخر نے ساتھی کھلاڑیوں کا پول کھول دیا

قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر فخر زمان نے ایک انٹرویو کے دوران ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوالے سے کچھ دلچسپ انکشافات کیے۔

 فخر زمان سے کچھ سوالات کیے گئے جن کے جواب میں کرکٹر کو ایسے کھلاڑیوں کے نام لینے تھے جن میں وہ عادتیں یا خصوصیات ہوں۔

فخر زمان سے پوچھا گیا کہ ٹیم کے ایسے کھلاڑی کا نام بتائیں جو ہر وقت ماحول کو ہلکا رکھتا ہے اور جگتیں مار کے لوگوں کو محظوظ کرتا ہو۔

 فخر نے بتایا کہ اس کیٹیگری میں پہلے نمبر پر اسپنر محمد نواز اور دوسرے نمبر پر فاسٹ بولر حارث رؤف ہیں۔

‘حارث رؤف بہت لمبی لمبی چھوڑتے ہیں’

فخر نے حارث رؤف سے متعلق مزید بتایا کہ وہ بہت لمبی لمبی باتیں کرتے ہیں، ہم لوگ ان کی باتیں ایک کان سے سن کے دوسرے کان سے نکال دیتے ہیں۔

قومی کرکٹر نے انکشاف کیا کہ عثمان شنواری وہ کھلاڑی ہیں جو ادھر کی بات ادھر کرتے ہیں، وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اگر کوئی بات انہیں پتا چلی ہے تو وہ پوری دنیا کو پتا ہونی چاہیے۔

سب سے زیادہ کون کھاتا ہے؟

دوران انٹرویو فخر نے بتایا کہ محمد حسنین بہت زیادہ کھاتے ہیں، سب اٹھ جاتے ہیں اور وہ بیٹھے رہتے ہیں حالانکہ ان کی صحت کو دیکھ کر نہیں لگتا کہ وہ بہت زیادہ کھاتے ہوں گے اور کھانا ختم ہونے کے بعد جب کمرے میں جاتے ہیں تو وہ 10 منٹ بعد ہی اپنے پاس سے کوئی چیز نکال کے کھانے لگتے ہیں۔

ٹیم میں سب سے زیادہ اچھی موسیقی کس کی ہے؟

فخر زمان نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ اچھے کا تو نہیں پتا لیکن سب سے زیادہ بری شاداب خان کی ہے، وہ عجیب و غریب گاتا ہے، اسے کہتا ہوں کہ تمہاری آواز میں درد ہے لیکن سر والا درد ہے۔

خواتین میں کونسا کھلاڑی زیادہ مقبول ہے؟

خواتین مداح میں مقبولیت کے حوالے سے فخر نے کہا کہ مجھے لگتا ہے امام الحق سب سے زیادہ شہرت رکھتے ہیں اور محمد رضوان دوسرے جہان سے ہیں، ان کے ان باکس میں پیغامات موصول ہوتے رہتے ہیں لیکن وہ کھول کر ہی نہیں دیکھتے۔

سعودی فورسزنے حوثی باغیوں کا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا

ریاض:  سعودی فورسزنے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کی طرف کیا گیا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا۔

سعودی عرب کی زیرقیادت عرب اتحاد کے ترجمان کے مطابق سعودی فورسزنے حوثیوں باغیوں  کی جانب سے بھیجا گیا  ڈرون  ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا۔ ڈرون تباہ کرنے کا واقعہ آج صبح سویرے پیش آیا۔

حوثی باغیوں نے ڈرون حملہ یمن سے کیا تھا ۔ اس سے قبل بھی حوثی باغی ڈرونز کے ذریعے سعودی عرب کے مختلف علاقوں کونشانہ بنانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔

عرب اتحاد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی شہریوں کی حفاظت کے لئے سعودی فورسزکے پاس تمام آپریشنل آپشنز موجود ہیں۔